سپریہ سُلے نے طنزاًکہا کہ ’’میں پچھلے۱۲؍سال سے یہی سب کچھ سن رہی ہوں،کبھی افواہ اڑائی جاتی ہے کہ میں مرکزی وزیر بن رہی ہوں، کبھی کہاجاتا ہے کہ میں وزیراعلیٰ بن رہی ہوں۔‘‘
EPAPER
Updated: November 26, 2026, 3:51 PM IST | Inquilab News Network/Agency | Mumbai
سپریہ سُلے نے طنزاًکہا کہ ’’میں پچھلے۱۲؍سال سے یہی سب کچھ سن رہی ہوں،کبھی افواہ اڑائی جاتی ہے کہ میں مرکزی وزیر بن رہی ہوں، کبھی کہاجاتا ہے کہ میں وزیراعلیٰ بن رہی ہوں۔‘‘
مہاراشٹر کی سیاست میںاین سی پی (شرد چندر پوار) کے این ڈی اے میں شامل ہونے اور اقتدار کی نئی سیاسی مساوات پر قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہے۔ اس معاملے پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) کی رکن پارلیمنٹ سپریا سلے نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ سپریا سلے نےبدھ کے روز سیاسی گلیاروں اور میڈیا میں گردش کرنے والی ان قیاس آرائیوں اوراس سےمبنی خبروں کو یکسر مسترد کردیا، جن میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ شرد پوار نے بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے کی حمایت کرنے اور حد بندی بل کی تائید کرنے کے بدلے مہاراشٹر میں ان کے لئے( سپریہ سُلے کیلئے) وزیر اعلیٰ کے عہدے کا مطالبہ کیا ہے۔
ریاست کے اولین وزیر اعلیٰ آنجہانی یشونت راؤ چوہان کو ستارا میں ان کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعدذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سپریا سلے نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔ اپنے سیاسی مستقبل کے حوالے سے بدلتی ہوئی قیاس آرائیوں پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے یہ افواہیں تھیں کہ انہیں مرکزی وزیر بنایا جاسکتا ہے اور اب وزیر اعلیٰ بنائے جانے کی باتیں ہورہی ہیں۔وزیر اعلیٰ کے عہدے سے متعلق سوال پر سپریا سلے نے سخت لہجے میں کہا، ’’گزشتہ۱۲؍ بسال سے میری حلف برداری کی خبریں چل رہی ہیں۔ میرے ساتھ ایسا ناانصافی نہ کریں۔۲۰۱۴ء سے ہی مجھے وزیر اعلیٰ بنایا جارہا ہے۔ مجھے ان تمام باتوں میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ مجھے صرف اس بات کا افسوس ہے کہ کوئی بھی مجھ سے ان پالیسی ساز امور کے بارے میں سنجیدگی سے سوال نہیں کرتا، جن کے لیے مجھے پارلیمنٹ میں منتخب کرکے بھیجا گیا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: آسٹریلوی سینیٹ میں بچی کو گود میں لے کر تقریر، ساتھی سینیٹر ’پیکابو‘ سے بچی کو بہلایا
شرد پوار گروپ کی رکن پارلیمنٹ سپریا سلے نے مزید کہا کہ میں فی الحال چار مشترکہ پارلیمانی کمیٹیوں (جے پی سی) اور قومی اقتصادی پالیسی مرتب کرنے والی ایک مالیاتی کمیٹی میں کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر اس وقت خشک سالی کی صورتحال کا سامنا کررہا ہے، جبکہ جے پی سی میں زیر بحث اہم قومی بل شہریوں کی روزمرہ زندگی پر براہ راست اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان مسائل پر ان سے سوالات کیے جائیں تو انہیں خوشی ہوگی۔پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے قبل سیاسی حلقوں میں یہ بحث جاری تھی کہ شرد پوار کی قیادت والی این سی پی، این ڈی اے کے ساتھ جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ وہ حد بندی بل اور خواتین کے ریزرویشن بل پر مودی حکومت کی حمایت بھی کرسکتی ہے۔ اس سے ایک روز قبل سپریا سلے نے ان خبروں کی بھی تردید کی تھی، جن میں کہا جارہا تھا کہ این ڈی اے میں شامل ہونے سے پہلے شرد پوار سیاست سے سبکدوش ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے ان دعوؤں کو مکمل طور پر غلط قرار دیتے ہوئے یاد دلایا کہ راجیہ سبھا کے رکن کی حیثیت سے شرد پوار کی مدت کار کے ۵؍سال باقی ہیں۔تاہم سپریا سلے نے یہ اشارہ بھی دیا تھا کہ ان کی پارٹی حد بندی بل پر غور کرنے کیلئے تیار ہے، بشرطیکہ تمام ریاستوں کیلئے یکساں فارمولہ اختیار کیا جائے اور خواتین کے ریزرویشن کو نافذ کیا جائے۔
این سی پی (شرد) میں اختلافات؟ سپریہ سُلے نے ہنگامی میٹنگ طلب کی
این سی پی (شرد چندر پوار) میں اندرونی اختلافات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ پارٹی میں جاری تنازع اب دو دھڑوں میں تقسیم ہونے کی طرف اشارہ کررہا ہے۔ اسی درمیان پارٹی کی قومی کارگزار صدر سپریا سلے نےآج ۲۶؍ نومبر۲۰۲۶ء کو پارٹی لیڈران کی ایک اہم ہنگامی میٹنگ طلب کی ہے۔جس میں پارٹی کے سینئر لیڈران، ضلع صدور اور اہم عہدیداروں کو شرکت کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ میٹنگ ایسے وقت میں طلب کی گئی ہے جب پارٹی کے اندر روہت پوار کی مجوزہ کسان تحریک کے تناظر میں اندرونی اختلافات کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔ قیاس ہے کہ میٹنگ میں مجوزہ کسان تحریک کی حکمت عملی اور پارٹی لیڈران کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کو دور کرنے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اس میٹنگ میں پارٹی کے بانی شرد پوار بھی شرکت کریں گے۔ اس دوران وہ ریاست کے مختلف علاقوں میں خشک سالی کی زمینی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ میٹنگ میں کسانوں کے مسائل اور انہیں راحت پہنچانے کے اقدامات پر بھی گفتگو ہونے کا امکان ہے۔پارٹی کی آئندہ حکمت عملی طے کرنے اور تنظیم کے اندر اتحاد برقرار رکھنے کے نقطہ نظر سے اس میٹنگ کو انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سورَو داس کے پاسپورٹ کی تفصیلات لیک، BJP سے وابستہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر الزام
شردپوار کے متعلق کس نے کیا کہا؟
اگر شرد پوار۲۰۱۹ء کے لوک سبھا انتخابات کے وقت این ڈی اے میں شامل ہوگئے ہوتے تو وزیر اعظم نریندر مودی انہیں صدر جمہوریہ بنا دیتے۔ وزیر اعظم مودی شرد پوار کا بہت احترام کرتے ہیں۔میں نے خود کئی مرتبہ شرد پوار سے اپیل کی تھی کہ وہ۲۰۱۹ء میں کامن منیمم پروگرام کے تحت این ڈی اے میں شامل ہوجائیں، لیکن اس وقت بات نہیں بن پائی تھی۔
-رام داس اٹھاؤلے، آرپی آئی سربراہ
پوار صاحب کی پارٹی کے این ڈی اے کا حصہ بننے کے بارے میں جو قیاس آرائیاں ہیں ، اس پر مجھے یہ لگتا ہے کہ ایسا نہیں ہوسکتا،میرے خیال میں شرد پوار این ڈی اے میں شامل نہیں ہوں گے۔ لیکن ہاں یہ بات یاد رہے کہ وہ شرد پوار ہیں، اس لئے کوئی بھی نہیں بتا سکتا کہ وہ مستقبل میں کیا فیصلہ کریں گے۔
-چھگن بھجبل، این سی پی اجیت لیڈر
میری شرد پوارصاحب سے کئی مرتبہ بات ہوچکی ہے۔ پوار صاحب کی زندگی وزیر اعظم مودی اور امیت شاہ جیسے لوگوں کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے گزاری ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی مہاتما پھلے، شاہو مہاراج اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے نظریات کو فروغ دینے کے لئے وقف کی ہے۔ مہاراشٹر میں ان نظریات کی تشہیر اور اشاعت کا کام کیا ہے۔ ایسے میںمجھے نہیں لگتا کہ شرد پوار کبھی بھی ایسی طاقتوں کے ساتھ جائیں گے، جن سے ملک یا مہاراشٹر کو نقصان پہنچ سکتا ہو۔ پوار صاحب ایسا کبھی نہیں کریں گے اور نہ ہی سپریا سلے ایسا کریں گی۔
-سنجےراؤت، شیوسینا یوبی ٹی لیڈر اور رکن پارلیمان