شینزین سربراہی اجلاس کے نتائج عالمی سطح پر ٹرمپ کی پوزیشن کو کمزور کرسکتے ہیں کیونکہ وہ اپنی صدارت کے آخری اور نسبتاً کمزور مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں:تجزیہ کار۔
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 1:49 PM IST | Agency | Washington
شینزین سربراہی اجلاس کے نتائج عالمی سطح پر ٹرمپ کی پوزیشن کو کمزور کرسکتے ہیں کیونکہ وہ اپنی صدارت کے آخری اور نسبتاً کمزور مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں:تجزیہ کار۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ بین الاقوامی سربراہی اجلاسوں سے وابستہ تقریبات اور پروٹوکول سے ہمیشہ لطف اندوز ہوتے رہے ہیں لیکن ذاتی سفارت کاری کے ذریعے بڑے نتائج حاصل کرنے کے ان کے وعدوں کے باوجود بعض اوقات ایسی میٹنگوں سے انہیں محدود کامیابیاں ہی ملتی ہیں۔
متعدد تجزیہ کاروں کے مطابق گزشتہ روز چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ان کی ملاقات نے اس طرز سفارت کاری کی حدود کو نمایاں کردیا۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق تینوں لیڈر اگرچہ ایک علامتی اعلان پر متفق ہوئے جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جوہری جنگ کبھی نہیں لڑی جانی چاہئے لیکن انہوں نے جوہری ہتھیاروں کی تحدید سے متعلق مذاکرات شروع کرنے کے کسی منصوبے کا اعلان نہیں کیا، حالانکہ ٹرمپ طویل عرصے سے اس کے لئے کوشش کرتے رہے ہیں۔
اسی طرح ایران، یوکرین اور تائیوان جیسے اہم معاملات پر بھی کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی جبکہ تجارت اور مصنوعی ذہانت سے متعلق اختلافات میں کمی کے بھی آثار دکھائی نہیں دیئے۔
یہ بھی پڑھئے: سینیٹ: ٹرمپ کے جنگی اختیارات محدود کرنے کی کوشش مسترد
اس کے بجائے تینوں لیڈروں نے اپنے بنیادی اختلافات کو پس پشت ڈالنے پر اکتفا کیا۔ شی جن پنگ بڑی طاقتوں کے اس اجلاس کی میزبانی کے ذریعے اپنی سفارتی شبیہ کو مزید مستحکم کرنے میں کامیاب رہے جبکہ پوتن نے روس کی نسبتاً کمزور معاشی حیثیت کے باوجود اسے دنیا کی دو طاقتور ترین ریاستوں کے لیڈروں کے ہم پلہ پیش کیا، وہ بھی کسی بڑی رعایت کے بغیر۔
بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ شینزین سربراہی اجلاس کے نتائج عالمی سطح پر ٹرمپ کی پوزیشن کو کمزور کرسکتے ہیں کیونکہ وہ اپنی صدارت کے آخری اور نسبتاً کمزور مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں جبکہ اس اجلاس سے واشنگٹن کے دو نمایاں حریفوں کو سفارتی تقویت ملی ہے۔
واشنگٹن کے اسٹیمسن ریسرچ سینٹر کے سینئر محقق کرسٹوفر پریبل نے کہا کہ ٹرمپ ہمیشہ پروٹوکول کی تقریبات اور دنیا کی اہم ترین شخصیات کے ساتھ بیٹھنے کو پسند کرتے رہے ہیں اور اس اجلاس میں انہیں یہ موقع حقیقتاً حاصل ہوا لیکن پریبل کے مطابق ٹرمپ کسی بھی اہم معاملے پر کوئی بنیادی پیش رفت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔