• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

عالمی عدالت کا تاریخی فیصلہ اور روہنگیا

Updated: November 20, 2026, 3:33 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

عالمی عدالت گامبیا کے دائر کردہ مقدمہ پر فیصلہ سناچکی ہے۔ مقدمہ کا تعلق روہنگیاؤں سے ہے اور عدالت کو یہ طے کرنا تھا کہ میانمار کی حکومت نسلی تطہیر یا نسل کشی (جینوسائڈ) کی مجرم ہے یا نہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

عالمی عدالت گامبیا کے دائر کردہ مقدمہ پر فیصلہ سناچکی ہے۔ مقدمہ کا تعلق روہنگیاؤں سے ہے اور عدالت کو یہ طے کرنا تھا کہ میانمار کی حکومت نسلی تطہیر یا نسل کشی (جینوسائڈ) کی مجرم ہے یا نہیں۔ میانمار کی مغربی ریاست رخائن میں صدیوں سے آباد یہ مسلم اقلیتی برادری، جسے ۱۹۸۲ء کے شہریت قانون کے ذریعہ ملک کا شہری ماننے سے انکار کر دیا گیا تھا، میانمار کی فوج کے شدید ظلم و ستم کا شکار رہی۔ چار دہائیوں سے زیادہ کے عرصہ میں یہ برادری، جو اپنے ہی وطن میں بے وطن ہوکر رہ گئی، فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کی زد پر رہی جس میں قتل عام جیسی انتہائی درجے کی کارروائی بھی شامل تھی بالخصوص ۲۰۱۷ء کا فوجی کریک ڈاؤن، جس میں ہزاروں روہنگیا شہریوں کو قتل کیا گیا۔ اسی وجہ سے بہت سے روہنگیا نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔ کوئی سوچ بھی سکتا ہے کہ انہوں نے کس خوف و ہراس کے عالم میں اور کس طرح سر پر کفن باندھ کر نقل مکانی کی!

یہ بھی پڑھئے: سائبر ٹھگی کا ایک ہی علاج، بینک بھرپائی کرے

اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں پناہ لینے والے روہنگیا شہریوں کی مجموعی تعداد ساڑھے سات لاکھ کے آس پاس ہے۔ اقوام متحدہ کے ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن کے مطابق ۲۰۱۷ء میں روہنگیا مسلمانوں کے ۳۹۲؍ دیہاتوں پر بلڈوزر چلا دیا گیا۔ اس سے قبل اور اس دوران تشدد کا جو بازار گرم کیا گیا وہ الگ ہے۔ بعض روہنگیا گروہوں کا اندازہ ہے کہ ۳۰؍ ہزار سے زیادہ افراد کو، جن میں بچے بھی شامل تھے، مار ڈالا گیا اور ہزاروں خواتین کی آبرو ریزی کی گئی۔ میانمار فوج کے ان سفاکانہ اور انسانیت سوز مظالم کے خلاف عالمی برادری کو فوراً حرکت میں آنا چاہئے تھا۔ ساری دنیا جان رہی تھی کہ میانمار کی فوج اور حکومت کے ہاتھ بے گناہوں کے خون سے رنگے ہیں۔ اقوام متحدہ کے آزادانہ فیکٹ فائنڈنگ مشن کی رپورٹ کسی سے مخفی نہیں تھی۔ کہا جاتا ہے کہ حکومت ِامریکہ اس کا اعتراف کر چکی تھی جبکہ ’’کرائم اگینسٹ ہیومانٹی اینڈ جینوسائڈ‘‘ جیسے ادارے اس کے خلاف تشویش کا اظہار کر چکے تھے۔ اس کے باوجود روہنگیا آبادی پر مظالم کا سلسلہ نہ صرف یہ کہ دراز رہا بلکہ جب ان میں سے کئی ہزار لوگ جان ہتھیلی پر لے کر گھروں سےنکلے اور کشتیوں کے ذریعہ پڑوسی ملک کا رُخ کیا تب بھی کسی کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی۔ یہ بے حسی، جو عالمی برادری کا شناخت نامہ بن چکی ہے، آج بھی قائم ہے اور کوئی اُن روہنگیاؤں کے بارے میں نہیں سوچتا جو یا تو آج بھی اپنی سرزمین پر ہیں اور ظلم و ستم کی چکی میں پس رہے ہیں یا دیگر ملکوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ مفادات کا غلبہ بینائی چھین لیتا ہے۔ پھر کچھ دکھائی نہیں دیتا۔ مفادات کا غلبہ ہی سماعت سے محروم کردیتا ہے۔ پھر کچھ سنائی نہیں دیتا۔ یہی حال اقوام عالم کا ہے۔ 

عالمی عدالت کے فیصلے سے میانمار کی حکومت تو آئینے میں آگئی جو روہنگیا آبادی کو جرائم پیشہ، جنگجو اور نہ جانے کیا کیا کہتی آئی ہے، مگر کیا اس فیصلے سے زمینی حالات بدلیں گے؟ کیا میانمار بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیاؤں کو واپس لے گا؟ کیا ظلم ڈھانے والے کیفرکردار کو پہنچیں گے؟ اس کا جواب جلد ملنا چاہئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK