• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نئی حد بندی بل سیاسی وفاداری کا امتحان

Updated: November 28, 2026, 1:39 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

پارلیمنٹ کے اجلاس کے اختتام کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ یہ خلافِ معمول تھا۔ ۱۰۰؍ دن گزر چکے تھے جس کے پیشِ نظر اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو بار بار متوجہ کیا جا رہا تھا مگر حکمراں جماعت کی خاموشی برقرار تھی۔

Prime Minister Modi, Amit Shah, and Rajnath Singh can be seen in the cabinet meeting. Photo: INN
کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم مودی، امیت شاہ اور راج ناتھ سنگھ کو دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

پارلیمنٹ کے اجلاس کے اختتام کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ یہ خلافِ معمول تھا۔ ۱۰۰؍ دن گزر چکے تھے جس کے پیشِ نظر اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو بار بار متوجہ کیا جا رہا تھا مگر حکمراں جماعت کی خاموشی برقرار تھی۔ اس سے یہ شبہ پیدا ہو رہا تھا کہ حکومت کوئی ایسا بل لانا چاہتی ہے جس کیلئے دو دن کے نوٹس پر اجلاس بلایا جا سکے۔ اب معلوم ہوا کہ حکومت نئی حد بندی بل لانے کیلئے مانسون اجلاس کے اختتام کا اعلان نہیں کر رہی تھی۔ اس کا شبہ تو سب کو تھا لیکن وثوق کے ساتھ کچھ نہیں کہا جا سکتا تھا۔ بہرحال اب واضح ہو گیا ہے کہ حکمراں جماعت کا منصوبہ کیا ہے۔ یہ وہی بل ہے جو اس سال اپریل میں بھی پیش کیا گیا تھا مگر اسے پارلیمنٹ کی منظوری نہیں مل سکی تھی۔ حکومت نے اس بل کو خواتین ریزرویشن کے موضوع سے جوڑ کر یہ سمجھانے کی کوشش کی تھی کہ اسے خواتین کے ریزرویشن کی فکر ہے مگر اپوزیشن پارٹیوں نے بجا طور پر یاد دلایا کہ خواتین ریزرویشن کا بل پہلے ہی منظور کیا جا چکا ہے جس پر عمل کیا جانا چاہئے اس لئے ضرورت ہے کہ حکومت خواتین ریزرویشن کے پہلے سے منظور شدہ بل کو نافذ کرے مگر اس کا نفاذ نہیں ہوا اور اب ایسا لگتا ہے کہ حکومت ایک بار پھر نئی حد بندی قانون کو خواتین ریزرویشن سے جوڑنا چاہے گی۔ جو بھی ہو ہمیں اس بار بھی نئی حد بندی کی منظوری مشکوک دکھائی دیتی ہے۔ اس میں شک نہیں کہ اپریل میں جب یہ بل پیش کیا گیا اور اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا تب حکومت کے پاس دو تہائی اراکین کی حمایت نہیں تھی۔ تب سے لے کر اب تک کچھ چیزیں بدلی ہیں۔ مثال کے طور پر ترنمول کے ۲۰؍ اراکین این ڈی اے میں شامل ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کتاب، قاری، سپلائی، ڈیمانڈ اور معاشرہ

شیوسینا کے آٹھ اراکین پارلیمان بھی پالا بدل چکے ہیں۔ اب سنا جا رہا ہے کہ این سی پی شرد پوار کے اراکین بھی نئی حد بندی بل کی حمایت کریں گے۔ اس کے باوجود تعداد دو تہائی ہوتی نظر نہیں آرہی ہے۔ حیرت اس بات پر ہے کہ پورے ملک میں ایس آئی آر کے خلاف عوام میں ناراضگی ہے۔ پورے ملک میں مہنگائی سے عوامی زندگی پریشانیوں سے گھری ہوئی ہے۔ پورے ملک میں بے روزگاری کی وجہ سے نوجوانوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ دو ماہ قبل نیٹ کے امتحان میں ہونے والی دھاندلی کی وجہ سے بڑی تعداد میں طلبہ سڑکوں پر تھے مگر حکومت ان میں سے کسی بھی مسئلے کیلئے اپنے سنجیدہ ہونے کا مظاہرہ نہیں کر رہی ہے۔ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بے روزگاری کے لئے ہوسکتا ہے، مہنگائی کے لئے ہو سکتا ہے، الیکشن کمیشن کی زیادتیوں کے خلاف ہو سکتا ہے اور امریکہ سے ہونے والے تجارتی معاہدے کیلئے بھی ہو سکتا ہے کیونکہ یہ سارے مسائل عوامی توجہ کا مرکز ہیں اور عوام ان موضوعات پر حکومت کا موقف جاننا چاہتے ہیں۔ پارلیمنٹ کا سیشن ہو تو ان موضوعات پر ہو۔ جہاں تک نئی حد بندی کا معاملہ ہے اس کو مردم شماری تک مؤخر کیا جانا چاہئے کیونکہ نئی حد بندی کا سوال مردم شماری کے وسیع تر عمل کی تکمیل کے بعد ہی ہوسکتا ہے۔ جو سیاسی جماعتیں، مثلاً این سی پی شرد پوار، حکومت کا ساتھ دینے پر آمادہ ہیں، انہیں پالہ بدلنے سے پہلے دس مرتبہ سوچنا چاہئے کہ ان کے طرز عمل کا کیا نتیجہ نکلے گا۔ جہاں تک ڈی ایم کے کا تعلق ہے ہم نہیں سمجھتے کہ جنوب کی یہ پارٹی نئی حد بندی معاملے میں حکومت کا ساتھ دے گی مگر ایسے دور میں جب سیاسی موقف موسم کی طرح غیر یقینی ہو اور وفاداری موقع محل کی مناسبت سے بدل جاتی ہو، کچھ کہا نہیں جاسکتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK