کتاب میلوں کے انعقاد کا جوش بڑھ رہا ہے۔ نئی نسل کیلئے کتابیں مہیا کرنے کا رجحان بھی فروغ پا رہا ہے مگر مطالعہ کا ذوق و شوق پیدا کئے بغیر کتابیں مہیا کرنا فائدہ مند نہیں ہوسکتا۔ بچوں کو کتاب پڑھنے کی ترغیب دینے والے بڑوں کو خود بھی کتاب پڑھنی چاہئے۔
EPAPER
Updated: November 28, 2026, 1:36 PM IST | Shahid Latif | Mumbai
کتاب میلوں کے انعقاد کا جوش بڑھ رہا ہے۔ نئی نسل کیلئے کتابیں مہیا کرنے کا رجحان بھی فروغ پا رہا ہے مگر مطالعہ کا ذوق و شوق پیدا کئے بغیر کتابیں مہیا کرنا فائدہ مند نہیں ہوسکتا۔ بچوں کو کتاب پڑھنے کی ترغیب دینے والے بڑوں کو خود بھی کتاب پڑھنی چاہئے۔
موسم سرما کی اپنی خصوصیات ہیں۔ اکثر لوگوں کو گرما اور باراں کے مقابلے میں یہ موسم زیادہ پسند ہوتا ہے۔ جن خصوصیات کے سبب اس کی پسندیدگی بدرجہا زیادہ ہے اُن میں حالیہ برسوں میں ایک اور خصوصیت کا اضافہ ہوا ہے۔ وہ ہے کتاب میلوں اور ادبی تقریبات کا انعقاد۔ ملک میں کئی کتاب میلے ایسے ہیں جو برسوں سے جاری ہیں اور ہر سال منعقد کئے جاتے ہیں مگر کئی میلوں کی تاریخ پرانی نہیں ہے۔ یہی حال ادبی میلوں (لٹریری فیسٹیولس) کا ہے۔ یہ بھی عموماً موسم سرما میں منعقد کئے جاتے ہیں۔ اِس وقت بھی ایک کتاب میلہ ممبئی یونیورسٹی (کالینا کیمپس) میں جاری ہے جس کا افتتاح ۲۴؍ نومبر کو ہوا اور اختتام ۲۹؍ نومبر کو ہوگا۔
کتاب میلوں کی تعداد ہی نہیں بڑھی ان کا حجم بھی بڑھ گیا ہے۔ ان میں زیادہ کتب فروش شامل ہونے لگے ہیں اور دستیاب کتابوں کی تعداد بھی زیادہ ہوتی ہے۔ منتظمین جب اس کی خاطر خواہ تشہیر کرتے ہیں تو کتابوں کی فروخت بھی قابل قدر اور قابل ذکر ہوجاتی ہے۔ دس بارہ سال ہوئے ہونگے جب مالیگاؤں میں منعقدہ کتاب میلے میں ایک کروڑ روپے سے زائد کی کتابیں فروخت ہوئی تھیں۔ بھیونڈی کا کتاب میلہ بھی، جو اس کے دو ڈھائی سال بعد رئیس ہائی اسکول گراؤنڈ پر منعقد کیا گیا تھا، اس حال میں بھی خاصا کامیاب تھا کہ اُس وقت نوٹ بندی کے اثرات بالکل تازہ تھے۔ یہ دونوں میلے قومی کونسل برائے فروغ اُردو زبان کے زیر اہتمام منعقد کئے گئے تھے مگر ان کی کامیابی میں مقامی اشتراک و تعاون نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ بلاشبہ کتابیں خریدی جاتی ہیں مگر پڑھی بھی جاتی ہیں یہ سوال میرے ذہن میں تب بھی تھا جب مَیں نے مالیگاؤں کے میلے میں اپنی آنکھوں سے ’’شائقین‘‘ کا جوش و خروش دیکھا تھا اور پھر ویسی ہی کیفیت بھیونڈی میں بھی دیکھنے کو ملی تھی۔ دونوں ہی میلوں میں قومی کونسل کے افسران بہت خوش دکھائی دیئے تھے۔ تب ہی انہوں نے کئی سال پہلے ممبئی کے صابو صدیق گراؤنڈ پر منعقدہ کتاب میلے کی کامیابی کا بھی حوالہ دیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: کتاب، کتاب خانے اور زمین پر رکھ کر کتابوں کی تقسیم
کتاب میلوں کی کامیابی اور کتابوں کے مطالعہ کا ذوق دو الگ باتیں ہیں۔ کتاب اس لئے خرید لی جاتی ہے کہ میلہ بیک وقت تین مراعات فراہم کرتا ہے: رسم دُنیا، موقع اور دستور۔ ان کےباوجود میلے سے خالی ہاتھ واپس جانا بارات میں شامل ہونے مگر تقریب نکاح میں حاضر نہ رہنے جیسا ہے اس لئے لوگ شرما شرمی میں کتاب خریدے بغیر واپس نہیں جاتے۔ بہت سوں میں کتاب پڑھنے کا جذبہ بھی ہوتا ہے اور شوق بھی، مگر کتاب خرید کر گھر پہنچنے کے بعد نہ تو وقت رہتا ہے نہ ہی موقع ملتا ہے اور کتاب سامنے کی کسی میز پر دھری رہ جاتی ہے، بعد ازیں طاق نسیاں میں منتقل ہوجاتی ہے۔ کتاب کے شائقین میں وہ لوگ بھی ہیں جو کتاب نہیں کتابیں خریدتے ہیں مگر خود پڑھنے کیلئے نہیں، کسی مقابلے کے انعام یافتگان میں بطور انعام تقسیم کرنے کیلئے، کسی لائبریری کو عطیہ دینے کیلئے یا کسی دوست یا مہمان کو تحفہ کے طور پر پیش کرنے کیلئے۔ یہ لوگ کتاب خواں نہیں کتاب خواہ ہوتے ہیں۔ ہوسکتا ہے مَیں غلط ہوں مگر میرا احساس یہ ہے کہ وہ کتاب جو خود پڑھنے کیلئے نہیں دوسروں کو دینے کیلئے خریدی جاتی ہے اُسے ’’دوسرے‘‘ بھی نہیں پڑھتے۔
اِدھر ایک جلسے میں اِس مضمون نگار نے معاشرتی مسائل کا احاطہ کرتے ہوئے معاشیات کی طلب اور رسد (ڈیمانڈ اینڈ سپلائی) کی تھیوری کاحوالہ دیا اور کہاکہ ہمارے معاشرہ میں بہت سی چیزوں کی ڈیمانڈ اور سپلائی کا توازن بُری طرح بگڑا ہوا ہے مثلاً نصیحت کرنے والے بہت ہیں (سپلائی زیادہ) مگر نصیحت سننے والے نہیں ہیں (ڈیمانڈ کم)۔ عمل کی ترغیب دینے والے بہت ہیں (سپلائی زیادہ) مگر عمل کرنے والے نہیں ہیں (ڈیمانڈ کم)۔ اسی طرح کتابیں خوب چھپ رہی ہیں (سپلائی زیادہ) مگر کتاب کا قاری نہیں ہے (ڈیمانڈ کم)۔ معاشیات کے اُصول کے مطابق ڈیمانڈ اور سپلائی میں توازن پیدا کیا جانا چاہئے۔ اگر سپلائی بڑھانی ہو تو ڈیمانڈ پیدا کی جانی چاہئے اور اگر پہلے سے موجود ہے تو بڑھانی چاہئے۔
یہ بھی پڑھئے:جارَوا! انڈمان اور نکوبارکی ایک قبائلی آبادی
معاشرہ میں، کتابیں تحفے میں دینے کا اکثر مشورہ دیا جاتا ہے۔ بہت اچھا مشورہ ہے مگر ڈیمانڈ پیدا کئے بغیر سپلائی بڑھانے کے ذیل میں آتا ہے۔ بعض اوقات سپلائی بھی ڈیمانڈ پیدا کرتی ہے مگر تب جب تشہیر کے ذریعہ ڈیمانڈ پر محنت کی جاتی ہے اور مصنوع یا پروڈکٹ کے محاسن کو (چاہے وہ ہوں یا نہ ہوں یا کم ہوں) تفصیل کے ساتھ کچھ اس طرح پیش یا بیان کیا جاتا ہے کہ تشہیر سے استفادہ کرنے یا اس کی زد میں آنے والے لوگوں میں مصنوع کے خریدنے کی للک پیدا ہوتی ہے۔ جس طرح سپلائی کے بغیر ڈیمانڈ بے معنی ہے اسی طرح ڈیمانڈ کے بغیر سپلائی بے معنی ہے۔ معاشرہ کے حساس لوگوں کو، جو کتابوں کی اہمیت سے واقف ہیں، کتاب میلوں کا انعقاد کرنے، ان کی کامیابی کیلئے تگ و دو کرنے، کتابیں بانٹنے، تحفے میں دینے وغیرہ (سپلائی) کے بجائے کتاب کی ڈیمانڈ پیدا کرنے کی تدابیر پر غور کرنا چاہئے۔ یہ آسان کام ہے۔ کوئی مجھ سے کہے کہ فلاں کتاب پڑھئے تو مَیں نہیں پڑھوں گا مگر کوئی شخص مجھے ایسی باتیں بتائے جو مجھے معلوم نہیں ہیں یا جن میں میری دلچسپی زیادہ ہے، یا جن سے مجھے ایسی باتوں کا علم ہو جو ذہن و دل کو روشن کرتی ہوں تو مَیں اپنے مخاطب پر رشک کروں گا اور وہ کتابیں پڑھنے کی خواہش ظاہر کروں گا جو اُس نے پڑھ رکھی ہیں۔ ایک شخص ہے جو کتاب پڑھنے کی تلقین کرتا ہے، دوسرا ہے جو ماحول بناتاہے تاکہ مخاطب کتاب کا مطالبہ کرے۔ ان میں کون بہتر ہے؟ غور کیجئے قدرت نے پیاس کیلئے پانی کا انتظام کیا یا پانی کیلئے پیاس کا؟
جب تک پیاس نہیں لگتی پانی نہیں پیا جاتا۔ پانی کیا ہے؟ سپلائی ہے۔ پیاس کیا ہے؟ ڈیمانڈ ہے۔ اسی لئے تو علم کی پیاس کہا جاتا ہے، کتابوں کی پیاس نہیں کہتے۔ کبھی آپ نے سنا ’’کتابوں کی پیاس‘‘؟ جبکہ ’’علم کی پیاس‘‘ ہزار بار سنا ہے۔ تشنگانِ علم اور طالبانِ علم کی اصطلاحیں کیا ہیں؟ دونوں کا تعلق ڈیمانڈ سے ہے، سپلائی سے نہیں۔ پھر کیوں موجودہ دور تک آتے آتے اسلاف کی روایت بدل گئی، سپلائی زیادہ ہوئی اور ڈیمانڈ کم؟کون ٹھیک کریگا یہ توازن؟