• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھاراوی ری ڈیولپمنٹ: شاہو نگر کے مکین ناراض، میٹنگ چھوڑکر چلے گئے

Updated: November 20, 2026, 3:22 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

اڈانی، ایس آر اے اور ڈی آر پی نے عوامی بیداری کیلئے ۲؍ روزہ کیمپ لگایا تھا۔ ۳۰؍ دن میں معاہدہ پر دستخط کیلئے زور دیا۔ مکینوں نے اطمینان بخش جواب نہ ملنے کی شکایت کی۔

Disgruntled residents are protesting outside the camp. Photo: Inqilab
ناراض مکین کیمپ کے باہر احتجاج کررہے ہیں۔ تصویر: انقلاب

دھاراوی ری ڈیولپمنٹ کا ٹھیکہ پانے والی اڈانی نو بھارت ڈیولپرس کمپنی نے جمعرات کو ایک پریس ریلیز کے ذریعہ اطلاع دی کہ ان کا ۲؍ روزہ بیداری کیمپ مکمل ہوگیا ہے   ساتھ ہی انہوں نے دھاراوی کے شاہو نگر میں بسنے والے سیکڑوں افراد سے درخواست کی ہے کہ وہ آئندہ ۳۰؍ دن میں ان کے ساتھ ’ری ڈیولپمنٹ‘ کا معاہدہ کرلیں۔ تاہم انقلاب کو معلوم ہوا ہے کہ بی ایم سی اور سرکاری افسران کی عدم موجودگی کی وجہ سے مقامی افراد میٹنگ چھوڑ کر چلے گئے اور اس تعلق سے گفتگو ہی نہیں ہوسکی۔ اڈانی نے پریس ریلیز کے ساتھ ۲؍ تصاویر بھی جاری کی ہیں جن میں گنتی کے چند افراد متعلقہ افسران کے سامنے بیٹھے دکھائی دے رہے ہیںجبکہ اس سے کئی گنا زیادہ افراد میٹنگ چھوڑ کر باہر موجود تھے۔

’’اڈانی کے نمائندوں پر بھروسہ نہیں‘‘

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متذکرہ کیمپ میں محض اڈانی کمپنی کے نمائندے موجود تھے، بی ایم سی افسران، وارڈ آفیسر یا دیگر کوئی سرکاری افسر موجود نہیں تھا۔ ان کے مطابق انہیں اڈانی کے نمائندوں پر بھروسہ نہیں ہے اس لئے ان سے پروجیکٹ کے تعلق سے گفتگو کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ مزید یہ کہ وہ جھوپڑوں میں نہیں پکی عمارتوں میں رہتے ہیں جہاں کھلے میدان، طبی سہولیات اور اسکول وغیرہ سب کچھ پہلے سے دستیاب ہیں۔

ان کے مطابق ان کا بنیادی مطالبہ تو یہ ہے کہ اصل عمارتیں تعمیر ہونے تک انہیں شاہو نگر   ہی میں عارضی ٹرانزٹ کیمپ تعمیر کرکے اس میں منتقل کیا جائے اور پھر اس کے بعد ان کی عمارتوں کو منہدم کرکے دوبارہ اسی جگہ تعمیر کیا جائے۔ وہ چاہتے ہیں کہ اسی جگہ ان کی بازآباد کاری ہو۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہیں اڈانی کمپنی کے نمائندوں کی بات پر یقین نہیں ہے اس لئے وہ کتنی جگہ دیں گے یا کیا سہولیات فراہم کریں گے، اس موضوع پر گفتگو ہی نہیں ہوئی۔ اگر سرکاری افسران موجود ہوں اور انہیں تحریری یقین دہانی کرائی جائے تب وہ اس پر غور و خوض کرسکتےہیں۔

یہ بھی پڑھئے: دیوالی کی تعطیل: دھولیہ بس ڈویژن، آمدنی کے معاملے میں دوسرے مقام پررہا

اڈانی کمپنی کا بیان

جمعرات کو جو پریس ریلیز جاری کی گئی ہے، اس میں دھاراوی ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کیلئے تشکیل دی گئی ’اڈانی نوبھارت ڈیولپرس‘ نے ۲؍ روزہ کیمپ کے تعلق سے صرف اتنا کہا ہے کہ بیداری کیمپ مکمل ہوگیا ہے جس میں افسران نے یہاں کے مکینوں سے گفتگو کرکے اس پروجیکٹ میں شامل ہونے کے فائدے بتائے۔ اس پروجیکٹ میں اہلیت کی شرائط سے آگاہ کیا، بازآباد کاری کس طرح ہوگی اس کی تفصیلات بتائی گئیں، پروجیکٹ کی تعمیر کے دوران متبادل جگہ پر رہائش اور ری ڈیولپمنٹ کی تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ اب پروجیکٹ کو حتمی شکل دینے کیلئے ضروری ہے کہ مقامی افراد سہ فریقی معاہدے پر دستخط کریں یعنی اس معاہدے میں متاثرہ افراد، ’ڈی آر پی‘ (دھاراوی ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ) یا ایس آر اے (سلم ری ہیبلٹیشن اتھاریٹی) اور اڈانی نو بھارت پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان ابتدائی مرحلے میں ’پرماننٹ الٹرنیٹ ایکموڈیشن اگریمنٹ(پی اے اے اے)‘ پر دستخط ہوں گے۔ انہوں نے شاہو نگر کے مکینوںسے درخواست کی ہے کہ وہ آئندہ ۳۰؍ دن میں اس معاہدے پر دستخط کردیں۔ پریس ریلیز کے ذریعہ عوام تک اس درخواست کو پہنچانے کی کوشش سے بھی اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ متذکرہ کیمپ میں وہاں  موجود نمائندوں کی کتنے مقامی افراد سے اور کتنی گفتگو ہوئی ہوگی۔

 

کمپنی مکینوں کوکیا کچھ دینے پر راضی ہے؟
اڈانی کمپنی کے مطابق ۲۷؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو جاری کئے گئے ’جی آر (گورنمنٹ ریزولیوشن)‘ کے مطابق دھاراوی کے اہل مکینوں کو کم از کم ۵۰۰؍ مربع فٹ کے مکان یا پھر ان کے موجودہ گھروں سے ۱ء۳۵؍ فیصد بڑی جگہ پر محیط مکان دیا جائے گا۔ اس میں بھی جو رقبہ زیادہ ہوگا، اہل افراد کو وہ زیادہ جگہ دی جائے گی۔
ان کے مطابق فی الحال شاہو نگر کے مکین ۲۷۵؍ اور ۳۷۵؍ مربع فٹ کے مکانوں میں رہ رہے ہیں۔ انہیں مہاڈا کے ذریعہ تعمیر کی گئی عمارتوں میں متبادل عارضی جگہ ۳۵۰؍ سے ۴۰۵؍ مربع فٹ کی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ متعلقہ افراد چاہیں تو جگہ کے بجائے ۲۲؍ ہزار روپے سے ۳۰؍ ہزار روپے تک کا کرایہ بھی لے سکتے ہیں جس میں ہر سال ۵؍ فیصد کا اضافہ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی انہیں منتقلی کیلئے ایک مرتبہ ۱۵؍ ہزار روپے اضافی بھی دیئے جائیں گے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK