۱۶؍نومبر تک دھولیہ ڈپو کو بغیر مراعات کے۱۵؍ کروڑ۳۰؍ لاکھ۲۴؍ہزار روپے اور مراعات کیساتھ ۲۴؍ کروڑ۵۸؍ لاکھ۵۳؍ ہزار روپے کی آمدنی ہوئی۔
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 3:09 PM IST | Ismail Shad | Dhule
۱۶؍نومبر تک دھولیہ ڈپو کو بغیر مراعات کے۱۵؍ کروڑ۳۰؍ لاکھ۲۴؍ہزار روپے اور مراعات کیساتھ ۲۴؍ کروڑ۵۸؍ لاکھ۵۳؍ ہزار روپے کی آمدنی ہوئی۔
مہاراشٹر اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے دھولیہ ڈویژن نے اس دیوالی کے دوران اضافی بس خدمات کی کامیاب منصوبہ بندی سے آمدنی کی ریکارڈ سطح کو چھولیا ہے۔۴؍ سے۱۶؍ نومبر تک تقریباً۲۰؍ لاکھ مسافروں نے ایس ٹی سے سفر کیا۔ اس کی وجہ سے دھولیہ ڈپو کو بغیر مراعات کے۱۵؍ کروڑ۳۰؍ لاکھ۲۴؍ہزار روپے اور مراعات کے ساتھ۲۴؍ کروڑ۵۸؍ لاکھ۵۳؍ ہزار روپے کی آمدنی ہوئی۔ اس طرح دھولیہ ڈویژن ریاست میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔
دھولیہ ڈویژن نقل و حمل محکمہ کے کنٹرولر پرشوتم تاناجی ویوہارے نےاس ضمن میں کہا کہ یہ کارنامہ منصوبہ بندی، اضافی بس خدمات، افسران اور ملازمین کی محنت کی وجہ سے ممکن ہوا۔ ویوہارے نے کہا کہ اس دیوالی کی تعطیلات کے دوران دھولیہ ڈویژن کی بسوں نے کل۳۸؍ لاکھ۵۲؍ ہزار کلومیٹر کا سفر کیا۔۱۹؍لاکھ۸۰؍ ہزار مسافروں نے ایس ٹی خدمات کا فائدہ اٹھایا۔ اس سے ڈویژن کو بغیر مراعات کے۱۵؍ کروڑ ۳۵؍ لاکھ۲۴؍ہزار روپے اور مراعات کے ساتھ۲۴؍ کروڑ۵۸؍ لاکھ۵۳؍ہزار روپے کی آمدنی ہوئی۔ اس میں سے۸؍ لاکھ۲۵؍ہزار خواتین مسافر، ۵۶؍ ہزار معمر شہری اور ایک لاکھ۷۹؍ہزار امرت اسکیم کے معمر شہری شامل ہیں۔ مسافروں کے بڑھتے ہوئے رش کو دیکھتے ہوئے دھولیہ ڈویژن سے ممبئی، پونے، ناسک، اورنگ آباد ( چھترپتی سمبھاجی نگر)، اکل کوٹ، سورت، اندور، احمد آباد، شیگاؤں، پنڈھر پور، ناگپور وغیرہ جیسے اہم مقامات کے لئے اضافی بسیں چلائی گئی تھیں۔
یہ بھی پڑھئے: ناگپور: ۱۳؍اہم راستوں پر پابندی کیخلاف ای رکشا ڈرائیوروں کا احتجاج
یہ بھی بتایا گیا کہ بس اسٹینڈ پر مسافروں کی بھیڑ کو کنٹرول کرنے اور دیوالی کے دوران ہموار ٹرانسپورٹیشن پلاننگ کے لیے ڈویژنل دفتر کے افسران اور ملازمین کو مختلف بس اسٹیشنوں اور بس اسٹاپوں پر تعینات کیا گیا۔ ان ملازمین نے مسافروں کو ضروری مدد فراہم کی اور بس کے سفر کا صحیح منصوبہ بنایا۔ اس سے نہ صرف مسافروں کو راحت ملی بلکہ آمدنی میں بھی اضافہ ہوا۔ اس شاندار کامیابی میں دھولیہ ڈویژن کے تمام ڈرائیوروں، کنڈکٹرز، میکانیکل اسٹاف، سپروائزری افسران اور ملازمین نے اہم کردار ادا کیا۔ تمام ڈپو کی طرف سے سخت محنت اور منصوبہ بند کام کیا گیا۔ ویوہارے نے کہا کہ مسافروں کو فراہم کی جانے والی فوری خدمات ہی نے دھولیہ ڈویژن کو ریاست میں دوسرا مقام حاصل کرنے کے قابل بنایا۔اس حصولیابی پر ڈویژنل کنٹرولر پروشوتم ویوہارے، میکانیکل انجینئر اجے پاٹل اور ڈویژنل ٹرانسپورٹ آفیسر دلیپ بنجارا نے تمام ڈرائیوروں، کنڈکٹرز ،میکانیکل اسٹاف، ڈپو منیجروں اور نگراں افسران اور ملازمین کو مبارکباد دی اور ان سے اپیل کی کہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
معلوم ہوکہ دھولیہ ڈویژن میں نندوربار ضلع بھی شامل ہے۔دھولیہ ڈویژن کے نو بس ڈپو کی آمدنی کی بنا پر دھولیہ ڈویژن ریاست میں دوسرے نمبر پر رہا جبکہ جلگاوں ضلع نے آمدنی میں ریاست میں اول مقام حاصل کیا ہے۔