بی ایم سی نےکوسٹل روڈ کیلئے ۱۸۴؍ درخت کاٹے ہیں۔ مقامی افراد کے ساتھ فلمی شخصیات نے بھی سخت مخالفت کی۔
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 3:18 PM IST | Saadat Khan | Versova
بی ایم سی نےکوسٹل روڈ کیلئے ۱۸۴؍ درخت کاٹے ہیں۔ مقامی افراد کے ساتھ فلمی شخصیات نے بھی سخت مخالفت کی۔
شہری انتظامیہ نے بھائندر کوسٹل روڈ پروجیکٹ کے ایک انٹرچینج کے کام کیلئےورسوا کے نانا نانی پارک کے ۱۸۴؍ قدیم درختوں کو کاٹنے کے علاوہ ۱۶۴؍ د رختوں کو منتقل کر دیاہے جس سے مقامی افراد میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے ۔یہاںکے بہت سے مکینوںکیلئے یہ صرف پار ک نہیں تھا۔ یہ وہ جگہ تھی جس کی تعمیر میں انہوں نے مدد کی تھی ۔ انہوں نے ان درختوں کو برسوں میں بڑھتے دیکھا تھااور اپنی روزمرہ کی زندگی کا ایک حصہ سمجھتے تھے۔ان درختوں کے کاٹے جانے سے وہ بے حد افسردہ ہیں ۔
اس ضمن میں سوشل میڈیا پر گشت کرنے والی ایک ویڈیو میںفلم’ دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ میں چٹکی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ پوجا روپاریل ان درختوں کے کاٹے جانے پر افسوس کو اظہار کرتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ یہاں کے درخت آثارِ قدیمہ کی حیثیت رکھنے والے تھے۔یہ درخت ۳۵؍سال پرانے تھے۔ یہ ہمارے درخت تھے ،انہیں غیر قانونی طور پر کاٹا گیا ہے ۔یہ درخت ہمارا تحفظ کرتے تھے۔ بی ایم سی نے ان درختو ںکو کاٹ کر ہمارے ماحول کو آلودہ کرنے کا کام کیا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: بی جے پی اورشیوسینا شندے میں دوریاں بڑھنے لگیں
اداکارہ دیا مرزا نے بھی یہاں کی ہریالی کے تباہ ہونے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس پر اپنا ردعمل ظاہر کیاہے۔ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھاہے کہ ’’ان درختوں کوکاٹ کر ہمارے دلوں کو چیر دیا گیا ہے۔‘‘
ورسوا کی علیشا آفتاب خان نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ یہاں کا نانانانی پارک خاص اہمیت کا حامل ہے ۔یہ پارک۲۰۰۱ءمیں بنایا گیا تھا ۔مقامی باشندوں نے بڑی محنت اور محبت سے یہاں درخت لگائے تھے لیکن ان سب کے جذبات کو پامال کرکے بی ایم سی نے ۱۸۴؍ درختوں کو کاٹ دیاہےاور ۱۶۴؍ درختوں کو منتقل کر دیا جس کی وجہ سے فضائی آلودگی کا بڑھنا یقینی ہے ۔ کیا بی ایم سی کےپاس کوسٹل روڈ کیلئے اس پار ک کے علاوہ کوئی اور جگہ نہیں تھی۔‘‘
باقاعدگی سے آنے والوں کیلئے یہاں کے درخت کئی دہائیوں کی یادوں کا حصہ تھے۔ جن درختوں کو کاٹا گیا ہے، ان کی عمر ۳۵؍ سال بتائی گئی ہے جبکہ رہائشیوں کا دعویٰ ہے کہ وہ یہ درخت ۵؍ دہائیوں سے دیکھ رہے تھے۔
بی ایم سی نے بدھ کو بھائندر کوسٹل روڈ پروجیکٹ کے ایک انٹرچینج کے کام کے حصے کے طور پر یہاں کے درختوں کو کاٹ دیاہے ۔یہاں کے ۱۸۴؍ درختوںکو کاٹا گیاہے اور ۱۶۴؍ کو ورسوا کے سات بنگلہ علاقے میں منتقل کیا ہے ۔
رہائشیوں نے اس تجویز کی مخالفت کی تھی اور ایک متبادل مشورہ بھی دیا تھا جس کے بارے میں ان کا خیال تھا کہ اس سے پارک اور آس پاس کی سبز جگہوں پر پڑنے والے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے ۔ فروری ۲۰۲۶ء میں مشاورتی عمل کے دوران تقریباً ۳؍ہزار ۲۰۰؍ اعتراضات اور تجاویز بھی پیش کی گئی تھیں۔
مکینوں کے احتجاج کےباوجود یہاں کے درختوںکو کاٹ دیا گیا ۔رہائشیوں نے جمعرات کو بھی نانا نانی پارک میں چپکو طرز کے احتجاج کا اہتمام کیا۔ مکینوں نے درختوں کو گلے لگا کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔