• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سائبر ٹھگی کا ایک ہی علاج، بینک بھرپائی کرے

Updated: November 20, 2026, 3:25 PM IST | Shamim Tariq | Mumbai

عدالت عالیہ نے اس امکان پر بھی غور کرنے کی بات کہی کہ بینک کی لاپروائی سے ڈجیٹل ٹھگی ہونے پر متاثرہ شخص کو معاوضہ دیا جائے اور لاپروائی کرنے کے سبب ادارے کیخلاف کارروائی بھی ہو۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

سپریم کورٹ نے ڈجیٹل گرفتاری اور سائبر ٹھگی کے معاملے کی سماعت کے دوران کہا ہے کہ بینکوں کو ایسے گاہکوں کے لئے جو سائبر ٹھگی کا شکار ہوتے ہیں سیکوریٹی کوچ کی طرح کام کرنا چاہئے۔ عدالت عالیہ نے اس امکان پر بھی غور کرنے کی بات کہی کہ بینک کی لاپروائی سے ڈجیٹل ٹھگی ہونے پر متاثرہ شخص کو معاوضہ دیا جائے اور لاپروائی کرنے کے سبب ادارے کے خلاف کارروائی بھی ہو۔ راقم الحروف کا خیال بلکہ پختہ عقیدہ ہے کہ بینکوں اور ان کے ذمہ داروں کو پابند کئے بنا اس مرض سے چھٹکارا پایا ہی نہیں جاسکتا۔ بینک افسران کہتے ہیں کہ روپیہ یا چیک آپ نے دیا مگر یہ نہیں دیکھتے کہ کوئی یونہی روپیہ یا چیک نہیں دیتا۔ دھوکہ دینے والے انسپکٹر بننے کا ناٹک رچتے اور قومی بھلائی میں تعاون کرنے کی دہائی یا کسی قریبی عزیز کو قتل کر دینے کی دھمکی دیتے ہیں اور یوں روپیہ اینٹھنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ سپریم کورٹ کا یہ سوال کرنا بھی برحق ہے کہ کسی کے اکاؤنٹ سے غیر معمولی طور پر بڑی رقم نکالے جانے پر بینک وقت رہتے کارروائی کیوں نہیں کرتے؟ سنگاپور نے مشکوک پیمنٹ روکنے کا انتظام کیا ہے۔ برطانیہ میں بھی کسی پیمنٹ پر شک ہوتا ہے تو اس کو کچھ وقت کیلئے روک دیا جاتا ہے۔ ہندوستان میں ایسا کوئی قانون کیوں نہیں ہے؟ اور پھر کسی سیاسی پارٹی یا سول سوسائٹی نے کوئی قدم کیوں نہیں اُٹھایا ہے۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ دھوکہ دھڑی کرنے والوں کا سلسلہ دور تک پھیلا ہوا ہے اور سب آپس میں ملے ہوئے ہیں؟

اسی ہفتہ ایک سماعت کے دوران عدالت عالیہ نے سائبر کرائم (جرائم) کو ڈجیٹل ڈکیتی قرار دیا تھا اور صحیح قرار دیا تھا مگر اس سلسلے میں متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان رابطہ کیوں نہیں ہے۔ فراڈ یا ٹھگی کی شکایت پر فوراً اقدام کیوں نہیں کیا جاتا اور معاوضہ پانے کو شکایت کرنے والے کا حق تسلیم کیوں نہیں کیا جاتا۔ اس قسم کے کئی سوال ہمارے سامنے ہیں جن کے جواب میں مناسب اقدام کئے جانے چاہئیں اور چونکہ حکومت چپ ہے اس لئے عدالت عالیہ کو ہی اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈجیٹل گرفتاری کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ پولیس نے عوام کو آگاہ کرنے کے لئے جگہ جگہ ہورڈنگس بھی لگائی ہیں اس کے باوجود عام لوگ اس کا نشانہ بن رہے ہیں۔ راقم الحروف تو محسوس کرتا ہے کہ کس کے اکاؤنٹ میں کتنی رقم ہے، اکاؤنٹ ہولڈر کس عمر کا ہے اس قسم کی ساری جانکاری بینک افسروں کے ذریعہ ہی ٹھگوں تک پہنچتی ہے اور بعض کیا اکثر معاملات میں وہ بوڑھوں اور بیماروں کو مجبور کر دیتے ہیں کہ وہ بینک کے پاس جائیں جہاں ان کے لوگ پہلے سے موجود رہتے ہیں اور وہی مطلوبہ تحریریں لکھ کر یا فارم بھر کر دستخط لیتے ہیں۔ ایک انجان اکاؤنٹ میں روپیہ ٹرانسفر کیا جانا بھی معمہ ہے۔ جس اکاؤنٹ سے رقم ٹرانسفر کرنے والے کا کوئی تعلق ہی نہیں ہے اس میں منتقلی کو بینک کی زبان میں چاہے جو کہا جاتا ہو مگر عام لوگ تو حیرت کرتے ہیں کہ اپنے اکاؤنٹ میں روپیہ ڈالنے یا روپیہ نکالنے کے ہزاروں ضابطے ہیں مگر ایک اجنبی اکاؤنٹ کے لئے اجنبی چیک کیسے قبول اور پاس کیا جاتا ہے؟

یہ بھی پڑھئے: الیکشن کمیشن کا جبر اور انتخابی فہرستوں کا حشر

سمجھا یہ جاتا تھا کہ ڈجیٹل لین دین کی وجہ سے رشوت خوری اور ٹھگی کم ہوگی مگر جو دیکھنے میں یا تجربے میں آرہا ہے وہ بالکل الٹا ہے۔ سائبر کرائم کرنے والے منظم ہو کر نہ صرف جرائم کر رہے ہیں بلکہ بے قصور لوگوں پر الزام بھی دھر رہے ہیں کہ انہوں نے اپنی گاڑھی کمائی کسی کے کہنے پر دی ہی کیوں؟ یہی نہیں وہ جس طرح پولیس اور حکومت پر الزام دھرتے ہیں وہ کوئی بھی شریف شخص گوارا نہیں کرسکتا۔ یہ سوال بھی بہت اہم ہے کہ مالیاتی ادارے کیا اپنے کام کو رقوم کے لین دین تک محدود کرسکتے ہیں؟ اگر ایسا نہیں ہے تو بینکوں نے جو بوڑھے، بیمار اور ہاتھ میں رعشہ والے شخص کے دستخط میں فرق ہونے سے چیک روک دیتے ہیں کتنے معاملات سے پولیس اور متعلقہ شعبوں کو آگاہ کیا؟ اگر نہیں کیا تو کیا یہ ان کی کوتاہی نہیں ہے؟

سپریم کورٹ نے صحیح اشارہ کیا ہے کہ بینکوں کے جانچ پڑتال میں کوتاہی کرنے کی صورت میں بینکوں کو ہی متاثرہ افراد کے نقصان کی بھرپائی کرنی پڑسکتی ہے۔ اچھا ہے کہ سپریم کورٹ ایسا سوچتا ہے مگر وہ اس سلسلے میں واضح احکام کیوں نہیں صادر کرتا؟ میرا خیال تو یہ ہے کہ عدالت عالیہ اگر ایسا احکام جاری کر دے تو ڈجیٹل ٹھگی اور گرفتاری کے کافی معاملات کم ہوجائیں۔ ویسے ہم عدالت عالیہ کے اس خیال کی تائید کرتے ہیں کہ ہم ہدایت جاری کرنے پر غور کر رہے ہیں کہ جہاں بھی ایسی دھوکہ دھڑی ہوتی ہے متاثرہ افراد کو بینک معاوضہ دیگا، ساتھ ہی بینک مجرمانہ سازش معاملے کا بھی سامنا کریگا مگر اچھی باتوں کے ساتھ یہ معاملہ بھی اہم ہے کہ سپریم کورٹ ٹھگی کی مختلف صورتوں کو تو ذہن میں رکھتا ہے مگر اس حقیقت کی طرف اشارہ نہیں کرتا کہ ٹھگی کے واقعات میں عدالت کے مناطر اور وردی پوش افسران دکھائی دیتے ہیں اور وہ سب فراڈ ہوتے ہیں۔ ان کی آوازیں بھی سنوائی جاتی ہیں جو دھوکہ دھڑی سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتیں۔

اگست ۲۰۲۶ء تک مہارشٹر میں ہوئے سائبر فراڈ میں ۲۱۱۹ء۶۹؍ کروڑ اینٹھے گئے ہیں جس میں ۲۷ء۷۱؍ فیصد روپیہ ہی پولیس واپس لے سکی۔ اس طرح دیکھیں تو یومیہ ۸ء۷۲؍ کروڑ کا نقصان عام لوگوں کو برداشت کرنا پڑا ہے۔ سائبر فراڈ میں کچھ فیصد واپس لئے جانے کا مطلب یہ ہے کہ کچھ چھوٹی مچھلیاں بھی بہتے پانی میں ہاتھ دھونے کی غرض سے اس کام میں ملوث ہوگئی تھیں اور وہی پولیس کے ہاتھ چڑھی ہیں۔ عدالت کا منظر اور انسپکٹر کا لباس دکھانے والے اور ان کے سرپرست اب بھی پولیس کی گرفت سے باہر ہیں، ضرورت ان کے خلاف کارروائی کی ہے اور یہ کارروائی سپریم کورٹ ہی کرسکتا ہے۔ اخبارات میں جو چھپا ہے ہم نے وہ دلچسپی سے پڑھا ہے مگر منتظر ہیں سپریم کورٹ کی واضح ہدایت کے۔ ہدایت کے بغیر یہ ڈکیتی شاید ہی کم یا ختم ہوسکے۔ ہمارے نزدیک سائبر ٹھگی کا ایک ہی علاج ہے کہ اگر بینک ملوث ہے تو اس کو ذمہ دار بنایا جائے اور اگر نقد کا معاملہ ہے تو ہر شخص کو مکلف کیا جائے کہ وہ پولیس کو ادائیگی سے پہلے مطلع کرے۔ بینک کے ملوث ہونے کا مطلب ہے کہ پیمنٹ چیک کے ذریعہ کیا گیا ہے اور بینک نے چیک پاس کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK