رب العالمین نے قرآن مجید میں فرمایا ہے کہ کائنات کی ہر چیز کو درست توازن کے ساتھ پیدا کیا گیا ہے۔ یہ بھی فرمایا کہ ہم نے زمین کی ہر جنس کو مطلوبہ توازن کے مطابق نشوونما دی۔ یہ بھی سمجھایا کہ ہم نے ہر ہر چیز کیلئے متعین پروگرام مقرر کیا، پھر اسے اپنے نظام کے مطابق رہنے اور چلنے کا طریقہ دیا۔
رب العالمین نے قرآن مجید میں فرمایا ہے کہ کائنات کی ہر چیز کو درست توازن کے ساتھ پیدا کیا گیا ہے۔ یہ بھی فرمایا کہ ہم نے زمین کی ہر جنس کو مطلوبہ توازن کے مطابق نشوونما دی۔ یہ بھی سمجھایا کہ ہم نے ہر ہر چیز کیلئے متعین پروگرام مقرر کیا، پھر اسے اپنے نظام کے مطابق رہنے اور چلنے کا طریقہ دیا۔
کائنات اور اس کے ایک حصے کے طور پر زمین کے نظام پر غور و خوض کرنے سے بھی پتہ چلتا ہے کہ اس کی سب سے بڑی خصوصیت توازن ہے جو اس پورے نظام کو جاری و ساری رکھتی ہے۔ توازن قائم ہے تو نظام قائم ہے، توازن میں معمولی سا بھی فرق آ جائے تو نظام میں بگاڑ پیدا ہونے لگتا ہے۔ مادی مفادات کیلئے سرگرداں رہنے والے انسان نے نہ تو اس توازن کی قدر کی نہ ہی فکر کی۔ یہی وجہ ہے کہ رفتہ رفتہ موسم بدلے اور زمین کی حدت ناقابل برداشت ہو گئی۔
یہ بھی پڑھئے:اونٹ کو پہاڑ کے نیچے لے آیا ایران
زمین کا درجہ حرارت بڑھنے ہی کی وجہ سے موسموں کی یورش بعض اوقات اس حد تک بڑھی کہ کہیں سیلاب سے تباہی آئی اور کہیں سونامی سے۔ پہاڑوں کی برف تیزی سے پگھلی، سمندری پانی گرم سے گرم تر ہوا اَور اس کی سطح بلند ہوئی۔ زمین کے درجہ حرارت کیلئے گرین ہاؤس گیسوں کی سخت ضرورت ہوتی ہے۔ کاربن، میتھین، نائٹرس آکسائیڈ، اوزون اور کلورو فلورو کاربن وہ گیسیز ہیں جو سورج سے ملنے والی حرارت کو جذب کرتی ہیں۔ یہ قدرت کے اصولِ توازن کا حصہ ہے تاکہ زمین کی سطح گرم رہے اور انسانی و حیوانی زندگی ممکن ہو مگر جب انہی گیسوں کی مقدار توازن کھو دیتی ہے تو زمین کا درجۂ حرارت ناقابل برداشت ہونے لگتا ہے۔ یہی عالمی حرارت یا گلوبل وارمنگ ہے۔
عرصۂ دراز سے ماہرین موسمیات اس کے خلاف دنیا کی حکومتوں کو متنبہ کر رہے ہیں۔حکومتیں خود بھی غافل نہیں ہیں مگر ان کی بیداری یا تحرک میٹنگوں اور کانفرنسوں تک محدود ہے۔ چونکہ یہ مسئلہ سنگین نوعیت اختیار کر رہا ہے اس لئے الگ الگ ملکوں کی حکومتیں اقدام کرنے پر مجبور تو ہوئی ہیں مگر ناکافی اقدام پر۔ اگر سابقہ تجربات تلخ نہ ہوتے تو ہم پیر سے ترکی میں شروع ہوئی کانفرنس’’کاپ ۳۱‘‘ سے بہتر فیصلوں کی امید کرتے۔ اس کانفرنس میں عالمی لیڈران ایسے وقت میں یکجا ہوئے ہیں جب سال ۲۰۲۶ ختم ہونے جارہا ہے جس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ اب سے پہلے کے گرم ترین سال ۲۰۲۴ سے زیادہ گرم قرار پانے کو ہے۔ اس گرم ترین سال کے دوران یورپ میں جنگلات کی بھیانک آگ کا بھی مشاہدہ کیا گیا اور نیپال میں گلیشیئرس کے پگھلنے کا بھی۔ سطح سمندر کا بلند ہونا اور مختلف ملکوں میں قحط کے حالات پیدا ہونا بھی زمینی حدت ہی کا نتیجہ ہے۔ کاپ ۳۱؍ میں کیا ہوگا یہ نہیں کہا جاسکتا مگر اندیشہ ہے کہ۲۰۲۷ء بھی گرم ترین ہوگا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو غطریس کا یہ کہنا غلط نہیں کہ زمینی حدت کی زیادہ قیمت وہ لوگ چکا رہے ہیں جو اس کیلئے کم سے کم ذمہ دار ہیں یعنی فیصلے نہ کرنے والے ہی، نتائج بھگتتے ہیں۔ غطریس صاحب کو بتانا چاہئے کہ جو ممالک ضروری اقدام نہیں کرتے اُن کی جوابدہی کیسے طے ہوگی،کون طے کرے گا۔