گزشتہ نو مہینوں سے ایران حالت جنگ میں ہے۔ کہنے کی ضرورت نہیں کہ اس پر یہ جنگ تھوپی گئی ہے۔ ایسا ملک جو برسوں سے سخت معاشی پابندیاں جھیل رہا ہو اس کیلئے جنگ میں اپنا دفاع کرنا اور دشمن کے دانت کھٹے کرنا کوئی آسان کام نہیں، بالخصوص تب، جب اس کی اعلیٰ قیادت ختم کر دی گئی۔
گزشتہ نو مہینوں سے ایران حالت جنگ میں ہے۔ کہنے کی ضرورت نہیں کہ اس پر یہ جنگ تھوپی گئی ہے۔ ایسا ملک جو برسوں سے سخت معاشی پابندیاں جھیل رہا ہو اس کیلئے جنگ میں اپنا دفاع کرنا اور دشمن کے دانت کھٹے کرنا کوئی آسان کام نہیں، بالخصوص تب، جب اس کی اعلیٰ قیادت ختم کر دی گئی۔ ایران کو ماننا پڑتا ہے کہ اس نے حالت جنگ میں رہتے ہوئے قیادت کی تبدیلی کا مرحلہ نہ صرف یہ کہ عبور کیا بلکہ اندرونِ ملک کسی تنازع اور رسہ کشی کے بغیر عبور کیا نیز جنگ میں خود کو سوا سیر بھی ثابت کردیا۔اسرائیل اور امریکہ اس کو تباہ و برباد کرنے کے درپے تھے۔ ان کے عزائم اور ایران کا کامیابی کے ساتھ اپنا دفاع اب تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔ سب سے بڑی بات یہ کہ اپنے محدود وسائل کے باوجود ایران ڈٹا رہا اور جو ممالک رجیم چینج یعنی تبدیلی ٔ اقتدار کی بات کررہے تھے، خود ان کا رجیم چینج ہوگیا۔ گزشتہ دنوں اسرائیل میں نیتن یاہو انتخابی کامیابی سے کافی دور رہ گئے اور امریکہ میں ڈونالڈ ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کو وسط مدتی انتخاب میں دھول چاٹنی پڑی۔ یہی دو ممالک تھے جو ایران پر کنٹرول چاہتے تھے۔ ان کا اپنا کنٹرول ہاتھ سے نکل گیا۔ اب نیتن یاہو اسرائیل کے مارگ در شک منڈل میں جانے کو ہیں اور ٹرمپ جیسے تیسے اپنی باقیماندہ مدت ِاقتدار کو پورا کرینگے۔ ان لوگوں نے ایران کے لئے گڑھا کھودنا چاہا تھا لیکن ان کے عوام نے ان کیلئے خندق کھود دی۔ ان بدلے ہوئے حالات میں امید پیدا ہوئی ہے کہ ایران کے تئیں تل ابیب اور واشنگٹن کا رویہ بدلے گا اور گزشتہ ایک ہفتے کے بیانات پر نگاہ دوڑائی جائے تو محسوس بھی ہوتا ہے کہ ان کا پیچ ڈھیلا پڑ چکا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی قیادت: بدل کر نہ بدلنے کی مصیبت
مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ ’’امریکہ کھلی سفارت کاری کیلئے آمادہ ہے اور مزید حملوں کو ضروری نہیں سمجھتا کیونکہ معاشی ذرائع سے مطلوبہ ہدف حاصل کیا جا رہا ہے‘‘۔ مارکو روبیو نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ’’مَیں نے اپنے حلیفوں سے بھی کہا ہے کہ معاشی نقصانات کے پیش نظر فی الحال کسی بھی بڑے حملے کی ضرورت نہیں ہے‘‘۔ اس بیان میں سیدھا سیدھا اعتراف شکست نہیں ہے مگر زبان اور لہجہ بدلا ہوا ہے۔ خود ٹرمپ نے وہائٹ ہاؤس میں قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے کہا کہ ایران پر مزید حملے غیر ضروری ہیں۔ پیرس میں جی سیون (۹۔۱۰؍ نومبر) کی میٹنگ کیلئے یکجا ہونے والے ممالک کے پیش نظر سب سے اہم روس اور یوکرین کی جنگ روکنا تھا مگر بیک ڈور ڈپلومیسی (پس پردہ سفارتی عمل) کے ذریعہ کوشش کی گئی کہ ایران کو ’’ہموار‘‘ کیا جائے کیونکہ ایران امریکہ پر بھاری پڑ چکا ہے۔ ادھر ایران اپنے روایتی بانکپن کے ساتھ سابقہ موقف پر قائم ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ امن مذاکرات کیلئے جو سات مطالبات امریکی انتظامیہ کے سپرد کئے گئے ہیں انہیں تسلیم کیا جائے۔
تہران نے امریکہ کیلئے ایسے حالات پیدا کردیئے کہ وہ اُصولی بنیادوں پر مذاکرات کی میز پر آئے اور واشنگٹن ایسا کرنے کیلئےرضامند بھی دکھائی دیتا ہے مگر اب تہران کی کوشش ہے کہ وہ دھاندلی کے رویہ سے باز آجائے۔