یوٹیوب پر ایک پوسٹ میں روزنامہ نو بھارت ٹائمس کی ایک خبر کا تراشا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ۱۹۵۱ء میں پیون اور چپراسی کی ماہانہ تنخواہ ۷۵؍ تا ۱۰۰؍ روپے ہوتی تھی، دکاندار اور چھوٹا بیوپاری ماہانہ ۱۵۰؍ تا ۲۵۰؍ روپے کماتا تھا، کلرک اور سرکاری بابو کی ماہانہ تنخواہ ۲۰۰؍ تا ۳۰۰؍ روپے ہوتی تھی، اساتذہ کو ماہانہ ۲۵۰؍ تا ۳۵۰؍ روپے جبکہ انجینئر اور افسر کو ۴۰۰؍ تا ۷۰۰؍ روپے ملتے تھے۔
یوٹیوب پر ایک پوسٹ میں روزنامہ نو بھارت ٹائمس کی ایک خبر کا تراشا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ۱۹۵۱ء میں پیون اور چپراسی کی ماہانہ تنخواہ ۷۵؍ تا ۱۰۰؍ روپے ہوتی تھی، دکاندار اور چھوٹا بیوپاری ماہانہ ۱۵۰؍ تا ۲۵۰؍ روپے کماتا تھا، کلرک اور سرکاری بابو کی ماہانہ تنخواہ ۲۰۰؍ تا ۳۰۰؍ روپے ہوتی تھی، اساتذہ کو ماہانہ ۲۵۰؍ تا ۳۵۰؍ روپے جبکہ انجینئر اور افسر کو ۴۰۰؍ تا ۷۰۰؍ روپے ملتے تھے۔ اس دور میں چونکہ مہنگائی کم ہی نہیں بہت کم تھی اس لئے اتنے روپوں میں آسانی سے گزر بسر ہو جاتی تھی۔ ۶۰؍ پیسے کلو دال،۴۰؍ پیسے کلو چاول اور ۷۵؍ پیسے لیٹر دودھ ملتا تھا۔ایسی معلومات کو توثیق کی ضرورت نہیں ہوتی۔ موجودہ نسل بھی جانتی ہے کیونکہ اپنے والدین یا دادا دادی، نانا نانی سے سن چکی ہے۔ علاوہ ازیں ۷۰ء، ۸۰ء، یا ۹۰ء کی دہائی میں پیدا ہونے والا ہر شخص اپنے بچپن کو یاد کرکے اور یہ کہتے ہوئے مان لیتا ہے کہ ہمارے بچپن میں اتنی’’سستائی‘‘ (ارزانی) تو نہیں تھی مگر جتنی تھی اس سے ۱۹۵۱ء کی سستائی پر یقین کرنا مشکل نہیں۔ سستائی کے دور میں سونا بھی نیم چڑھے کریلے جیسا نہیں تھا۔ ۱۹۷۰ء میں اس پیلی دھات کی قیمت، جس نے آسمان چھونے کے بعد ابھی ابھی اپنی رفتار مدھم کی ہے، ۱۸۴؍ روپے فی ۱۰؍ گرام تھی۔ جی آپ نے ٹھیک پڑھا اور ہم نے ٹھیک لکھا ہے ۱۸۴؍ روپے فی ۱۰؍ گرام۔ زیادہ پیچھے نہ جاتے ہوئے سن ۲۰۰۰ء کی بات کریں تو اس وقت کی قیمت بھی آج ناقابل یقین لگتی ہے۔ ۲۰۰۰ء میں سونا صرف۴۰۰۰؍ روپے فی ۱۰؍ گرام تھا۔ آج ایک ٹھیک ٹھاک موبائل فون خریدنے کیلئے جتنی رقم ادا کرنی پڑتی ہے ۲۰۰۰ء میں اتنی رقم میں ایک کلو سونا خریدا جا سکتا تھا۔ ۲۰۰۰ء ہی میں صرف ۱۰۰؍ روپے میں ۸؍ کلو چاول یا ۷؍ لیٹر دودھ آجاتا تھا۔ اس زمانے میں اشیاء اتنی سستی تھیں اس پر یقین نہیں آتا مگر دل گواہی دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کتاب، کتاب خانے اور زمین پر رکھ کر کتابوں کی تقسیم
گزشتہ ۲۵؍ سال میں صرف مہنگائی بڑھی یہ کہنا یک طرفہ اور نادرست ہوگا کیونکہ آمدنی بھی بڑھی ہے مگر کوئی پوچھے کہ دونوں میں کیا زیادہ بڑھا ہے تو اس جواب کی فکر نہیں ہوگی کیونکہ کوئی ایسا سوال پوچھے گا ہی نہیں۔ آمدنی کتنی ہی بڑھے، مہنگائی سے ہار ہی جاتی ہے اور اب تو حالات مزید خرابی کی جانب مائل ہیں۔ دو روز قبل مشہور صحافی رویش کمار ایک انگریزی اخبار کی رپورٹ کے حوالے سے بتا رہے تھے کہ اب تک مہنگائی غریبوں کو ستاتی اور نچلے متوسط طبقے کے گھروں میں گھستی تھی، اب اعلیٰ متوسط طبقے کے لوگوں کو بھی ڈرا رہی ہے۔ اپنے معیار (اسٹیٹس) کیلئے بے دریغ خرچ کرنے والے یہ لوگ اب سوچ سوچ کر خرچ کررہے ہیں نتیجتاً ان کی پسند کی چیزیں مثلاً نت نئے ہینڈ سیٹ، برانڈیڈ ملبوسات، پرفیوم، گھڑیاں، زیادہ رقبے والے فلیٹ، فرنیچر، ایس یو وی گاڑیاں وغیرہ نسبتاً کم فروخت ہو رہی ہیں یعنی کم خریدی جارہی ہیں۔ حکومت، چاہے وہ کسی پارٹی کی ہو، جانتی ہے کہ مہنگائی میں اضافہ سے عوام کی بے چینی بڑھتی ہے۔ اس کے باوجود موجودہ حکومت خاموش ہے اور افراطِ زر پر قابو پانے کیلئے کوشاں نہیں ہے تو یہ حیرت انگیز ہے۔ اُسے یقیناً اس کی قیمت چکانی ہوگی۔