• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کتاب، کتاب خانے اور زمین پر رکھ کر کتابوں کی تقسیم

Updated: November 27, 2026, 3:20 PM IST | Shamim Tariq | Mumbai

کتب خانوں میں بھیڑ کا تصور نہیں کیا جاسکتا مگر ان کی افادیت سے انکار بھی ممکن نہیں ہے۔ کتب خانے ہی نہیں ہوں گے تو دانت ہیں تو چنے نہیں، چنے ہیں تو دانت نہیں جیسی کیفیت پیدا ہوجائیگی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این
چند دنوں پہلے جلگاؤں سے معین الدین عثمانی صاحب نے مراٹھی اخبار کا ایک تراشہ بھیجا جس میں خبر تھی کہ ایک مقامی لائبریری نے ممبئی کی ایک لائبریری کے اشتراک سے اپنے ڈیڑھ سو سال مکمل ہونے کی خوشی میں کئی ہزار کتابیں زمین پر رکھ دیں اور صرف ۶؍ گھنٹے میں تیس ہزار کتابیں قدر دانوں کی ملکیت بن گئیں۔ ۲۰؍ نومبر کے انقلاب میں مراسلہ بھی شائع ہوچکا ہے۔ خبر پڑھ کر یاد آیا کہ اس قسم کا پہلا جرمنی میں اور پھر مہاراشٹر کے پونے، تھانے اور ڈومبیولی جیسے شہروں میں پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔ یہ بھی یاد آیا کہ راجدھانی میں مرکزی سچیوالیہ کی ساڑھے ۸؍ لاکھ کتابوں کے منتقل کئے جانے پر ۲۰؍ نومبر تک کے لئے روک لگانے کے ساتھ سپریم کورٹ نے یہ سوال بھی پوچھا ہے کہ ’’۱۳۵؍ سال پرانے کتب خانے کی کتب کو کیسے پھینک سکتے ہیں؟‘‘ مرکزی سچیوالیہ لائبریری میں جو شاشتری بھون میں واقع ہے ساڑھے ۸؍ لاکھ کتب ہیں۔ چونکہ شاشتری بھون کو گرایا جانا ہے اس لئے کتابوں کی منتقلی کا کام شروع ہوا اور سپریم کورٹ نے معاملے کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے خود ہی سماعت شروع کی۔ حکومت کا حلف نامہ، کتب خانے کے لئے مختص جگہ کا لے آؤٹ ریکارڈ پر لینے کے بعد عدالت دوبارہ سماعت شروع کرے گی۔ عدالت عالیہ کا یہ کہنا بھی بہت اہم ہے کہ سرکاری حکام وراثت کو بچانے کے بجائے جلدبازی میں کام کرنے میں لگے ہوئے ہیں مگر اس موقع پر یہ یاد آنا بہت تکلیف دہ تھا کہ ملّت کے کتب خانے حتیٰ کہ وقف کے کتب خانے بھی تباہ کئے جا رہے ہیں مگر کوئی بولنے والا نہیں ہے۔ ممبئی کی وہ میونسپل لائبریری جہاں اُردو کتابیں تھیں بیشتر ختم ہوچکی ہیں۔
مَیں نے بچپن میں مجھے انگریزی میں ایک کہانی پڑھائی گئی تھی The Gift of Magi۔ کہانی یہ تھی کہ محبت کرنے والی ایک دوشیزہ کے بال بہت خوبصورت تھے مگر خوبصورت بال میں لگانے کے لئے کنگھی نہیں تھی اسی طرح اس سے محبت کرنے والے نوجوان کے پاس گھڑی تو تھی اتنے پیسے نہیں تھے کہ وہ پٹہ خرید کر اس کو اپنی خوبصورت کلائی پر سجا سکے۔ پھر یوں ہوا کہ سالانہ تہوار پر لڑکی نے اپنے بال کٹوا دیئے کہ نوجوان کو پٹہ تحفے میں دے سکے اور لڑکے نے گھڑی بیچ دی کہ لڑکی کو کنگھی خرید کر دے سکے۔ کتب خانوں میں بھیڑ کا تصور نہیں کیا جاسکتا مگر ان کی افادیت سے انکار بھی ممکن نہیں ہے۔ کتب خانے ہی نہیں ہوں گے تو دانت ہیں تو چنے نہیں، چنے ہیں تو دانت نہیں جیسی کیفیت پیدا ہوجائے گی۔
 
 
آج کل ڈنمارک میں ۲۰۰۰ء میں قائم کی گئی Human Library کا بڑا شہرہ ہے جہاں کتاب پڑھنے والے جمع ہوتے اور ایک دوسرے کے سوالوں کے جوابات دیتے ہیں۔ یہی اس لائبریری کی خصوصیت ہے اسی لئے ’فری پریس جرنل‘ نے سرخی لگائی ہے کہ The Library where every life is an open book یعنی وہ لائبریری جہاں ہر زندگی کھلی کتاب ہے۔ Human Book کا تصور بھی بڑا عجیب ہے۔ اسی شہر کے ایک ادارے یا تنظیم نے اس موضوع پر ممبئی میں ایک پروگرام منعقد کیا تھا اور کئی لوگوں کے لئے تکلیف دہ بات یہ تھی کہ Human Book کے طور پر مجھے ہی مدعو کیا گیا تھا۔ حاسدین آئے بھی تھے مگر شاید یہ دیکھنے اور مایوس ہو کر کہنے کے لئے کہ؎
تھی خبر گرم کہ غالب کے اڑیں گے پرزے
دیکھنے ہم بھی گئے تھے پہ تماشا نہ ہوا
کتابیں ایک شخص سے دوسرے شخص، ایک نسل سے دوسری نسل یا ایک زبان سے دوسری زبان میں ترسیل خیالات کا ذریعہ ہیں۔ ان دنوں سونیا گاندھی کی کتاب ’بلانگنگ: اے جرنی آف لوَ‘ توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ اس میں بہت سے الزامات کے جوابات اور انکشافات ہیں مگر بعض باتیں کھل کر نہیں کہی گئی ہیں، مثلاً یہ کہ کانگریس سے شردپوار کے نکالے جانے سے کانگریس کو نقصان پہنچا ہے اور جن لوگوں کی لگائی بجھائی کے سبب شردپوار صاحب کو کانگریس سے نکالا گیا وہ کسی کام کے نہیں ثابت ہوئے۔ سونیا کی کتاب ایک ہفتہ قبل تک دو لاکھ کی تعداد میں فروخت ہوچکی تھی اور اس کتاب کو ان کے ہاتھوں میںبھی دیکھا گیا جو سونیا کے شدید مخالف ہیں۔ خوشی ہوئی کہ سونیا جی نے اپنی یادداشت کو سمیٹا اور سنجیدگی سے اس معاشرے کے سامنے رکھا جس نے ان کو دلہن کی شکل میں بھی دیکھا اور بیوہ کی شکل میں بھی مگر افسوس ہوا کہ بابری مسجد کے خلاف سازش رچنے یا سازش رچے جانے پر بھی خاموش رہنے والے پارٹی کے لیڈران مثلاً ارجن سنگھ، شردپوار، پرنب مکھرجی، شنکر راؤ چوہان، نرسمہا راؤ، غلام نبی آزاد اور کانگریس کے باہر غلام محمود بنات والا کے بارے میں کچھ نہیں لکھا۔
سیاستدانوں کی خودنوشت تو کئی منظر عام پر آئیں مگر جو مقبولیت سونیا کی خودنوشت کو ملی کسی کو نہیں ملی۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ سونیا خاموش طبع ہیں اور بوقت ضرورت اتنا ہی بولتی ہیں جتنی ضرورت ہوتی ہے۔ کتاب کو بھی انہوں نے جذباتی باتوں اور فضولیات سے پاک رکھا ہے۔ مَیں نے جس حد تک بھی کتاب کو پڑھا ہے یہی کہہ سکتا ہوں کہ یہ تو محسوس ہوتا ہے کہ یہ واقعہ سونیا کے حافظے میں نہیں رہا، یہ نہیں محسوس ہوتا کہ یہاں سونیا نے لفظوں سے کھیلنے کی کوشش کی ہے۔ کتاب کا نام بلانلنگ (وابستگی یا تعلق ہے) اور واقعہ یہ ہے کہ ۵۴۴؍ صفحات کی کتاب نہ صرف گاندھی خاندان سے بلکہ ہندوستانیت سے سونیا کے تعلق یا وابستگی کی دستاویز ہے۔ کتاب پڑھنے کے بعد سونیا کو بدیسی مہیلا کہنا اور سننا اچھا نہیں لگتا۔ وہ ایسی بدیسی ہیں جو دیسی رنگ میں پوری طرح رنگ چکی ہیں۔ ان کے یا ان کی کتاب کے خلاف آج جو کہا جا رہا ہے وہ بوکھلاہٹ یا کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق ہے، اس کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK