شہید پولیس افسران کی قربانی کو یاد کیا گیا۔وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نےاس موقع پر کہا کہ دہشت گردانہ حملوں کے بعد بھی ممبئی نہیں رکی اور نہ کبھی اس کا حوصلہ پست ہوگا۔ ۱۸؍ سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود ایجنسیوں کودہشت گردانہ حملوں کے سرغنہ اور ۶؍ دہشت گردوں کی حوالگی کے معاملے میں اب تک کامیابی نہیں ملی۔
وزیراعلیٰ دیویندرفرنویس شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی
ممبئی پر دہشت گردانہ حملوں کی ۱۸؍ویں برسی کے موقع پر ایک طرف شہریوں نے مہلوکین کو یاد کرتے ہوئے اس ہولناک لمحات کو کبھی فراموش نہ کرپانے اور ان حملوں کے اصل ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی خواہش ظاہر کی ۔ اسی طرح ممبئی پولیس نے ممنوعہ دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ کے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئےشہید ہونے والے ۱۶؍ پولیس افسران اور این ایس جی کمانڈوز کی کرافورڈ مارکیٹ میں واقع یاد گار پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ کئی اہم شخصیات نے بھی شہید ہونے والے افسران کی قربانیوں کو یاد کیا۔
’’اس شہر کے حوصلے کبھی پست نہیں ہوں گے‘‘
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے بھی شہیدوں کو یاد کرتے ہوئے جانباز پولیس افسروں اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر انہوں نےکہا کہ’’ اس شہر اور اس کے شہریوں کے حوصلے کبھی پست نہیں ہوں گے ۔ یہ شہر نہ کبھی رکا ہے اور نہ رکے گا۔ ہمارے دشمنوں اور دہشت گردوں نےہمارے افسران ، جوانوں اور شہریوں کے علاوہ تاج ہوٹل، ٹرائیڈنٹ ہو ٹل اور چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس پر جو حملہ کیاتھا، وہ ملک پر حملے کے مترادف تھا ۔ ان حملوں کے باوجود ممبئی کےشہریوں کی قوتِ برداشت اور ثابت قدمی نے اسے ناکام بنا دیا ۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہندوستان اپنے جوانوںاور شہریوں پر ہونے والے کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کرے گا۔ ہم اپنے دشمن کے گھر میں گھس کر جوابی حملہ کریں گے اور یہ بات ہم بارہا ثابت کر چکے ہیں ۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ۱۴؍ سالہ جدوجہد کے بعد این آر سی مزدوروں کو اپنے حق کی رقم ملنے لگی
پولیس اور شہریوں کا خراج عقیدت
ممبئی حملوں کی ۱۸؍ ویں برسی کے موقع پر نہ صرف ممبئی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں شہید پولیس افسران اور اہلکاروں کوخراج عقیدت پیش کیا گیا بلکہ شہر کے الگ الگ پولیس اسٹیشنوں میںبھی۱۶؍پولیس جوانوںکی شہادت کویاد کیا گیا۔ اس موقع پر خصوصی طو رپر چھتر پتی شیواجی مہاراج ٹرمنس ، گرگام چوپاٹی اور گرگام پولیس اسٹیشن میں شہید ہونے والے افسران اور اہلکاروں کی تصویروں پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے ۔ اس کے علاوہ دادر ، ماہم ، باندرہ اور دیگر علاقوں میں بھی شہریوں نے ان حملوںمیں ہلاک ہونے والے شہریوں کے ساتھ ساتھ پولیس جوان اور این ایس جی کمانڈوز کی شہادت کو یاد کرتے ہوئے نہ صرف انہیں خراج عقیدت پیش کیا بلکہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس دہشت گردانہ حملوں کے سرغنہ اور کلیدی مجرموں کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔
دہشت گردوں کی تحویل حاصل کرنے کی کوششیں
ممبئی پردہشت گردانہ حملوں کے ۱۸؍ سال بعد بھی ہندوستانی ایجنسیاں ان حملوں کے۶؍ ملزموں اور ممنوعہ دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ کے سربراہ حافظ سعید ، ذکی الرحمٰن لکھوی ،لشکر کےکمانڈر ساجد مجید عرف ساجد میر ، پاکستانی فوج کا ریٹائرڈ میجر عبدا لرحمٰن ہاشم عرف پاشا،میجر اقبال اور میجر سید ( پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی ) کے افسران کی تحویل حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے لیکن پاکستانی حکومت انہیں ہندوستان کے حوالے کرنے میں ہر بار کوئی نہ کوئی عذر پیش کررہی ہے ۔ ایجنسیوں کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ ملزمین کو نہ صرف دہشت گرد تنظیموں نے پناہ دی ہے بلکہ پاکستانی حکومت بھی انہیں تحفظ فراہم کر رہی ہے ۔
اہم شخصیات کا خراج عقیدت
کھیل کی دنیا سے وابستہ ممتازشخصیات نے بھی ممبئی حملوں میں ہلاک ہونے والے شہریوں اور پولیس افسران و اہلکاروں کو یاد کیا ۔ اس موقع پر سابق کرکٹر پرگیان اوجھا اور آئی پی ایل کی ٹیم ممبئی انڈینس نے سوشل میڈیا کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان لوگوں کو یاد کرتے ہوئے ان بہادر افراد کی ہمت، قربانی اور ایثار کو بھی سلام پیش کیا جنہوں نے اس شہر کی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں دوسروں کی مددکی اور انسانیت کی مثال قائم کی تھی۔