• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنجیرہ قلعہ اور قلابہ قلعہ میں سیاحوں کیلئے’ڈیجیٹل آڈیو گائیڈ‘ کی سہولت کا آغاز

Updated: November 27, 2026, 3:14 PM IST | Siraj Shaikh | Alibag

’عالمی ثقافتی ورثہ ہفتہ‘ کے دوران۱۶؍ تاریخی یادگاروں پر سہولت متعارف کرانے کا اعلان۔ ان میں۸؍ قلعے،۵؍ غاریں ، دابھول کی شاہی مسجد،حبشی گنبد اور دلاور خان کامقبرہ و مسجد شامل ہیں۔

A photograph taken during the inauguration of a digital audio guide at Janjira Fort. Photo: INN
جنجیرہ قلعے پر ڈیجیٹل آڈیو گائیڈ کے افتتاح کے موقع کی تصویر۔ تصویر: آئی این این

تاریخی جنجیرہ اور قلابہ قلعوں کی سیر کرنے والے سیاحوں اور تاریخ سے دلچسپی رکھنے والوں کے لئے ایک خوش آئند خبر ہے۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ممبئی سرکل نے’’عالمی ثقافتی ورثہ ہفتہ‘‘ کے موقع پر مذکورہ بالا دونوں قلعوں میں اب ڈیجیٹل آڈیو گائیڈ کی جدید سہولت فراہم کر دی ہے، جس کی مدد سے سیاح قلعوں کی شاندار تاریخ اور اس سے جڑے اہم واقعات کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کر سکیں گے اور اس اقدام کو ’’ہمارا ورثہ، ہماری شناخت‘‘نام دیا گیا ہے۔

معلوم ہوکہ جنجیرہ قلعہ میں ڈیجیٹل آڈیو گائیڈ کا افتتاح مروڈ پولیس تھانے کے پی ایس آئی کیندرے نے کیا جبکہ علی باغ کے قلابہ قلعہ میں اس سسٹم کا افتتاح پولیس انسپکٹر کشور سالے کے ہاتھوں عمل میں ایا۔اس موقع پر محکمہ آثار قدیمہ کے معاون بی جی یلیکر،روی راج اور وشال کولی موجود تھے۔اس موقع پر بی جی ییلیکر نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے متعارف کرائے گئے اس نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا مقصد سیاحوں کے تجربے کو مزید بہتر اور معلوماتی بنانا ہے۔ اس سہولت کے ذریعے سیاح کسی انسانی گائیڈ پر انحصار کیے بغیر اپنے موبائل فون یا گیجٹ کے ذریعے قلعوں کے مختلف حصوں، ان کی تعمیر اور تاریخی پس منظر کے بارے میں مستند معلومات سن سکتے ہیں۔سیاحتی حلقوں اور مقامی شہریوں نے اس اقدام کی ستائش کی اورامید ظاہر کی ہے کہ ڈیجیٹل آڈیو گائیڈ سے نہ صرف سیاحوں کی آمد میں بھی اضافہ ہوگا اور نئی نسل کو اپنی تاریخ سے جڑنے کا بہترین موقع ملے گا۔

یہ بھی پڑھئے: مالیگاؤں: بدنظمیوں کی شکایت، انچارج میونسپل کمشنر کا ہارون انصاری میونسپل اسپتال کا دورہ

ڈیجیٹل آڈیو گائیڈ سسٹم کی نمایاں خصوصیات

سیاح قلعوں اور یادگاروں کے داخلی راستوں اور اہم مقامات پر لگے کیو آر کوڈ اسکین کر کے اپنے اسمارٹ فونز پر معلومات حاصل کر سکیں گے۔ جی پی ایس پر مبنی یہ نظام سیاح کے موجودہ مقام کے مطابق اسی حصے کی تفصیل پیش کرے گا۔ یہ آڈیو گائیڈ آف لائن بھی کام کرے گا، جس سے کم کوریج یا بغیر انٹرنیٹ والے علاقوں میں بھی سیاحوں کو دشواری نہیں ہوگی۔ تاریخی ریکارڈنگز، تصاویر اور نقشے مراٹھی، ہندی اور انگریزی میں دستیاب ہوں گے۔

۱۶؍تاریخی مقامات جہاں یہ سسٹم لگایا جائے گا

محکمہ آثار قدیمہ ہند ممبئی سرکل کے اس منصوبے کے تحت ۸؍ قلعوں،۵؍ غاروں کے سلسلے اور۳؍ دیگر تاریخی عمارتوں میں یہ سہولت دستیاب کرائی جائے گی۔جن میں ، وسا پور قلعہ، کورلائی قلعہ، سندھو درگ قلعہ، سورنا درگ قلعہ، جے گڑھ، وجے درگ، تالہ قلعہ اور شولا پور قلعہ، کونڈانے غاریں، گندھار پالے غاریں، شیونیری غاریں، جنر میں من مودی غاروں کا سلسلہ ،تلجا غاریں، دابھول کی شاہی مسجد، حبشی گنبد، اور دلاور خان کا مقبرہ و مسجد شامل ہیں۔اس سے قبل گزشتہ۱۱؍ مہینوں کے دوران مہاراشٹر کی۲۰؍ دیگر تاریخی یادگاروں بشمول شیونیری قلعہ، لوہ گڑھ، شنی وار واڑہ اور کنہیری غارپر بھی یہ ڈیجیٹل سہولت شروع کی جا چکی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK