اس واقعہ پر ہمارے ہاں دو طرح کا ردعمل ہوگا۔ ایک گروہ وہ ہوگا جو تشویش میں مبتلا ہوگا۔ دوسری طرف وہ لوگ جو خود کو قوم پرست سمجھتے ہیں اور ایسی مہم جوئی کو پسند کرتے ہیں۔ ان کیلئے بھی یہاں غور کرنے کا سامان موجود ہے۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 12:15 PM IST | Aakar Patel | Mumbai
اس واقعہ پر ہمارے ہاں دو طرح کا ردعمل ہوگا۔ ایک گروہ وہ ہوگا جو تشویش میں مبتلا ہوگا۔ دوسری طرف وہ لوگ جو خود کو قوم پرست سمجھتے ہیں اور ایسی مہم جوئی کو پسند کرتے ہیں۔ ان کیلئے بھی یہاں غور کرنے کا سامان موجود ہے۔
وطن عزیز میں پولیس کے ذریعہ ہونے والے قتل کو ایک خاص نام دیا جاتا ہے: ’انکاؤنٹر‘۔ پولیس کے جو افسر اس کام میں مہارت رکھتے ہیں اُن کو ’انکاؤنٹر اسپیشلسٹ‘ کہا جاتا ہے، غالباً اس لئے کہ صرف یہی لوگ ا س کام کیلئے تیار ہوتے ہیں۔ اس کیلئے کسی خاص مہارت کی ضرورت نہیں ہوتی، بس بندوق کا گھوڑا دبانے کی صلاحیت اور دوسروں کو تکلیف پہنچانے کی ذہنی کیفیت (جسے انگریزی میں سیڈیزم اور اُردو میں سادیت پسندی کہا جاتا ہے) کافی ہے۔ اس مجرمانہ فعل کی کوئی سزا نہیں ہے کیوں نہیں ہے، آپ جانتے ہیں۔ ہمارے یہاں قانون کی حکمرانی کتنی ہے یہ بھی آپ سے مخفی نہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سائبر ٹھگی کا ایک ہی علاج، بینک بھرپائی کرے
قانون اور آئین کے مطابق تفتیش اور مقدمہ چلانے کیلئے اخلاقیات اور اہلیت کی ضرورت ہوتی ہے، اور ہماری پولیس میں ان دونوں کا فقدان ہے۔ اسی لئے ’انکاؤنٹر‘ (جس کا لغوی مطلب ’کسی سے غیر متوقع طور پر ملنا‘ ہے) کو ایک معمول بنا دیا گیا ہے۔ چونکہ پولیس کے بعض افسران نا اہل ہیں، اس لئے ان کا ’انکاؤنٹر کلچر‘ اس معیار کا نہیں ہے کہ اسے کہیں اور برآمد کیا جا سکے؛ جیسا کہ ہمیں اس ماہ معلوم ہوا ہے۔گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں سب سے زیادہ چشم کشا تفصیل یہ ہے کہ امریکی حکومت کو اس کا فوری علم ہو گیا تھا جبکہ باقی دنیا کیلئے یہ ایک انکشاف تھا۔
ہر وہ شخص جو ہندوستان اور ہماری حکومت کے کام کرنے کے انداز سے واقف ہے، اسے اس معاملے میں برتی گئی لاپروائی یا غیر سنجیدگی پر حیرت نہیں ہوگی۔ حکومت کسی ایسے شخص کو کام پر رکھتی ہے جو آگے کسی اور کو بھرتی کرتا ہے، اور آخر میں پتہ چلتا ہے کہ وہ تو کوئی خفیہ اہلکار (انڈر کور آفیسر) تھا۔ یہ بالکل کسی فلم کی کہانی کی طرح ہے جس کا انجام پہلے سے معلوم ہوتا ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے یہ مشہور فلم ’ڈے آف دی جیکل‘ کا کوئی احمقانہ ورژن ہو۔
امریکی محکمہ انصاف اس ہندوستانی عہدیدار کے بارے میں، جس نے اس آپریشن کی ہدایت کی اور اس کیلئے ادائیگی کی، کچھ یوں بیان کرتا ہے: ”وکاس یادو، حکومتِ ہند کے ’کیبنٹ سیکرٹریٹ‘ میں ملازم تھے، جس کے تحت ’ریسرچ اینڈ اینالسس ونگ‘(را) کام کرتی ہے۔ یادو نے اپنے عہدے کو ’سینئر فیلڈ آفیسر‘ کے طور پر بیان کیا ہے، جس کی ذمہ داریوں میں ’سیکیورٹی مینجمنٹ‘ اور ’انٹیلی جنس‘ شامل تھا۔ یادو نے یہ بھی بتایا ہے کہ وہ ماضی میں ہمارے ملک کی ’سینٹرل ریزرو پولیس فورس‘ (سی آر پی ایف) میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہوں نے جنگی مہارتوں اور ’ہتھیاروں‘ کے استعمال میں ’آفیسر ٹریننگ‘ بھی لی ہے۔ یادو ہندوستان کے شہری اور رہائشی ہیں، اور انہوں نے ہندوستان میں بیٹھے ہوئے ہی اس شخص (متاثرہ فرد) کے قتل کی سازش کی ہدایت کی۔“
یہ بھی پڑھئے: لال شیام شاہ : ایک قبائلی کی کہانی
یادو نے امریکہ میں قاتلوں کا ’’انتظام‘‘ کرنے کیلئے نکھل گپتا نامی ایک ہندوستانی شخص کو کام پر رکھا۔ تقریباً ایک کروڑ روپے (ایک لاکھ امریکی ڈالر) کی طے شدہ رقم میں سے، تقریباً ۱۵؍ کروڑ روپے (۱۵؍ ہزار امریکی ڈالر) بطور پیشگی ادائیگی نقد دیئے گئے۔ جس شخص کو یہ کام سونپا گیا، وہ دراصل ایک انڈر کور ایجنٹ (خفیہ ایجنٹ) تھا۔ اس مقدمے میں پیش کئے گئے شواہد، جن میں گپتا نے جرم قبول کیا اور سزا سنائے جانے سے قبل معافی بھی مانگی، جس کے نتیجے میں اسے ۱۹؍ سال قید کی سزا ہوئی۔
ایک ہندوستانی شہری کیلئے یہ شرمندگی کا باعث ہے۔ اس معاملے میں آڈیو، ویڈیو اور ٹیکسٹ پیغامات موجود تھے۔ یادو نے گپتا کو فوجی وردی میں ملبوس اپنی تصاویر بھیجیں، جنہیں استغاثہ نے اس کے پس منظر اور کارروائی میں اس کے کردار کی تصدیق کیلئے استعمال کیا۔ ضبط شدہ پیغامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یادو نے گپتا کو نیویارک شہر میں گرپتونت سنگھ پنوں کے گھر کا پتہ، فون نمبر اور ان کے روزمرہ کے معمولات فراہم کئے، جو گپتا نے آگے اس انڈر کور ایجنٹ کو پہنچا دیئے۔ ۹؍ جون ۲۰۲۳ء کو نقد رقم حوالے کی گئی، جس کی ریکارڈنگ بھی موجود ہے۔ تشویشناک یہ ہے کہ امریکی عدالت کے ریکارڈ کے مطابق، یادو نے اس قتل کے بدلے گپتا سے وعدہ کیا تھا کہ وہ امپھال ( منی پور) ہوائی اڈہ سے منشیات سے لدے ہوئے طیارے کو بآسانی گزارنے میں مدد دے گا، اور اس کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں کے ایک سودے میں بھی معاونت کرے گا۔
یہ ساری باتیں میڈیا رپورٹس میں آچکی ہیں، یہاں ان کا محض اعادہ کیا جارہا ہے۔ مواصلاتی رابطوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ گپتا نے خفیہ ایجنٹ کو واضح طور پر ہدایت کی تھی کہ وہ ۲۰؍ جون ۲۰۲۳ء کے آس پاس قتل کی کارروائی نہ کرے، تاکہ یہ واقعہ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی کے ۲۱؍ تا ۲۳؍ جون کے امریکہ کے سرکاری دورے کے دوران پیش نہ آئے۔ کینیڈا میں سکھ علاحدگی پسند ہردیپ سنگھ نجر کے گولی مار کر قتل کئے جانے کے ایک دن بعد، یادو نے گپتا کو نجر کی لاش کی ایک تصویر بھیجی۔ اس پر گپتا نے خفیہ ایجنٹ کو بتایا کہ نجر بھی ’’ایک ہدف تھا‘‘ اور اب ’’مزید انتظار کی ضرورت نہیں‘‘۔
۳۰؍ جون کو گپتا کو پراگ میں گرفتار کیا گیا اور پھرامریکہ کے حوالے کر دیا گیا، جہاں اسے مجرم قرار دیا گیا۔ گرفتاری کے وقت ہماری حکومت کا ردِعمل کچھ یوں تھا: ’’ہم سیکوریٹی سے متعلق ایسے معاملات پر مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کر سکتے۔ جہاں تک ایک فرد کے خلاف امریکی عدالت میں دائر مقدمے کا تعلق ہے، جس میں مبینہ طور پر اسے کسی ہندوستانی عہدیدار سے جوڑا گیا ہے، تو یہ تشویش کا باعث ہے۔ ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ یہ حکومتی پالیسی کے منافی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر منظم جرائم، اسمگلنگ، اسلحہ کی غیر قانونی ترسیل اور انتہا پسندوں کے درمیان گٹھ جوڑ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تنظیموں کیلئے ایک سنگین مسئلہ ہے جس پر غور کیا جانا چاہئے۔ اسی وجہ سے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور ظاہر ہے کہ ہم اس کے نتائج کی روشنی میں ہی آگے بڑھیں گے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: سونیا کی کتاب اور ’پرنب دا‘ کے ادھورے سپنے کا تذکرہ
یقیناً۔ ’اعلیٰ سطحی کمیٹی‘ بھی بالکل ویسی اصطلاح ہے جیسی کہ ’انکاؤنٹر‘ ۔ اس واقعے پر ہمارے ہاں بنیادی طور پر دو طرح کے ردعمل سامنے آئینگے۔ ایک گروہ ان لوگوں کا ہوگا جو تشویش میں مبتلا ہونگے، پریشان ہونگے اور شاید انہیں دکھ بھی ہوگا کہ ہمارے نام پر ایسا دھبہ لگا۔ اطالوی مورخ کارلو گنزبرگ نے لکھا تھا کہ ”مجھے اچانک احساس ہوا کہ جس ملک سے آپ کا تعلق ہوتا ہے، وہ وہ نہیں ہوتا جس سے آپ محبت کرتے ہیںبلکہ وہ ہوتا ہے جس پر آپ کو شرمندگی ہو۔“کیونکہ آپ ملک کی یہی شبیہ آپ کی پہچان بنتی ہے۔ دوسری طرف وہ لوگ ہونگے جو خود کو قوم پرست سمجھتے ہیں اور اس قسم کی مہم جوئی کو پسند کرتے ہیں۔ یہ واقعہ انہیں بھی غوروفکر پر مجبورکریگا۔