• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یو سی سی کے تعلق سے سکھ تنظیم کے ذمہ داران نے تعاون کا یقین دلایا

Updated: November 09, 2026, 4:12 PM IST | Mumbai

یکساں سول کوڈ کے تعلق سے رضا اکیڈمی کے سہ رکنی وفد کی سکھ تنظیم کے ذمہ داران سے دادر گردوارہ میں ملاقات۔ گفت و شنید کی گئی۔

Members of the Raza Academy delegation accompanied by those in charge of the Dadar Gurdwara. Photo: Inquilab
رضااکیڈمی کے وفد میں شامل افراد دادر گردوارہ کےذمہ داران کے ہمراہ۔ تصویر: انقلاب

یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) کے تعلق سے دیگر مذاہب اور طبقات کے ذمہ دار اشخاص سے رابطہ قائم کرنے اور ان سے ملاقات کی جانب پیش رفت کرتے ہوئے اتوار ۸؍ نومبر کو دادر میں واقع گردوارے کے دفتر میں رضااکیڈمی کے سہ رکنی وفد نے سکھوں کی تنظیم ’شری گرو سنگھ صاحب‘  کے ذمہ داران سے ملاقات کی۔ دورانِ ملاقات تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ رضا اکیڈمی کے  سربراہ الحاج محمد سعید نوری کے ہمراہ وفد میں محمد عمر راجا اور  محمد امتیاز بھی شامل تھے۔ اس موقع پر مذکورہ تنظیم کے رکن   بلبیر سنگھ اور ان کے ساتھیوں سے یکساں سول کوڈ اور اس کے نفاذ سے پڑنے والے ممکنہ اثرات اور مختلف مذاہب کے مذہبی و عائلی معاملات میں اس کی بنیاد پر ہونے والی مداخلت وغیرہ کے خدشات پر تفصیل سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سکھ رہنماؤں نے اس بات کا یقین دلایا کہ اگر رضا اکیڈمی اور دیگر تنظیموں کی جانب سے یو سی سی کے تعلق سے  مشترکہ میٹنگ منعقد کی جاتی ہے تو وہ اس میں ضرور شرکت کریں گے اور اپنا تعاون بھی پیش کریں گے۔

یہ بھی پڑھئے:شاہ رخ خان کی’’کنگ‘‘ کا کرسمس پر ہندوستانی اور ہالی ووڈ کی ۸؍ بڑی فلموں سےمقابلہ

’’یکساں سول کوڈ نیا معاملہ نہیں ‘‘

سکھ تنظیم کے عہدیدار  بلبیر سنگھ نے کہا کہ ’’یکساں سول کوڈ کا معاملہ کوئی نیا نہیں ہے، اس سے قبل بھی اس طرح کی کوششیں کی جاچکی ہیں لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکیں۔‘‘ انہوں نے تاریخی تناظر میں  اکبر بادشاہ کے دین ِ الٰہی کا بھی حوالہ دیا اور واضح کیا کہ ہندوستان میں ہر مذہب کے ماننے والوں کو اپنے مذہب، عقیدے اور مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا مکمل حق حاصل ہونا چاہئے اور اس کی ضمانت دستور ہند میں دی گئی ہے۔

’’باہمی  مشاورت اور اتحاد کے ساتھ اپنی آواز بلند کرنی چاہئے‘‘

محمد سعید نوری  نے سکھ رہنماؤں کے سامنے رضا اکیڈمی کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی آزادی اور اپنے مذہبی اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کا حق ہر شہری کو حاصل ہے۔ یکساں سول کوڈ کے معاملے میں تمام مذاہب کے ذمہ داران کو باہمی مشاورت اور اتحاد کے ساتھ اپنی آواز بلند کرنی چاہئے۔

یاد رہے کہ اس تعلق سے متعدد مرتبہ اس کا اعادہ کیا جاچکا ہے کہ یکساں سول کوڈ کے نفاذ سے دیگر طبقات بھی متاثر ہوں گے اور ان کے لئے کئی طرح کے مسائل پیدا ہوں گے۔ اس لئے انہیں بھی اپنی جانب سے پورے اہتمام سے رائے اور تجاویز حکومت کو بھجوانی چاہئیں۔ مسلمان اس لئے اس کی شدت سے مخالفت کررہے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ ایسے کسی بھی قدم سے باز رہے کیونکہ یوسی سی کے نفاذ سے شریعت میں مداخلت ہوگی اور مسلمان اسے کسی صورت قبول نہیں کرسکتے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK