• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انتخابی ہار کے بعد بڑی تبدیلیاں ہوں گی امریکہ میں

Updated: November 15, 2026, 10:36 AM IST | Aakar Patel | Mumbai

ٹرمپ کی دھاندلیوں کے کم ہونے کا امکان ہے۔ کیا ہوگا اس کا اندازہ ہی لگایا جاسکتا ہے مگر جو ہوچکا وہ بالکل صاف ہے۔ ٹرمپ کو جن وجوہات کی بناء پر ہارنا پڑا وہ چونکانے والی ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

جمہوریتیں خود کو انتخابات کے ذریعہ درست کرتی ہیں۔ تمام ملکوں کی قیادتیں نامکمل ہوتی ہیں۔ خاص طور پر مسائل تب اُبھرتے ہیں جب طاقتور لیڈران عنان حکومت سنبھالتے ہیں اور اقتدار کو اپنے حساب سے استعمال کرتے ہیں۔ اقتدار جتنا طاقتور ہوگا اُس کا اُتنا عمل دخل بڑھے گا اور جب عمل دخل ضرورت سے زیادہ ہو نیز حدود قیود کی پروا نہ کرے تو اس کے منفی نتائج بھی برآمد ہوکر رہتے ہیں۔ امریکی عوام نے اپنے صدر کو بڑھتے عمل دخل سے روکنے کی کوشش کی اور گویا اُن کے طور طریقے کی گرفت کی ہے۔

یہ بات ہم میں سے کچھ لوگوں کو حیران کرسکتی ہے، جیسا کہ مَیں خود حیران ہوا، کہ امریکی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ری پبلکن پارٹی کی شکست کا کلیدی سبب نہ تو مہنگائی ہے اور نہ ایران جنگ میں امریکہ کی ہزیمت۔ امریکیوں نے ری پبلکن اُمیدواروں کو کرپشن کی وجہ سے ٹھینگا دکھایا۔ ٹھینگا دکھانے کی ایک اور وجہ اُن کا یہ تاثر تھا کہ اُن کی حکومت امیروں کے ذریعہ امیروں کیلئے چلائی جارہی ہے۔ ۱۰؍ میں سے تقریباً ۹؍ ووٹروں کا یہی کہنا تھا کہ اُنہوں نے مذکورہ اسباب (کرپشن اور امیروں کی حکومت) کی بناء پر ری پبلکن سے بے اعتنائی کی۔یہ جان کر حیرت نہیں ہونی چاہئے کہ ٹرمپ کے  صدر رہتے ہوئے اُن کے بیٹوں نے کروڑوں ڈالر کمائے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ اُن کے داماد کا بھی یہی رجحان سامنے آیا اور اس نے بھی حکومت کے نمائندہ کی پوزیشن پر رہتے ہوئے اور خلیجی ملکوں سے مذاکرات کے ذمہ دار کی حیثیت سے کروڑوں ڈالر کمائے۔ وہ خلیج کے اُنہی ملکوں سے مذاکرات میں مصروف رہے جہاں سے اُن کے معاشی مفادات وابستہ ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: جواہر لال سے باتیں، جواہر لال کی باتیں!

صدر ٹرمپ خود ایسے کاموں میں مصروف ہیں جن کا تعلق براہ راست اقتدار کی ذمہ داری سے نہیں ہے مثلاً وہ ۶۰۰؍ میٹر کے اُس تالاب پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں جو لنکن میموریل اور واشنگٹن میموریل کے درمیان بنایا جارہا ہے۔ تصویریں شاہد ہیں کہ ٹرمپ کا ۹۰؍ ہزار مربع فٹ کا بال روم رقبے میں وہائٹ ہاؤس سے وسیع تر دکھائی دینے لگا ہے۔ یہ جگہ ایسٹ وِنگ کی تھی۔ 

ایسے وقت میں جبکہ امریکہ میں ایندھن کی قیمت آسمان چھو رہی تھی اور دیگر اشیائے ضروریہ بھی کافی مہنگی تھیں، مذکورہ خبریں آتی رہیں جن کے پیش نظر امریکیوں نے طے کرلیا کہ وہ ٹرمپ کو سبق سکھا کر رہیں گے۔ وہ انہوں نے سکھا دیا۔ ری پبلکن پارٹی، جس سے ٹرمپ وابستہ ہیں، دونوں ایوانوں میں منہ کے بل گری۔ سوال یہ ہے کہ اب کیا ہوگا؟ اس کا سیدھا جواب یہ ہے کہ ٹرمپ پر دباؤ بڑھے گا کہ وہ جلد سے جلد جنگ ختم کریں اور ایندھن کی رسد و فراہمی کو آسان بنائیں اور بڑھی ہوئی قیمتوں کو قابو میں کریں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ترکی کانفرنس ’’کاپ ۳۱‘ ‘

یہ اتنا آسان نہیں ہے۔ وہ اگر کچھ کرسکتے ہیں تو یہی کہ ۱۷؍ جون کو اُنہوں نے جن دستاویزات (ورسیلز ڈاکومینٹس) پر دستخط کئے تھے، اُن سے دوبارہ رجوع کریں۔ ان دستاویزوں سے ایران پر لگی پابندی ہٹی تھی اور آبنائے ہرمز کا کنٹرول دیا گیا تھا۔ ٹرمپ کو اس سے دقت نہیں تھی مگر تب ہی تک جب تک جنگ کے پرستاروں نے، جو اُنہیں گھیرے رہتے ہیں، اُن سے کچھ نہیں کہا تھا۔ جب اُنہوں نے دباؤ ڈالنا شروع کیا تو حالات بدلنے لگے۔ بتا دیں کہ یہ پرستارانِ جنگ اسرائیل کے مفادات کیلئے سرگرم رہتے ہیں۔

امریکی انتخابات میں ری پبلکن پر ڈیموکریٹس کی فتح کا ایک معنی یہ بھی ہے کہ امریکی عوام میں اسرائیل غیر مقبول ہوگیا ہے۔ دو تہائی عام امریکی اور تین چوتھائی نوجوان امریکی اسرائیل کو ناپسندیدہ نگاہوں سے دیکھتے ہیں۔ ٹرمپ کے دیس کا سب سے زیادہ با اثر لابی گروپ ’’امریکن اسرائیل پبلک افیئرس کمیٹی‘‘ ہے۔ اس نے ۲۱؍ اکتوبر کو کہا کہ وہ اُمیداروں کی تائید کرنا یا اُنہیں پیسہ دینا پسند کردے گا۔ جہاں تک ڈیموکریٹس کا تعلق ہے، وہ ایسی پالیسی کے حق میں ہیں اور اسے ہر قیمت پر لاگو کرنا چاہتے ہیں جن سے طبی سہولتیں عام ہوں۔ طبی سہولتیں امریکہ میں بہت مہنگی ہیں۔ لگتا ہے کہ جلد ہی دونوں پارٹیوں (یعنی ڈیموکریٹس کے ساتھ ری پبلکن بھی) میں ہیلتھ کیئر کے موضوع پر اتفاق رائے ہوجائیگا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ایسے حامی کو، جو تارکین وطن کے خلاف پالیسیوں کو سخت کرنے پر یقین رکھتا ہے، فوجی سربراہ مقرر کردیا ہے۔ اس کا نام ہے اسٹیفن ملر۔ تاہم، جس شدت و جارحیت کے ساتھ امریکہ میں تارکین وطن قانون (جسے آئس کہا جاتا ہے) نافذ کیا گیا ہے، اس سے عام امریکی شہری خاصے پریشان ہیں۔ امریکیوں کی بڑی تعداد چاہتی ہے کہ جو جرائم پیشہ ہیں اُنہیں چھوڑ کر غیر قانونی تارکین وطن میں شامل ایسے افراد کو شہریت دینے کا راستہ ہموار کرنا چاہئے جو پُرامن طریقے سے رہتے آئے ہیں۔ اس عام خیال کی وجہ سے ایسا لگتا ہے کہ آئندہ ہفتوں اور مہینوں میں غیر قانونی تارکین وطن کے تعلق سے امریکی ضابطے تبدیل کئے جائینگے۔ 

یہ بھی پڑھئے: آزادی کی جنگ کا قبائلی رنگ

مزید جو تبدیلی مذکورہ انتخابی نتائج کے بعد آسکتی ہے، یہ ہے کہ ری پبلکن پارٹی پر ٹرمپ کی گرفت کمزور ہوگی۔ اُن کی سیاسی طاقت کا راز اس امر میں پنہاں ہے کہ وہ جن اُمیدواروں کی تائید کرتے ہیں وہ انتخاب جیت لیتے ہیں۔ اب یہ بھی ہوگا کہ وہ لوگ (لیڈران) جو اُن کے جانشین ہوسکتے ہیں، اُنہیں چیلنج کرینگے اور اپنا اثر و رسوخ بڑھائیں گے۔ تاریخ بتاتی ہے کہ کئی انتخابات ایسے ہوئے ہیں جن کے بعد امریکہ میں تبدیلیاں آئی ہیں۔ جارج ڈبلیو بش ری پبلکن تھے، اُن کا جانشین ڈیموکریٹس سے آیا (بارک اوبامہ) کیونکہ امریکی عوام عراق اور افغانستان کی جنگوں سے پریشان ہوچکے تھے۔ لِنڈن جانسن ڈیموکریٹ تھے جنہیں شہری حقوق کی حفاظت کیلئے اہم مانا جاتا ہے، اُن کے جانیشن رچرڈ نکسن ہوئے جنہوں نے ویتنام کی جنگ ختم کروائی۔ 

خیال رہے کہ حالیہ انتخاب میں جن ریاستوں سے ڈیموکریٹس کو زیادہ سپورٹ ملا وہ مسی سپی اور ٹیکساس جیسی ریاستیں ہیں۔ یہ ہاتھ سے نکل چکی ہیں اس لئے ری پبلکن کیلئے صدارتی دوڑ مشکل ہوگئی ہے۔ اب ری پبلکن کو اپنے اندر تبدیلیاں لانی ہونگی، لیڈروں کو بدلنا ہو گا تبھی وہ اپنی بقاء کا کسی حد تک انتظام کرسکتی ہے ورنہ نہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK