ٹیلی مواصلات میں بڑی خرابی کے باعث فضائی کنٹرول نظام متاثر ہوا تھا جس کے سبب یہ پابندی عائد کی گئی تھی ، ۱۱؍ ہزار کے قریب پروازیں متاثر ہوئیں ۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 10:26 AM IST | Washington
ٹیلی مواصلات میں بڑی خرابی کے باعث فضائی کنٹرول نظام متاثر ہوا تھا جس کے سبب یہ پابندی عائد کی گئی تھی ، ۱۱؍ ہزار کے قریب پروازیں متاثر ہوئیں ۔
امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے طیاروں کی روانگی روکنے کا حکم واپس لے لیا ہے۔ فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام کو متاثر کرنے والی ٹیلی مواصلات کی بڑی خرابی کے باعث یہ پابندی عائد کی گئی تھی۔ایف اے اے نے اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک نوٹس میں کہاکہ ایف اے اے کے کمانڈ سینٹر کی جانب سے ملک بھر میں پروازوں کی روانگی روکنے کا حکم منسوخ کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل جمعہ کو ایف اے اے نے ہنگامی حالات اور حفاظتی خدشات کے پیش نظر امریکہ کے تمام ہوائی اڈوں سے طیاروں کی روانگی عارضی طور پر روکنے کا حکم دیا تھا۔ بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے معاملے میں الگ الگ حالات کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جانا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: نتن یاہو نے اسرائیل کے مفاد پر اپنے ذاتی سیاسی مفادکوترجیح دی : جو بائیڈن
ایف اے اے نے جمعہ کو مشرقی امریکی وقت کے مطابق سہ پہر تقریباً۵۴:۳؍ پر (ہندو ستانی وقت کے مطابق سنیچر کی صبح۲۴:۲) تمام پروازوں کی روانگی روک دی تھی۔ بعد میں مشرقی امریکی وقت کے مطابق رات سوا آٹھ بجے (ہندوستانی وقت کے مطابق سنیچر کی صبح۶؍ بجکر۴۵؍منٹ پر) یہ پابندی ختم کر دی گئی۔
امریکہ کے وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے بعد میں بتایا کہ ملک بھر میں پروازوں کی روانگی پر پابندی تمام علاقائی فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز کو متاثر کرنے والے مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث عائد کی گئی تھی۔اس خرابی کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر پروازیں منسوخ ہوئیں اور ان میں تاخیر بھی ہوئی۔ فلائٹ اویئر کے مطابق، پروازوں کی روانگی روکنے کے حکم کے باعث ملک بھر میں۴؍ ہزارسے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئیںجب کہ ۱۰؍ ہزارسے زیادہ پروازوں میں تاخیر ہوئی۔
فضائی شعبے کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرنے والی کمپنی سیریم کے اندازے کے مطابق، پروازوں کی معطلی سے۱۵؍ لاکھ سے زیادہ مسافر متاثر ہوئے۔امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی ہوائی اڈوں سے پروازوں کی روانگی روکنے کا سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے کوئی تعلق نہیں تھا۔فاکس نیوز کے مطابق، ٹرمپ نے نیوز نیٹ ورک سے بات چیت کے دوران ان خدشات کو مسترد کر دیا کہ ایف اے اے کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کی وجہ کوئی سائبر حملہ یا مصنوعی ذہانت سے متعلق سرگرمی تھی۔اس سے قبل امریکہ کےداخلی امور کے وزیر سلامتی مارک وین مولن نے کہا تھا کہ حکام کا خیال نہیں ہے کہ امریکی ہوائی اڈوں پر پروازیں روکنے کا سبب بننے والی خرابی کسی بدنیتی پر مبنی حملے کا نتیجہ تھی۔