Inquilab Logo Happiest Places to Work

زندگی کی تین اہم بنیادیں: فکر، عزم اور کاوش

Updated: April 17, 2026, 5:44 PM IST | Akhtar Ali | Mumbai

صالح افکار و تصورات پر محکم یقین ہی ہمارے دلوں میں آہنی عزم پیدا کرے گا اور جہد مسلسل اور کاوش پیہم کی راہ پر گامزن بھی کرے گا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

فکر، عزم اور کاوش، لغت کے یہ تین الفاظ زندگی کی تین اہم بنیادیں اور تین بیش قیمت اصول ہیں جن پر کامیاب زندگی کی عمارت تعمیر ہوتی ہے۔ اگر فکر نہ ہو تو زندگی آوارہ اور بے سمت ہوگی۔ فکر ہو مگر عزم نہ ہو تو فکر کو زندگی میں بروئے کار نہیں لایا جا سکتا۔ عزم ہو مگر کمزور ہو تو کاوشیں جنم نہیں لے سکتیں۔ اور جب کاوشیں جنم نہیں لیں گی تو فکر اور عزم کا ہونا اور نہ ہونا سب بے سود ہوگا۔ فکر پر جب گہرا یقین اور لازوال ایمان ہوتا ہے تو مضبوط عزائم جنم لیتے ہیں اور مضبوط عزائم کی کوکھ سے ایسی کاوشیں پیدا ہوتی ہیں جو عمل پیہم کا سبب بنتی اور تحریکات کو وجود میں لاتی ہیں۔ مسلسل اور پیہم کاوشوں سے زندگی میں گرمی، جوش، کشاکش، ولولہ  اور معرکہ آرائیاں وجود میں آتی ہیں اور زندگی تگا پوئے دما دم بن جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: یاد رہے، ضرورت مند کی مدد کرنا بہت اونچا عمل ہے!

یقیں محکم، عمل پیہم، محبت فاتحِ عالم

جہادِ زندگانی میں ہیں یہ مردوں کی شمشیریں

افکار صالح بھی ہوتے ہیں اور غیر صالح بھی۔ غیر صالح افکار زندگی کو پریشانی اور بے سکونی سے دو چار کرتے ہیں اور امن وآشتی کے لئے زہر ہلاہل بن کر دنیا میں فساد اور بد امنی کو جنم دیتے اور کشت و خون کا بازار گرم کرتے ہیں۔ صالح افکار دل کے لئے سکینت کا سامان مہیا کرتے ہیں اور دنیا میں عدل و قسط کا نظام قائم کرکے زندگی کو امن و آشتی سے ہم کنار کرتے ہیں۔ دونوں کی مثالوں سے تاریخ بھری پڑی ہے۔

ہم صالح افکار کے علم بردار اور امن وآشتی کے پیامبر ہیں۔ ہمارا عزم ہے کہ ہم پیہم کاوشوں سے دنیا کو جنت نظیر اور امن و آشتی کا گہوارہ بنائیں۔ بے شک باطل افکار کی یورشیں ہماری راہ میں مزاحم ہوں گی اور شیطان کے لشکر ہمارا راستہ روکیں گے مگر ہمیں گھبرانا نہیں چاہئے۔ ایمان کی طاقت اور اللہ پر بھروسا ہمارا مدد گار ہوگا۔ صالح افکار و تصورات پر محکم یقین ہی ہمارے دلوں میں آہنی عزم پیدا کرے گا اور جہد مسلسل اور کاوش پیہم کی راہ پر گامزن بھی کرے گا، ہمیں ایثار و قربانی اور صبرو عزیمت کا پیکر بنائے گا اور فاتح عالم کے بلند مقام پر فائز کرے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے: اصلاحِ معاشرہ کے لئے سوشل میڈیا کا استعمال کیجئے

حالات کی ناساز گاریوں سے گھبرانا اور مایوسیوں کو دل میں جگہ دینا سچے اہل ایمان کو زیب نہیں دیتا۔ مایوسی کفر ہے اور ایمان کیلئے موت۔  تاریکی جتنی مہیب ہو اور اندھیرا جتنا گھٹا ٹوپ،  سویرا نکل کر رہے گا۔ ہر مشکل کے بعد آسانی ہے اسلئے مشکلات سے گھبرا کر مایوس ہو جانا اپنی موت کو خود دعوت دینا ہے۔ مشکل حالات میں بہترین طرز عمل یہ ہے کہ صبر کا دامن مضبوطی سے تھام لیں اور ان حالات کیلئے جو طریقۂ عمل موزوں ہو اس کے اعتبار سے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK