یہ محض ایک بیگ نہیں بلکہ اسکرین سے بھرپور اس دنیا کیخلاف ایک رویہ اور ایک ردعمل ہے جس نے انسان کو مصروف مگر اندر سے خالی کر دیا ہے، اس میں موبائل فون نہیں ، کتابیں اور ڈائریاں رکھی جاتی ہیں۔
EPAPER
Updated: April 05, 2026, 9:34 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai
یہ محض ایک بیگ نہیں بلکہ اسکرین سے بھرپور اس دنیا کیخلاف ایک رویہ اور ایک ردعمل ہے جس نے انسان کو مصروف مگر اندر سے خالی کر دیا ہے، اس میں موبائل فون نہیں ، کتابیں اور ڈائریاں رکھی جاتی ہیں۔
ممبئی کی ایک مصروف لوکل ٹرین میں بیٹھا ایک نوجوان اپنے بیگ سے اسمارٹ فون نکالنے کے بجائے ایک موٹی سی نوٹ بک نکالتا ہے، قلم کھولتا ہے اور خاموشی سے کچھ لکھنا شروع کر دیتا ہے۔ دیگر مسافر اسکرینوں میں گم ہیں، مگر وہ ایک مختلف دنیا میں ہے۔ ایک ایسی دنیا جہاں وقت سست ہے، توجہ تقسیم نہیں بلکہ مرکوز ہے، اور زندگی کسی نوٹیفکیشن کی محتاج نہیں۔ یہی وہ لمحہ ہے جہاں ’اینالاگ بیگ‘ (Analogue Bag) کا تصور جنم لیتا ہے، اور یہی وہ لمحہ ہے جہاں سے ایک نئی معاشی کہانی شروع ہوتی ہے۔
اینالاگ بیگ محض ایک بیگ نہیں بلکہ اس تیز رفتار، اسکرین سے بھرپور دنیا کے خلاف ایک رویہ اور ایک ردعمل ہے جس نے انسان کو مسلسل مصروف مگر اندر سے خالی کر دیا ہے۔ اس بیگ میں موبائل فون نہیں بلکہ اس کے متبادل رکھے جاتے ہیں ، کتابیں، ڈائریاں، اسکیچ پیڈ، پزلز، بُنائی کا سامنا یا کوئی بھی ایسی چیز جو انسان کو حقیقی دنیا سے جوڑ دے۔ بظاہر یہ ایک ذاتی انتخاب لگتا ہے، مگر حقیقت میں یہ ایک بڑی معاشی تبدیلی کی بنیاد بن رہا ہے۔ خیال رہے کہ یہ کوئی علاحدہ بیگ یا بیگ کی کوئی نئی قسم نہیں ہے۔ یہ روزمرہ کے استعمال کا عام بیگ ہے مگر اس میں وہ چیزیں رکھی جاتی ہیں جو انسان کو ڈجیٹل دنیا سے دور کرتی ہیں۔
گزشتہ دہائی میں دنیا نے ڈجیٹل معیشت کی تیز ترین ترقی دیکھی ہے۔ اسمارٹ فونز، سوشل میڈیا، اور آن لائن پلیٹ فارمز نے نہ صرف انسانی زندگی بلکہ کاروباری ماڈلز کو بھی بدل دیا۔ مگر ہر انقلاب اپنے ساتھ ایک ردعمل بھی لاتا ہے۔ آج وہ ردعمل ’’ڈجیٹل تھکن‘‘ کی شکل میں سامنے آ رہا ہے۔ اسکرین کا مسلسل استعمال، نوٹیفکیشنز کی بھرمار، اور معلومات کے سیلاب نے انسانی ذہن کو ایک ایسی کیفیت میں دھکیل دیا ہے جہاں توجہ کمزور ہو رہی ہے اور ذہنی سکون نایاب ہوتا جا رہا ہے۔ اسی خلا کو اینالاگ بیگ بھرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
عالمی سطح پر یہ رجحان کسی ایک ملک تک محدود نہیں۔ امریکہ، یورپ اور جاپان میں ’ڈجیٹل ڈیٹوکس‘ پہلے ہی ایک صنعت بن چکا ہے، جہاں لوگ چھٹیاں اس مقصد کیلئے لیتے ہیں کہ وہ خود کو ٹیکنالوجی سے دور رکھ سکیں۔ اینالاگ بیگ اسی تصور کا ایک سادہ مگر مؤثر ورژن ہے۔ یہ کسی مہنگی سروس یا ریزورٹ کا محتاج نہیں، بلکہ ایک عام انسان کے روزمرہ کے بیگ میں شامل ہو سکتا ہے۔ یہی اس کی اصل طاقت ہے، اور یہی وجہ ہے کہ یہ تیزی سے ایک ’’لو کاسٹ ہائی امپیکٹ‘‘ (low cost high impact) معاشی رجحان میں تبدیل ہو رہا ہے۔
ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی ڈجیٹل آبادیوں میں شامل ہے جہاں یو پی آئی، سوشل میڈیا، اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز نے زندگی کو مکمل طور پر اسکرین پر منتقل کر دیا ہے۔ ایک عام شہری کا دن موبائل سے شروع ہو کر موبائل پر ہی ختم ہوتا ہے۔ ایسے ماحول میں جب اینالاگ بیگ جیسا تصور سامنے آتا ہے تو وہ محض ایک فیشن نہیں رہتا بلکہ ایک ضرورت بن جاتا ہے۔ یہی ضرورت اب کاروباری مواقع میں تبدیل ہو رہی ہے۔
ہمارے ملک میں اسٹیشنری انڈسٹری، جو کبھی ڈجیٹائزیشن کے دباؤ میں سکڑتی جا رہی تھی، اب ایک نئی زندگی حاصل کر سکتی ہے۔ نوٹ بکس، جرنلز، اور تخلیقی سامان کی مانگ میں اضافہ اس بات کا اشارہ ہے کہ صارفین دوبارہ ’’ٹچ اینڈ فیل‘‘ مصنوعات کی طرف لوٹ رہے ہیں۔ اسی طرح پبلشنگ انڈسٹری، خاص طور پر پرنٹ بکس، نئے صارفین کو متوجہ کر سکتی ہے جو اسکرین سے ہٹ کر پڑھنے کا تجربہ چاہتے ہیں۔ یہ تبدیلی چھوٹے بک اسٹورز اور مقامی کاروباروں کیلئے بھی ایک موقع ہے کہ وہ خود کو نئے انداز میں پیش کریں۔
اس کے ساتھ ایک اور اہم تبدیلی ’’کریئیٹر اکنامی‘‘ (creator economy)سے ’’کریئیٹویٹی اکنامی‘‘ (creativity economy) ہے۔ جہاں پہلے نوجوان صرف ویڈیوز دیکھتے اور لائکس دباتے تھے، اب وہ خود کچھ بنانے کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔ ڈرائنگ، جرنلنگ، اور دستکاری جیسی سرگرمیاں نہ صرف ذہنی سکون فراہم کرتی ہیں بلکہ ایک نیا مارکیٹ بھی بنا رہی ہیں۔ اس سے ڈی آئی وائی کٹس، آرٹ ورکشاپس، اور ہوبی بیسڈ اسٹارٹ اپس کیلئے دروازے کھل رہے ہیں۔
اینالاگ بیگ بذات خود کوئی مہنگا پروڈکٹ نہیں، مگر اس کے اردگرد بننے والا ایکو سسٹم انتہائی منافع بخش ہو سکتا ہے۔ صارفین کیلئے براہ راست برانڈز اس رجحان کو استعمال کرتے ہوئے ’’اینالاگ کٹس‘‘ (analog kits) بنا سکتے ہیں، جو صارفین کو ایک مکمل تجربہ فراہم کریں۔ اسی طرح سبسکرپشن ماڈلز، جیسے ماہانہ ہوبی باکسز، ایک مستحکم آمدنی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ یہ سب کچھ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مستقبل کی معیشت صرف ٹیکنالوجی پر نہیں بلکہ انسانی تجربات پر بھی منحصر ہوگی۔ اینالاگ کی واپسی ایک بڑے رجحان کا حصہ ہے جس میں لوگ سادہ اور حقیقی چیزوں کی طرف دوبارہ لوٹ رہے ہیں۔ وینائل ریکارڈز، پرنٹ میگزینز، اور ہینڈ میڈ مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اسی بات کاواضح ثبوت ہے۔ یہ درحقیقت ایک behavioral correction ہے، جہاں انسان خود کو اس تیز رفتار ڈجیٹل دنیا کے اثرات سے بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔
تاہم اس رجحان کے ساتھ کچھ سوالات بھی جڑے ہوئے ہیں۔ کیا یہ واقعی ایک طویل مدتی تبدیلی ہے یا صرف ایک عارضی فیشن؟ کیا لوگ واقعی اسکرین سے دور رہنے کیلئے تیار ہیں، یا یہ بھی سوشل میڈیا کا ایک اور ٹرینڈ بن کر رہ جائے گا؟ ان سوالات کے جوابات ابھی واضح نہیں، مگر ایک بات یقینی ہے کہ صارفین کے رویے میں تبدیلی آ رہی ہے، اور یہی تبدیلی کسی بھی معیشت کی سمت طے کرتی ہے۔ اینالاگ بیگ یہ سکھاتا ہے کہ معیشت صرف بڑی کمپنیوں، پیچیدہ ٹیکنالوجیز یا اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے نہیں بنتی، بلکہ چھوٹے انسانی فیصلوں سے بنتی ہے۔ جب ایک شخص اپنے بیگ میں موبائل کے بجائے ایک کتاب رکھتا ہے، تو وہ صرف اپنی عادت نہیں بدل رہا ہوتا ہے بلکہ ایک نئی معاشی کہانی کا حصہ بن رہا ہوتا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ آنے والے وقت میں، جب لوگ ڈجیٹل انقلاب کی بات کریں گے، تو اس کے ساتھ ایک خاموش انقلاب کا بھی ذکر ہوگا، ایک ایسا انقلاب جو اسکرین کے باہر، ایک سادہ سے بیگ کے اندر شروع ہوا تھا۔