کی اسپائی یونیورس کی چھٹی فلم ’وار ۲‘ ریلیز ہوئی جس میں رتیک روشن اور جونیئر این ٹی آر نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔ اس فلم نے باکس آفس پر توقع کے مطابق بہت کم کاروبار کیا ہے اور ماہرین اسے اسپائی یونیورس کی پہلی فلاپ فلم قرار دے رہے ہیں۔
EPAPER
Updated: August 24, 2025, 12:07 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai
کی اسپائی یونیورس کی چھٹی فلم ’وار ۲‘ ریلیز ہوئی جس میں رتیک روشن اور جونیئر این ٹی آر نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔ اس فلم نے باکس آفس پر توقع کے مطابق بہت کم کاروبار کیا ہے اور ماہرین اسے اسپائی یونیورس کی پہلی فلاپ فلم قرار دے رہے ہیں۔
۲۰۰۷ء میں فلم بنانے والی ہالی ووڈ کی معروف پروڈکشن کمپنی مارول اسٹوڈیوز نے اپنی ’سپر ہیرو‘ کائنات بنانے کا فیصلہ کیا جس کے تحت ۲۰۰۸ء سے ۲۰۱۹ء تک ۴؍ مرحلوں میں کل ۲۲؍ فلمیں ریلیز ہوئیں۔ پہلی فلم ’آئرن مین‘ (۲۰۰۸ء) اور آخری فلم ’اوینجرز: اینڈگیم‘ (۲۰۱۹ء) تھی۔ تمام ۲۲؍ فلمیں باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئیں جبکہ آخر کی چند فلموں نے بلاک بسٹر کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد مارول نے نئے یونیورس کا اعلان کیا اور پھر اس کی فلموں کا زوال شروع ہوگیا۔ فلم یونیورس کیا ہے؟ مختلف فلموں کو ایک دوسرے سے جوڑ کر ایک آخری فلم بنانا، جس میں کئی ہیرو اور کئی ویلن یا صرف ایک سب سے طاقتور ویلن ہو اور کہانی کو انجام تک پہنچایا جائے۔ مارول کے ’’ایم سی یو‘‘ (مارول سنیماٹک یونیورس) کی زبردست کامیابی کے بعد بہت سے اسٹوڈیوز نے اپنا اپنا یونیورس بنانے کی کوشش کی۔ پھر ہالی ووڈ، بالی ووڈ، ٹالی ووڈ، مولی ووڈ، سینڈل ووڈ اور کولی ووڈ وغیرہ جیسی مختلف فلم انڈسٹریز میں ’یونیورس‘ قائم کرنے کی ہوڑ لگ گئی۔ بعض اسٹوڈیوز اور فلمسازوں نے اپنے اپنے یونیورس کا اعلان کیا جو آئندہ کئی برسوں پر محیط ہے۔ لیکن اہم سوال یہ ہے کہ کیا فلم شائقین میں یونیورس کے تعلق سے دلچسپی زیادہ عرصے تک برقرار رہے گی؟
۱۴؍ اگست کو یش راج فلمزکی اسپائی یونیورس کی چھٹی فلم ’وار ۲‘ ریلیز ہوئی جس میں رتیک روشن اور جونیئر این ٹی آر نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔ اس فلم نے باکس آفس پر توقع کے مطابق بہت کم کاروبار کیا ہے اور ماہرین اسے اسپائی یونیورس کی پہلی فلاپ فلم قرار دے رہے ہیں۔ اس یونیورس میں ریلیز ہونے والی فلموں کی ترتیب یوں ہے: ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘، ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘، ’’وار‘‘، ’’پٹھان‘‘ اور ’’ٹائیگر ۳‘‘۔ اور اب ’’وار ۲‘‘ کی ناکامی کے بعد اسپائی یونیورس پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ناظرین کو ان فلموں میں کچھ مختلف نظر نہیں آرہا ہے۔ انہیں یوں محسوس ہورہا ہے کہ یہ تمام فلمیں تقریباً ایک جیسی ہی ہیں اور ان میں ایسا کچھ نہیں ہے جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ اگر غور کریں تو احساس ہوگا کہ’ٹائیگر ۳‘ کی ریلیز اور توقع سے کم کاروبار نے یش راج کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی تھی، اس کے باوجود ’وار ۲‘ میں کچھ منفرد کرنے پر غور نہیں کیا گیا۔ اس یونیورس کے تحت کرسمس ۲۰۲۵ء پر ریلیز ہونے والی عالیہ بھٹ کی ’الفا‘ پر بھی خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
گزشتہ دیوالی پر روہت شیٹی کی کوپ یونیورس سے ’سنگھم اگین‘ ریلیز ہوئی جس کے متعلق اندازہ لگایا گیا تھا بھاری بھرکم اسٹار کاسٹ کے سبب یہ باکس آفس پر تمام ریکارڈ توڑ دے گی مگر یہ فلم عالمی باکس آفس پر ۴۰۲؍ کروڑ روپے پر ڈھیر ہوگئی۔ اس فلم میں اجے دیوگن، اکشے کمار، ٹائیگر شروف، رنویر سنگھ، دپیکاپڈوکون اور کرینہ کپور جیسے بڑے نام تھے مگر یہ شائقین کی امیدوں پر پوری نہیں اترسکی۔ ’اوینجرز: اینڈ گیم‘ کی زبردست کامیابی کے ۶؍ سال بعد فلموں کے یونیورس کا تصور کوئی نیا نہیں ہے۔ ایک جانب جہاں مارول اپنے کرداروں اور کہانیوں کو اچھی طرح مربوط کرنے میں کامیاب رہا، وہیں بالی ووڈ کے یونیورس ایسا کرنے میں ناکام رہے، اور عارضی کیمیوز کے ذریعے شائقین کو اپنی جانب کھینچنے کی کوشش کرتے رہے۔ جس کا نتیجہ یہ ہے کہ کسی بھی یونیورس کی تمام فلمیں ایک جیسی محسوس ہوتی ہیں اور ان میں نیا پن بالکل نظر نہیں آتا۔
ایسا صرف بالی ووڈ ہی نہیں ہالی ووڈ کے اُن دیگر اسٹوڈیوز کا بھی حال ہے جو یونیورس بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان میں یونیورسل کے ڈراک یونیورس، مارول کے امیزنگ اسپائیڈر مین یونیورس، اور ایکس مین اوریجنس یونیورس اور ڈی سی کے ڈی سی ای یوکے نام قابل ذکر ہیں۔ ملیالم، تمل، کنڑ اورتیلگو میں بھی یونیورس بنائے جارہے ہیں جو باکس آفس پرخاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرپا رہی ہیں۔
بالی ووڈ میں میڈوک فلمز کی ہارر کامیڈی یونیورس کی ۴؍ فلمیں ؛ ’استری‘، ’بھیڑیا‘، ’منجیا‘ اور’استری ۲‘، باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی ہیں۔ پروڈکشن ہاؤس نے اکتوبر ۲۰۲۸ء میں اس یونیورس کی آخری فلم کا اعلان بھی کردیا ہے۔ اس کائنات سے ابھی ۸؍ فلمیں ریلیز ہوں گی، جس کی پہلی اور یونیورس کی پانچویں فلم آیوشمان کھرانہ اور رشمیکا مندانا کی ’تھاما‘ ہے جس کی ریلیز تاریخ دیوالی ۲۰۲۵ء ہے۔ حال ہی میں فلم کا ٹیزر ریلیز ہوا جسے شائقین کے ملے جلے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسے میں یہ واضح نہیں ہے کہ یہ فلم باکس آفس پر جادو دکھا سکے گی یا نہیں، اور شائقین کی امیدوں پر پوری اترے گی یا نہیں۔ فلم سے توقعات بھی ہیں اور ہارر کامیڈی یونیورس کے ناکام ہونے کے خطرات بھی ہیں۔ ایک خاص بات یہ ہے کہ ہارر کامیڈی کی ہر فلم کی کہانی اور کردار مختلف ہیں، اس لئے اس کے ناکام ہونے کے امکانات کم نظر آتے ہیں۔ دوسری جانب اسپائی یونیورس اور کوپ یونیورس کے کرداروں اور کہانیوں میں کوئی خاص فرق نہیں ہے اس لئے ناظرین ان سے اوب گئے ہیں۔ اس کے باوجود’وار ۲‘ اور’سنگھم اگین‘ جیسی بڑی فلموں کے باکس آفس کلیکشن نے یونیورس بنانے والوں کو سرخ جھنڈی دکھا دی ہے۔
اگر فلم شائقین کے رجحان میں تبدیلی آرہی ہے تو ہندوستانی فلمسازوں کو اسے سمجھنا ہوگا۔ یہ بات یقینی ہے کہ پروڈکشن ہاؤسیز نے یونیورس کے تحت مستقبل میں آنے والی فلموں پر خرچ کرنا شروع کردیا ہے، اگر ان کی فلموں میں سے ایک، دو یا ۳؍ فلاپ ہوں گی تو یونیورس کو اس کے اختتام تک پہنچانا ناممکن ہوجائے گا۔