Inquilab Logo Happiest Places to Work

Namenomics: کیا ایک نام اربوں ڈالر کا ہوسکتا ہے؟ یہ ہے’’برانڈ نیم‘‘ کی دُنیا!

Updated: July 24, 2026, 9:57 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

’’برانڈ‘‘، یہ ایک لفظ ہے، جو بہت معمولی لگتا ہے مگر یہی کسی کمپنی کیلئے اربوں ڈالر کی مارکیٹ ویلیو، صارفین کا اعتماد اور عالمی شناخت پیدا کر سکتا ہے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

اگر آج آپ سے پوچھا جائے کہ ایپل، نائیکی، زومیٹو، گوگل، سویگی، جیو یا ٹیسلا کی سب سے قیمتی چیز کیا ہے، تو شاید آپ ان کی ٹیکنالوجی، مصنوعات یا مارکیٹ شیئر کے بارے میں بتائیں گے لیکن برانڈنگ کے ماہرین کہیں گے کہ ان کمپنیوں کی سب سے طاقتور ملکیت ان کا نام ہے۔ 
’’برانڈ‘‘، یہ ایک لفظ ہے، جو بہت معمولی لگتا ہے مگر یہی کسی کمپنی کیلئے اربوں ڈالر کی مارکیٹ ویلیو، صارفین کا اعتماد اور عالمی شناخت پیدا کر سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کی بڑی کمپنیاں (حتیٰ کہ اسٹارٹ اَپس بھی) اب صرف لوگو یا اشتہارات پر سرمایہ نہیں لگاتیں بلکہ ایک مناسب ’’نام‘‘ تلاش کرنے پر بھی لاکھوں ڈالر خرچ کرنے کو تیار رہتی ہیں۔ 
حقیقت یہ ہے کہ برانڈ کا نام رکھنا اب تخلیقی مشغلہ سے زیادہ ایک صنعت کی شکل اختیار کرچکا ہے جہاں ماہرین لسانیات، ماہرین نفسیات، مارکیٹنگ اسٹریٹجسٹ، ٹریڈ مارک وکلاء اور ڈیٹا اینالسٹ ایک ہی میز پر بیٹھ کر ایک خاص لفظ تلاش کرتے ہیں۔ کاروباری دنیا میں یہ ’’نیمنامکس‘‘ (Namenomics) کہلاتا ہے۔ نیم (برانڈ کا نام) اور اکنامکس (معیشت) کو جوڑ کر بنائی گئی یہ اصطلاح اتنی نئی ہے کہ انٹرنیٹ نے اسے اب تک اپنے ڈومین میں شامل بھی نہیں کیا ہے۔ یہ تبدیلی بتاتی ہے کہ جدید معیشت میں مصنوعات سے زیادہ ان کی شناخت فروخت ہوتی ہے۔ 
کسی زمانے میں کمپنی کا نام رکھنا نسبتاً آسان تھا۔ مالک اپنے خاندان، شہر یا مصنوعات کے نام پر کمپنی قائم کر دیتا تھا۔ لیکن ڈجیٹل دور نے یہ سادگی ختم کر دی۔ آج ایک نام کا صرف خوبصورت ہونا کافی نہیں۔ اسے دنیا کی مختلف زبانوں میں قابلِ قبول، آسان تلفظ، انٹرنیٹ ڈومین کے طور پر دستیاب، قانونی طور پر محفوظ، سرچ انجن میں نمایاں اور سوشل میڈیا پر منفرد بھی ہونا چاہئے۔ 
یہی وجہ ہے کہ ایک اچھے نام کی تلاش اب کئی کئی ماہ جاری رہتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ صارف برانڈ نیم کے پیچھے چھپی سائنس سے بے خبر ہوتا ہے۔ وہ سمجھتا ہے کہ کسی بانی کے ذہن میں اچانک ایک خیال آیا اور کمپنی کا نام رکھ دیا گیا۔ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ بڑی کمپنیاں سیکڑوں بلکہ بعض اوقات ہزاروں ممکنہ نام تیار کرتی ہیں۔ پھر ہر نام کو مختلف مراحل سے گزارا جاتا ہے، مثلاً کیا یہ آسانی سے بولا جا سکتا ہے؟ کیا صارف کے ذہن پر نقش ہوسکتا ہے؟ کیا مختلف ثقافتوں میں اس کا کوئی منفی مطلب تو نہیں ؟ کیا اس پر ٹریڈ مارک مل سکتا ہے؟ کیا یہ مستقبل میں نئی مصنوعات کیلئے بھی موزوں رہے گا؟ کیا اس کا ویب ڈومین دستیاب ہے؟ ان تمام سوالوں کے اطمینان بخش جواب کے بعد ہی کسی ایک نام پر اتفاق ہوتا ہے۔ کئی ایسی کمپنیاں آگئی ہیں جن کا کام برانڈز کے نام تخلیق کرنا ہے۔ ان میں Lexicon Branding اور Catchword کے نام قابل ذکر ہیں جنہوں نے بلیک بیری پاور بک اور دسانی جیسے مشہور نام تخلیق کئے۔ 
اہم پہلو یہ ہے کہ برانڈ نیم صارفین کے احساس سے جڑتا ہے۔ نفسیاتی مطالعات سے معلوم ہوا ہے کہ جن الفاظ کا تلفظ آسان ہو، وہ لوگوں کو زیادہ قابلِ اعتماد اور زیادہ پسندیدہ محسوس ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مختصر، واضح اور یاد رہ جانے والے نام مارکیٹ میں اکثر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ 
دورِ حاضر کا سب سے بڑا چیلنج منفرد ہونا ہے۔ دنیا بھر میں لاکھوں ٹریڈ مارکس پہلے ہی رجسٹر ہو چکے ہیں۔ ہر سال نئی کمپنیوں، ایپس اور مصنوعات کی آمد اس مقابلے کو مزید سخت بنا رہی ہے۔ اس ماحول میں ایسا نام تلاش کرنا جو منفرد بھی ہو، قانونی طور پر دستیاب بھی ہو اور عالمی سطح پر قابلِ استعمال بھی، پہلے کے مقابلے کہیں زیادہ مشکل ہو گیا ہے اسلئے ماہرین اب روایتی الفاظ کے بجائے مرکب الفاظ، تخلیقی آوازوں اور مصنوعی طور پر تخلیق کئے گئے ناموں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ 
ایک دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ مصنوعی ذہانت نے اس پیشے کو بھی بدلنا شروع کر دیا ہے۔ اب اے آئی چند سیکنڈز میں ہزاروں ممکنہ نام تجویز کر سکتا ہے۔ مختلف زبانوں میں ان کے مفہوم بھی بتاسکتا ہے۔ بظاہر یہ عمل آسان ہو گیا ہے لیکن ماہرین کہتے ہیں کہ یہی اصل چیلنج ہے۔ جب کوئی بھی شخص اے آئی سے ہزاروں نام حاصل کر سکتا ہے تو منفرد نام تلاش کرنا واقعی مشکل ہوگیا ہے۔ اے آئی رفتار بڑھا سکتا ہے مگر انسانی تخلیقی بصیرت اور ثقافتی حساسیت کی جگہ ابھی بھی مکمل طور پر نہیں لے سکا ہے۔ 
ہندوستان میں برانڈ نیم تخلیق کرنے کی صنعت کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ اسٹارٹ اپ کلچر، ڈجیٹل معیشت اور صارفین کے درمیان بڑھتے ہوئے مقابلے نے برانڈنگ کو کاروباری حکمت عملی کا مرکزی حصہ بنا دیا ہے۔ اب صرف اچھا پروڈکٹ کافی نہیں ؛ اگر نام یاد نہ رہے تو مارکیٹنگ بجٹ کا بڑا حصہ ضائع ہو سکتا ہے اس لئے نئے کاروبار اپنی ابتدائی سرمایہ کاری میں برانڈ اسٹریٹیجی، بصری شناخت اور برانڈ نیم کیلئے بھی بجٹ مختص کر رہے ہیں۔ تاہم اس رجحان نے ایک نئی بحث بھی چھیڑ دی ہے۔ کیا واقعی ایک اچھا نام کسی کمزور کاروبار کو کامیاب بنا سکتا ہے؟ جی نہیں۔ تاریخ میں بے شمار مثالیں موجود ہیں جہاں بہترین برانڈ نیم والی کمپنیاں ناکام ہو گئیں کیونکہ ان کے پاس معیاری اشیاء یا واضح کاروباری حکمت عملی نہیں تھی۔ دوسری جانب کئی کمپنیاں ایسے ناموں کے ساتھ عالمی برانڈ بنیں جو ابتدا میں عجیب محسوس ہوتے تھے۔ گوگل، اسپوٹیفائی، زیروکس اور زومیٹو جیسے نام آج عام ہیں لیکن ابتدا میں یہ قطعی غیرمانوس تھے۔ ان کی اصل طاقت نام میں نہیں بلکہ اس تجربے میں تھی جو انہوں نے صارفین کو فراہم کیا۔ 
حقیقت یہ ہے کہ برانڈ نیم دروازہ کھول سکتا ہے لیکن اس کے اندر داخل ہونے کی وجہ معیار، اعتماد اور صارف کا تجربہ بنتا ہے۔ اگر کاروبار (مصنوع یا خدمات) کمزور ہو تو اچھا برانڈ نیم بھی زیادہ دیر تک اسے سہارا نہیں دے سکتا۔ مستقبل میں برانڈ نیم کا کاروبار مزید پیچیدہ ہوگا۔ اے آئی، عالمی تجارت، کثیر لسانی منڈیاں اور ٹریڈ مارک قوانین اس شعبے کو پہلے سے زیادہ پیشہ ور بنا رہے ہیں۔ ممکن ہے مستقبل میں اے آئی ابتدائی تجاویز دے مگر حتمی فیصلہ انسان کرے کیونکہ ایک کامیاب نام صرف زبان کا مسئلہ نہیں بلکہ ثقافت، نفسیات، کاروباری حکمت عملی اور انسانی جذبات کا امتزاج ہوتا ہے۔ کاروباری دنیا میں اکثر کہا جاتا ہے کہ:
You never get a second chance to make a first impression.
(پہلا تاثر قائم کرنے کا دوسرا موقع کبھی نہیں ملتا)
یہی اصول برانڈ کیلئے بھی ہے۔ اشیاء استعمال کرنے سے قبل صارف برانڈ نیم سنتا ہے۔ اگر وہ نام اعتماد قائم نہ کرسکے یا یادداشت میں جگہ نہ بنا سکے تو بہترین اشیاء بھی بھیڑ میں گم ہو سکتی ہیں اسلئے برانڈ نیم اب محض شناخت نہیں، سرمایہ ہے۔ ایک ایسا غیر مرئی اثاثہ جو فیکٹری میں بنتا ہے نہ مشین سے تیار ہوتا ہے مگر کمپنی کی سب سے قیمتی ملکیت ثابت ہوتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK