آٹو ڈرائیوروں کے جھگڑوں سے بچنے کیلئے جنگ کا حوالہ دے کر انتظامیہ پمپ کے باہر بورڈ لگانے پر مجبور
EPAPER
Updated: March 19, 2026, 1:10 AM IST | Nagpur
آٹو ڈرائیوروں کے جھگڑوں سے بچنے کیلئے جنگ کا حوالہ دے کر انتظامیہ پمپ کے باہر بورڈ لگانے پر مجبور
گزشتہ ۱۹ ؍دنوں سے امریکہ اسرائیل ایران جنگ سے ایک طرف جہاں گھریلو گیس سلنڈر سپلائی میں خلل پڑا ہے ، وہیں ملک میں ایندھن کی قلت کا سامنا بھی ہے۔ ناگپور میں گاڑیوں کے لیے استعمال ہونے والی ایل پی جی کی قیمت ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ اس کی وجہ سے آٹو ڈرائیوروں اور گاڑیوں کے مالکان کی جیبوں پر بھاری بوجھ پڑ رہا ہے۔ ناگپور شہر کے ’گو گیس پمپ‘ پر ایل پی جی کی قیمت میں ۵؍روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں سے ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے گاڑی چلانے والوں میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے۔
ایران پر امریکہ اوراسرائیل کے حملوں سے مشرق وسطیٰ میں ہنگامی صورتحال ہے، اس باعث ایندھن کی قیمتوں پر اثرپڑرہا ہے۔ حالانکہ مرکزی حکومت مسلسل دعوے کررہی ہے کہ ایندھن کا خاطر خواہ ذخیرہ موجود ہے ،ا س کے باوجود گزشتہ دو ہفتوں میں آٹو ایل پی جی کی قیمت میں ۲۸؍ روپے ۳۶؍ پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔
ایل پی جی اسٹیشن آپریٹرز نے قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے صارفین کے غصے کے امکان کے پیش نظر پہلے ہی احتیاطی تدابیر اختیار کر لی ہیں۔ شہر کے کئی ایل پی جی پمپس پر نوٹس بورڈز لگائے گئے ہیں جن میں جنگ کی وجہ سے قیمتوں میں اضافے کی اطلاع دی گئی ہے۔ پمپ مینیجرز نے بتایا کہ یہ اقدام آٹو ڈرائیوروں کی بحث سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔
اگر قیمتوں میں اضافے پر ایک نظر ڈالیں تو ۶؍فروری کو آٹو ایل پی جی کی قیمت۵۶ء۵۶؍ روپے فی لیٹر تھی۔ پھر ۷؍ فروری کو یہ۸ء۴۱؍ روپے بڑھ کر۶۴ء۹۷؍روپے ہو گیا۔ ۸؍فروری کو یہ دوبارہ۵؍روپے بڑھ کر۶۹ء۹۷؍ روپے ہو گیا۔۹؍ فروری کو مزید۵؍ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے بعد قیمت میں اتار چڑھاؤ ہوتا رہا اور ۱۸؍فروری کو ایل پی جی کی قیمت۸۴ء۸۲؍ روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔ بتادیں کہ ایران اسرائیل جنگ کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں کے علاوہ رسد، اور نقل و حمل کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ نرخوں میں اس مسلسل اضافہ نے آٹو ڈرائیوروں کی مالی حالت مزید خراب کر دی ہے اور مستقبل میں مسافروں کے کرایوں میں اضافے کے خدشات ہیں اور کرایوں میں اضافے سے عام مسافر بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔