• Tue, 03 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریاست کی کئی عدالتوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی سے سنسنی پھیل گئی

Updated: November 03, 2026, 1:24 PM IST | ZA Khan/Ismail Shad | Nanded/Dhule

عدالتی احاطوں میں بم اسکواڈ اورپولیس اہلکاروں نے چپہ چپہ کی تلاشی لی، کھوجی کتوںکی بھی مدد لی گئی۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

ریاست کی کئی عدالتوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد پیر کی دوپہر تقریباً۲؍ بج کر ۴۵؍ منٹ سے ریاست کے مختلف عدالتی احاطوں میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا ۔اچانک ہونے والی اس ہنگامی کارروائی سے سراسیمگی کا ماحول رہا اور قیاس آرائیوں کا بازار بھی گرم رہا۔ تاہم پولیس نے عوام سے افواہوں پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

پیر کو ناندیڑ ضلع عدالت میں بھی پولیس کی گاڑی داخل ہونے کے کچھ ہی دیر بعد لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے عدالت میں موجود فریقین، وکلا اور افسران و ملازمین سے عدالتی عمارت خالی کرنے کی اپیل کی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ بم کی موجودگی کا پتہ لگانے کیلئے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ٹرمپ کی حمایت کرنےوالے عرب نژاد امریکی مشی گن سینیٹ کےمعرکے میں ڈیموکریٹ السید کی طرف مائل ہورہے ہیں

اس کے بعد بم سرچ اینڈ ڈسپوزل اسکواڈ اور پولیس اہلکاروں نےتربیت یافتہ کتے کے ساتھ عدالت اوراسکے احاطے میں تلاشی کا عمل شروع کیا۔اس دوران پرنسپل ضلع و سیشن جج نریندر برہمے بھی عدالت کے مرکزی دروازے پر پہنچے۔ اطلاعات کے مطابق دھمکی آمیز ای میل صرف ناندیڑ ضلع عدالت کو ہی نہیں بلکہ ہنگولی اور بیڑ کی عدالتوں کو بھی موصول ہوئی ہے۔ریاست بھر کی مختلف عدالتوں میں فی الحال تلاشی مہم جاری ہے۔اس سلسلے میں پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیلاب روہن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر یقین نہ کریں۔

دھولیہ عدالت میں کیا ہوا؟

شہر کے اسٹیشن روڈ علاقے پر واقع دھولیہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے احاطے میں بھی خوف و ہراس کا ماحول دیکھا گیا۔ ای میل کے ذریعے موصولہ دھمکی کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پوری عدالت اور احاطے کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا۔ پیر کی دوپہر تین بجکر گیارہ منٹ پر دھولیہ ڈسٹرکٹ کورٹ کو ای میل موصول ہوا۔جس کی فوری اطلاع ضلع پولیس انتظامیہ کو دی گئی۔ جس کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ عدالت کے احاطے میں پہنچ گئے اور تلاشی مہم  انجام دی گئی۔ اس اچانک سے واقعے سے عدالتی کارروائی متاثر ہوگئی۔ عوام کا ہجوم عدالت کے باہر سڑک پر جمع ہوگیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK