پمپری میں۳؍ گھنٹے تک ’شعلے‘ فلم جیسا ڈراما، ہونے والی دلہن بھی موقع پر پہنچی۔
EPAPER
Updated: November 03, 2026, 1:35 PM IST | Agency | Pimpri Chinchwad
پمپری میں۳؍ گھنٹے تک ’شعلے‘ فلم جیسا ڈراما، ہونے والی دلہن بھی موقع پر پہنچی۔
یہاں شادی کی تاریخ طے نہ ہونے سے دل برداشتہ ایک نوجوان نے موبائل ٹاور پر چڑھ کراہل خانہ اور انتظامیہ کے ہوش اڑادئیے۔ یہ حیران کن واقعہ پونے،پمپری کے قریب ماموردی علاقے میں اتوار کی شام پیش آیا، جہاں تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تک ’شعلے‘ فلم کے انداز میں ہائی وولٹیج ڈراما جاری رہا۔ بالآخر فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے ’برانٹو‘ گاڑی کی مدد سے نوجوان کو بحفاظت نیچے اتارا۔ اس کے بعد وہاں موجود شہریوں اور انتظامیہ نے راحت کی سانس لی۔ لوک مت کی رپورٹ کے مطابق، پمپری چنچوڑ کے ماموردی علاقے میں گہونجے روڈ پر اتوار کی شام مقامی لوگوں نے ایک نوجوان کو اونچے موبائل ٹاور پر چڑھتے دیکھا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’میں زندہ ہوں‘ ‘مشہور انفلوینسر اُلہاس کامٹے کویہ کیوں کہنا پڑا؟
گنجان آبادی کے درمیان ٹاور پر نوجوان کو دیکھ کر موقع پر لوگوں کی بڑی بھیڑ جمع ہوگئی۔ ابتدا میں کسی کو سمجھ نہیں آرہا تھا کہ نوجوان ٹاور پر کیوں چڑھا ہے، تاہم بعد میں پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ شادی طے نہ ہونے سے مایوس ہوکر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پمپری-چنچوڑ میونسپل کارپوریشن کے فائر بریگیڈ عملے کے ساتھ پی ایم آر ڈی اے کی ٹیم بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ صورت حال انتہائی نازک ہوگئی تھی۔ ایک طرف اونچائی پر بیٹھا ضدی نوجوان، دوسری طرف نیچے جمع لوگوں کا ہجوم اور نوجوان کو نیچے اترنے کے لیے منت سماجت کرتی اس کی ہونے والی دلہن۔ اس درمیان جدید ’برانٹو‘ گاڑی (ہائیڈرولک پلیٹ فارم) کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ تقریباً ساڑھے تین گھنٹے لگے اور اہلکاروں نے حکمت و مہارت کے ساتھ نوجوان سے بات چیت کی اور اسے اتارلیا۔