• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

افریقی فٹبال ایوارڈز ۲۰۲۶ء کے حتمی نامزد کھلاڑیوں کا اعلان

Updated: November 28, 2026, 1:24 PM IST | Agency | New Delhi

اشرف حکیمی اور سادیو مانے سمیت ۵ ؍ستارے شامل۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

افریقی فٹبال کنفیڈریشن (سی اے ایف) نے گزشتہ  روز اپنی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے ۲۰۲۶ءکے سالانہ ایوارڈز کیلئے حتمی نامزد کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ ان ایوارڈز کے فاتحین کا باضابطہ اعلان ۲؍ دسمبر کو نائجیریا کے شہر لاگوس میں منعقد ہونے والی ایک پُروقار تقریب میں کیا جائے گا۔ بہترین افریقی کھلاڑی کے اعزاز کے لئے ۵؍ کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، جن میں مراکش اور سینیگال کے ستاروں کا غلبہ نمایاں ہے۔ فہرست میں گزشتہ ایڈیشن کے فاتح مراکش کے اشرف حکیمی اور ۲؍مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کرنے والے سینیگال کے سادیو مانے شامل ہیں۔ ان کے علاوہ مراکش کے ابراہیم ڈیاز اور اسماعیل صیاباری جبکہ سینیگال کے پاپے گوئے بھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔یہ نامزدگیاں کھلاڑیوں کی سال بھر کلب اور قومی سطح پر شاندار کارکردگی کی بنیاد پر کی گئی ہیں، جن میں خصوصاً مراکش میں منعقد ہونے والا ۲۰۲۵ء افریقہ کپ آف نیشنز، ۲۰۲۶ءفیفا ورلڈ کپ اور یورپی و مقامی لیگ مقابلے شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئےؒ: روہت شرما دوبارہ ممبئی انڈینس کے کپتان مقرر

پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے اشرف حکیمی مسلسل دوسرے سال یہ اعزاز برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے اپنے کلب کی فتوحات میں کلیدی کردار ادا کیا اور براعظمی و بین الاقوامی مقابلوں میں مراکشی ٹیم کی کامیاب قیادت کی۔ وہیں سعودی عرب کے النصر کے اسٹار کھلاڑی سادیو مانے ۲۰۱۹ ءاور ۲۰۲۲ء کے بعد تیسری بار یہ ٹرافی جیت کر ریکارڈ قائم کرنے کے خواہشمند ہیں۔ وہ ۲۰۲۵ءافریقہ کپ آف نیشنز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے اور سینیگال کو براعظمی چمپئن بنانے میں ان کا اہم کردار رہا۔

ریئل میڈرڈ کے ابراہیم ڈیاز کو افریقی چمپئن شپ میں مراکش کی قومی ٹیم کےلئے ان کے شاندار کھیل کےلئے اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے ۵؍گول کے ساتھ افریقہ کپ آف نیشنز میں  ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر  ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ وہیںپاپے گوئے (ویلاریئل) مراکش کے خلاف فائنل میچ میں فیصلہ کن گول داغ کر سینیگال کوخطاب دلانے میں اہم رول ادا کرنے پر نامزد کئے گئے ہیں۔ بائرین میونخ کیلئے کھیلنے والےاسماعیل صیاباری  نےمراکش کی قومی ٹیم کے ساتھ براعظمی مہم اور ۲۰۲۶ء ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک رسائی میں نمایاں کارکردگی کی بدولت ۵؍ امیدواروں کی فہرست مکمل کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK