شہری ہوا بازی کے شعبہ میں مارکیٹ شیئر سال کے آغاز میں تقریباً ۴ ؍فیصد تھا ،ستمبر میں گھٹ کر محض ۰ء۶ فیصد رہ گیا۔
اسپائس جیٹ ان دنوں شدید مالی مشکلات سے دوچار ہے اور صورت حال اس قدر خراب ہوگئی ہے کہ کمپنی اپنی نصف سے زیادہ پروازیں بھی نہیں چلا پا رہی ہے۔ اس کے نتیجے میں اسپائس جیٹ کے ٹکٹ بک کرانے والے مسافروں کو پروازیں منسوخ ہونے یا تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں انڈیگو کو پائلٹوں کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ اس بار اسپائس جیٹ کی خراب مالی حالت مسافروں کے لیے پریشانی کا سبب بن رہی ہے۔
تاہم، انڈیگو اور ایئر انڈیا کا مشترکہ مارکیٹ شیئر ۹۰؍ فیصد سے زیادہ ہے، اس لیے پورے فضائی نیٹ ورک کے ٹھپ ہونے کا خطرہ نہیں ہے۔ سال کے آغاز میں اسپائس جیٹ کا مارکیٹ شیئر تقریباً ۴ ؍فیصد تھا، جو ستمبر میں گھٹ کر محض ۰ء۶؍ فیصد رہ گیا۔ ایک وقت میں ملک کی دوسری سب سے بڑی گھریلو ایئرلائن رہنے والی اس کمپنی کے کئی طیارے کھڑے ہیں، جس سے پروازوں کا نظام متاثر ہوا ہے۔ کمپنی کے بورڈ نے ۵۵۰۰؍ کروڑ روپے کا فنڈ اکٹھا کرنے کے منصوبے کو منظوری دی ہے اور نئے سرمایہ کاروں سے بات چیت جاری ہے، تاہم ان کے نام ظاہر نہیں کیے گئے ہیں۔