گزشتہ کچھ دنوں میں، جیسا کہ ہندوستانیوں نے امریکی وسط مدتی انتخابات میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ’شکست‘ کے بارے میں پڑھا اور سنا، بہت سے لوگ تذبذب میں مبتلا ہو گئے۔ان کے ذہن میں سوال اٹھا کہ کیا اب ٹرمپ کو امریکی صدارت سے ہٹا دیا جائے گا؟ یا پھر یہ امریکہ میں اگر ٹرمپ ہار گئے ہیں تو پھر صدر کے عہدے پر کیوں برقرار ہیں۔
ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این
گزشتہ کچھ دنوں میں، جیسا کہ ہندوستانیوں نے امریکی وسط مدتی انتخابات میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ’شکست‘ کے بارے میں پڑھا اور سنا، بہت سے لوگ تذبذب میں مبتلا ہو گئے۔ان کے ذہن میں سوال اٹھا کہ کیا اب ٹرمپ کو امریکی صدارت سے ہٹا دیا جائے گا؟ یا پھر یہ امریکہ میں اگر ٹرمپ ہار گئے ہیں تو پھر صدر کے عہدے پر کیوں برقرار ہیں۔ یہ الجھن کچھ ہندوستانیوں کیلئے فطری ہے کیونکہ ہندوستان میں، وسط مدتی انتخابات عام طور پر اس وقت ہوتے ہیں جب کوئی حکومت اپنی پوری مدت پوری کرنے سے پہلے گر جاتی ہے۔ نئی حکومت عام طور پر وسط مدتی انتخابات کے بعد بنتی ہے، لیکن امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کا مطلب یہ نہیں ہے۔ اس شکست کے بعد بھی ٹرمپ کہیں نہیں جا رہے ہیں۔ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ٹرمپ۳؍ نومبر۲۰۲۶ء کو الیکشن نہیں ہارے ہیں بلکہ ان کی پارٹی ریپبلکن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: گاؤں میں شادیوں کی بہار ہے جو کسانوں کیلئے پریشانیوں کا باعث بھی ہے
وسط مدتی انتخابات صدر کی چار سالہ مدت کے وسط میں ہوتے ہیں۔ اس بار ایوان نمائندگان کی۴۳۵؍ نشستوں، سینیٹ کی۳۵؍ نشستوں اور ۳۶؍ ریاستی گورنر کے عہدے کیلئے انتخابات ہوئے ہیں۔ ایوان نمائندگان امریکی کانگریس کا ایوان زیریں ہے۔ اس کے ممبران اپنے حلقوں میں ووٹروں کے ذریعے براہ راست منتخب ہوتے ہیں اور دو سال کی مدت پوری کرتے ہیں۔ سینیٹ ایوان بالا ہے۔ اس کے اراکین کی مدت ۶؍ سال ہوتی ہے اور تقریباً ایک تہائی اراکین کو ہر دو سال بعد انتخابات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گورنر ریاستی حکومتوں کے سربراہ ہوتے ہیں۔ ہندوستان میں انہیں وزرائے اعلیٰ کے برابر سمجھا جا سکتا ہے۔ ہر ریاست کے لوگ اپنے گورنر کا انتخاب کرتے ہیں۔ ان انتخابات کو ’وسط مدتی‘ کہا جاتا ہے کیونکہ ایوان نمائندگان کے انتخابات ہمیشہ صدارتی مدت کے وسط میں ہوتے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنی دوسری میعاد کا آغاز جنوری ۲۰۲۵ء میں کیا تھا۔ پچھلا الیکشن۵؍ نومبر۲۰۲۴ء کو ہوا تھا۔ اسلئے اس بار کے انتخابات ان کی مدت کے وسط میں ہوئے ہیں۔
انتخابی نتائج ریپبلکن کیلئے ایک بڑا دھچکا ہے۔ ڈیموکریٹس نے ۵۴؍ سیٹوں کے ساتھ کنٹرول حاصل کرلیا ہے جبکہ ایوان نمائندگان میں ۲۴۰؍ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ ریپبلکن کے پاس سینیٹ کی۴۴؍ سیٹیں ہیں جبکہ کچھ نشستوں کیلئے ووٹوں کی گنتی کا ابھی تک اعلان نہیں ہوا ہے۔ ایوان نمائندگان میں اکثریت کیلئے ۲۱۸؍ نشستیں درکار ہیں۔ انتخابات سے قبل ایوان نمائندگان میںریپبلکن کے ۲۱۸؍،ڈیموکریٹس کے ۲۱۴؍ اور ایک آزاد امیدوار تھے جبکہ دو نشستیں خالی تھیں۔ اسی طرح ریپبلکن کو سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی ۴۷؍ سیٹوں پر۵۳؍ نشستوں کے ساتھ برتری حاصل تھی۔ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹ پارٹی نے کم از کم۲۷؍ نشستیں اپنی طرف کرلیںجبکہ ریپبلکن پارٹی ایک بھی نشست اپنی طرف کرنے میں ناکام رہی۔ سینیٹ میں، ڈیموکریٹس نے کنساس، آئیووا، ٹیکساس، اوہائیو، مین، شمالی کیرولینا اور جنوبی کیرولینا میں کم از کم ۷؍ نشستیں حاصل کیں۔ ٹیکساس میں۳۰؍ سال سے زیادہ عرصہ ہوا، کسی بھی ڈیمو کریٹ کو کامیابی نہیں ملی تھی۔ ڈیموکریٹس نے گورنر کے انتخابات میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹیکساس میں ڈیمو کریٹ جینا ہینوجوسا نے ریپبلکن گورنر گریگ ایبٹ کو شکست دی۔ ووٹرز نے بڑھتی ہوئی قیمتوں، ایران کے ساتھ جنگ اور حکومت میں بدعنوانی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ اس کے باوجود نتائج کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر نہیں ہارے ہیں۔ انہوں نے انتخابی نتائج کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ ووٹرز نے ’امیدواروں کو پسند نہیں کیا۔‘
یہ بھی پڑھئے: یوپی انتخابات میں اعلیٰ ذاتوں کا کردار
اب آتےہیں سوالوں کے جواب کی طرف۔ وہ یہ ہے کہ ٹرمپ ریاستہائے متحدہ کے صدر رہیں گے، لیکن واشنگٹن میں فیصلے کرنے کے طریقے میں ایک اہم تبدیلی آئے گی۔ اب تک، ٹرمپ کی پارٹی کانگریس کے دونوں ایوانوں کو کنٹرول کرتی تھی، جس سے ان کی تجاویز کو آسانی سے منظوری مل جایا کرتی تھی لیکن اب شاید ایسا نہیں ہوگا۔ جنوری۲۰۲۷ء سے، جب نئی کانگریس اقتدار سنبھالے گی، ڈیمو کریٹس دونوں ایوانوں کا کنٹرول سنبھال لیں گے۔
ان کی رضامندی کے بغیر کوئی قانون پاس نہیں ہوسکے گا۔ بجٹ سمیت ہر بل کو اُن کی منظوری درکار ہوگی۔ لیکن اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ ڈیمو کریٹس اپنی طرف سے کوئی قانون پاس کرالیں گے۔ حاصل اختیارات کے تحت صدر ایوان سے منظور شدہ بلوں کو ویٹو کر سکتے ہیں... اور ٹرمپ پہلے ہی ڈیموکریٹس کی طرف سے منظور کردہ قانون کو ویٹو کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں۔ اگر صدر کسی بل کو ویٹو کر دیتے ہیں، تو اسے صرف اسی صورت میں دوبارہ پاس کیا جا سکتا ہے جب دونوں ایوانوں کے دو تہائی اراکین اس کے حق میں ووٹ دیں۔ اب، ایوان نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں ڈیموکریٹس کی اکثریت ہونے کے باوجود، ان کے پاس صدارتی ویٹو کو ختم کرنے کیلئے درکار دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔ نتیجتاً، امریکی قانون سازی کے عمل کو سنگین رکاوٹوں کے خدشات کا سامنا ہے، دونوں فریق ممکنہ طور پر ایک دوسرے کے فیصلوں کو روکنے کی کوشش کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے: کیاعالمی سطح پر نفرت پر مبنی اِنتہا پسند سیاست کا سورج غروب ہوا چاہتا ہے؟
سینیٹ صدر کی طرف سے کی گئی اہم تقرریوں کی منظوری دیتی ہے، بشمول کابینہ کے ارکان اور ججوں کو۔ ایک بار جب ڈیموکریٹس کنٹرول حاصل کر لیں گے تو صدر کیلئے اپنی ترجیحی تقرریوں کی منظوری حاصل کرنا زیادہ مشکل ہو جائے گا۔ سینیٹ ہی کی طرح کانگریس کے پاس بھی کچھ اہم ختیار ہیں، جن میں تحقیقات بہت اہم ہے۔ پارٹی لیڈروں نے اشارہ دیا ہے کہ ٹرمپ کی مدت کے آئندہ دو برسوں میں ان کی انتظامیہ کے اراکین کی تحقیقات اور اس بات کی مکمل جانچ شامل ہوگی کہ انہوں نے اپنے خاندان کو کس طرح مالی فائدہ پہنچایا۔ صدر کو عہدے سے ہٹانے کا عمل، مواخذے کے امکان کو بھی رد نہیں کیا سکتا تاہم صدر کو ہٹانے کیلئے سینیٹ میں دو تہائی ووٹ درکار ہوتے ہیں، جسے حاصل کرنا انتہائی مشکل ہے۔
ٹرمپ کے پاس ہنوز بہت سارے اختیارات ہیں۔ وہ ریاستہائے متحدہ کے صدر رہیں گے، اسلئے ایگزیکٹیو آرڈر جاری کرسکیں گے، سرکاری محکموں کا کام کاج چلا سکیںگے، اور خارجہ پالیسی سے متعلق تمام اہم فیصلے کرسکیں گے... لیکن نئے قوانین پاس کرانا اور اخراجات کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ان کیلئے مشکل ہوگا۔