• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مودی حکومت کو راہل گاندھی میں اب ایک قابل حریف نظر آنے لگا ہے

Updated: November 12, 2026, 3:22 PM IST | Tavleen Singh | Mumbai

دنیا بھر میں ان دنوںانقلاب اور احتجاج کا موسم چل رہا ہے۔اس کی وجہ ہر جگہ ایک ہی ہے، لوگ اپنے سیاست دانوں کی ناکامیوں اور ان کے جھوٹے وعدوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ تو کیا اپنے ملک میں بھی کچھ ایسا ہی ہو رہا ہے یا کچھ الگ؟ میرا خیال ہے کہ ہمارے عظیم ملک ہندوستان میں کچھ الگ ہو رہا ہے۔

By first marching to the Supreme Court and then holding a rally at Ramlila Maidan, Rahul has deprived BJP leaders of their sleep. Photo: INN
پہلے سپریم کورٹ تک مارچ اور پھر رام لیلا میدان میں ریلی کرکے راہل نےبی جے پی لیڈروں کی نیند حرام کردی ہے۔ تصویر: آئی این این

دنیا بھر میں ان دنوںانقلاب اور احتجاج کا موسم چل رہا ہے۔اس کی وجہ ہر جگہ ایک ہی ہے، لوگ اپنے سیاست دانوں کی ناکامیوں اور ان کے جھوٹے وعدوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ تو کیا اپنے ملک میں بھی کچھ ایسا ہی ہو رہا ہے یا کچھ الگ؟ میرا خیال ہے کہ ہمارے عظیم ملک ہندوستان میں کچھ الگ ہو رہا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ ہمارے نوجوان تبدیلی کا مطالبہ نہیں کر رہے ہیں۔ مگر پچھلے ہفتے، جب بی جے پی کے کارکنوں نے سڑکوں پر اُتر کر جمہوریت کو بحال رکھنے اور انتشار کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا تو معاملہ کچھ بدلا بدلا سا لگا۔اب ایسا لگنے لگا ہے جیسے بی جے پی اور کانگریس کے درمیان ایک مقابلہ شروع ہو گیا ہے جس کا مقصد ایک ہی ہے اور وہ ہے ایک دوسرے کو نیچا دکھانا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ہمارے معاشرے کے تین کردار

ایسا بھی لگنے لگا ہے کہ بی جے پی والے اس مقابلے میں اسلئے حصہ لینے لگے ہیں کہ انہیں شک ہے کہ بے جان اپوزیشن میں ایک نئی توانائی پیدا ہو گئی ہے۔ جب سے راہل گاندھی نے سپریم کورٹ تک طاقت کا مظاہرہ کیا اور اس کی حمایت میں ہزاروں لوگ دہلی کی سڑکوں پر اتر آئے تھے۔ تو کیا انڈیا اتحاد کے لیڈروں کو عام لوگ پہلے سے زیادہ پسند کرنے لگے ہیں؟ہو سکتا ہے کہ رام لیلا میدان میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کانگریس نے پہلے سے کیا ہو، لیکن لگتا ہے کہ امید سے زیادہ حمایت دیکھنے کے بعد ہی راہل گاندھی نے ایک بہت بڑا جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ بوکھلائی ہوئی مودی حکومت تھوڑی اور بوکھلاجائے۔ یہ جلسہ یکم نومبر کو ہوا۔ اسے روکنے کیلئے بی جے پی کے قومی صدر کی قیادت میں حکمراں جماعت کے کارکن ہاتھوں میں ترنگا لہراتے ہوئے دہلی کی سڑکوں پر نکل آئے۔ یہ سمجھنا مشکل ہے کہ جب حکومت اپنی ہے، تو احتجاجی مظاہرہ کرنے کا کیا مطلب ہے؟ جمہوریت کو بچانے کا اپوزیشن پارٹیوں کا نعرہ بی جے پی والوں نے کیوں اٹھایا اور اسے انتشار کے خاتمے کے نعرے کے ساتھ کیوں جوڑ دیا؟ کیا یہ صرف طاقت کا مظاہرہ تھا تاکہ کانگریس کو یاد دلایا جا سکے کہ جتنی بھی بھیڑ اکٹھی کر لو، بی جے پی کا مقابلہ نہیں کر سکتے؟ بیشتر لوگوں کا خیال ہے کہ یہ بی جے پی کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔

اسی دوران قانون ساز کونسلوں کے انتخابی نتائج بھی آئے، جن سے یہ واضح ہو گیا کہ کانگریس انتخابی معاملوں میں اب بھی اتنی کمزور ہے کہ وہ اتر پردیش اور بہار میں ایک بھی سیٹ حاصل نہیں کر پائی اور نہ ہی کرناٹک میں جہاں کانگریس کی اپنی حکومت ہے۔ نتائج کے آتے ہی بی جے پی کے ترجمانوں نے ٹی وی پر سینہ تان کر یہ کہنا شروع کر دیا کہ چاہے انتخابات ای وی ایم سے ہوں یا بیلٹ پیپر سے، کانگریس ہارتی ہی رہے گی۔ ابھی ان کے دعوؤں کی بازگشت سنائی دے رہی تھی کہ خبر آئی کہ وزیراعظم کے انتخابی حلقے بنارس میں بی جے پی دونوں سیٹیں ہار گئی اور آر ایس ایس کے گڑھ ناگپور میں کانگریس جیت گئی۔ نتائج آ ہی رہے تھے کہ راہل گاندھی سوشل میڈیا پر یہ کہتے ہوئے دکھائی دئیے کہ عوام کورام لیلا میدان ضرور آنا چاہیے تاکہ یہ دکھایا جا سکے کہ سارا ملک مودی حکومت سے تنگ آ چکا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ترقی کے نام نہاد گجرات ماڈل میں اسکولی تعلیم کی بدتر صورتحال

کچھ حد تک ان کی بات صحیح ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی تیسری مدتِ کار کا یہ تیسرا سال ہے، جو اکثر سیاست دانوں کیلئے برا گزرتا ہے۔ اندرا گاندھی کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا تھا اور اس وقت اندرا گاندھی کے خلاف احتجاج اتنا پھیل گیا تھا کہ انہیں عام انتخابات کو ٹالنے کیلئے ایمرجنسی نافذ کرنی پڑی تھی۔ مگر ایسا کرنے سے انہوں نے کانگریس کی شبیہ اتنی خراب کر دی کہ جب انتخابات ہوئے تو نہ وہ اپنی رائے بریلی کی سیٹ بچا سکیں اور نہ ان کے بیٹے سنجے گاندھی اپنی امیٹھی کی سیٹ بچا سکے۔ جنتا پارٹی کی حکومت صرف ۲؍ سال تک ٹک سکی تھی، لیکن کم از کم یہ طے ہو گیا کہ کانگریس کے بغیر بھی مرکز میں حکومت بن سکتی ہے۔

اس کے باوجود ایک دہائی تک کانگریس کی حکومت رہی اور جب اٹل بہاری واجپئی پہلی بار وزیر اعظم بنے، تو ان کی حکومت۱۳؍ دن بھی نہ ٹک سکی۔ دوبارہ جب وہ وزیر اعظم بنے، تو سونیا گاندھی نے ایسی چال چل کر ان کی حکومت گرا دی جسے سیاست کے ماہرین آج بھی ان کی سب سے بڑی غلطی مانتے ہیں۔ ملائم سنگھ پر بھروسہ کرکے سونیا گاندھی راشٹرپتی بھون یہ دعویٰ کرنے گئیں کہ انہیں ۲۷۲؍ممبرانِ پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہے لیکن ایسا نہیں ہوا اور اگلے سال دوبارہ انتخابات ہوئے جس میں واجپئی کو اکثریت تو نہیں ملی مگر اتنی سیٹیں ضرور مل گئیں کہ وہ اپنی مدتِ کار پوری کر سکیں۔اس تاریخ کو مدنظر رکھ کر اگر آپ حال کو دیکھیں گے تو شاید یہ نظر آئے گا کہ نریندر مودی کے بھی اب برے دن شروع ہو گئے ہیں، چاہے ان کی حمایت میں کتنے ہی طاقت کے مظاہرے کیوں نہ ہوں۔ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اب راہل کے وزیر اعظم بننے کے آثار نظر آنے لگے ہیں لیکن اتنا ضرور ثابت ہو گیا ہے کہ مودی سرکار اب انہیں ایک قابل حریف کے طور پر دیکھنے لگ گئی ہے۔ ایسا نہ ہوتا تو حکومت میں اتنی بوکھلاہٹ نہ دکھتی اور بی جے پی کی حکمتِ عملی میں اتنی ابہام نہ دکھتی کہ احتجاجی مظاہرے ان کی طرف سے بھی ہونے لگیں جبکہ مرکز میں حکومت انہی کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’ سیوا دل‘ کیا ہے؟ تحریک آزادی میں اس کا دبدبہ کانگریس سے بھی زیادہ کیوں تھا؟

احتجاجی مظاہروں کا مقابلہ چل ہی رہا تھا کہ راہل گاندھی نے ایک بار پھر ایسی غلطی کی جس کا فائدہ مودی حکومت کو ملا۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر پر ’عوامی مواخذہ‘بلایا، جس نے سنجیدہ سیاسی مسئلے کو بچوں کے کھیل میں تبدیل کر دیا۔ شاید اپوزیشن لیڈر یہ بھول گئے کہ جمہوریت جمہوری اداروں کی وجہ سے قائم ہے جن میں سب سے اہم الیکشن کمیشن ہے۔ ایسا کرکے کانگریس پارٹی نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ انہیں جمہوریت کے کمزور ہونے سے تکلیف نہیں ہے۔ تکلیف اس بات سے ہے کہ بغیر ’ووٹ چوری‘ کا الزام لگائے وہ یہ سمجھا نہیں سکتی کہ وہ انتخابات کیوں نہیں جیت پاتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK