ایک سرکاری رپورٹ کے مطابق ریاست میں ایسے سیکڑوں اسکول ہیں جہاں بیت الخلا کی سہولت نہیں ہے اور پانچ ہزار اسکولوں میں میدان نہیں ہے۔
EPAPER
Updated: November 12, 2026, 3:07 PM IST | Jamal Rizvi | Mumbai
ایک سرکاری رپورٹ کے مطابق ریاست میں ایسے سیکڑوں اسکول ہیں جہاں بیت الخلا کی سہولت نہیں ہے اور پانچ ہزار اسکولوں میں میدان نہیں ہے۔
گجرات میں ۱۹۹۸ء سے لگاتار برسراقتدار رہنے والی بی جے پی نے اس ریاست کی ترقی کی تشہیر کا جو طریقہ اختیار کر رکھا ہے اس کا مقصد یہ تاثر قائم کرنا ہے کہ گجرات اس ملک کی واحد ریاست ہے جہاں زندگی کے ہر شعبہ میں ترقی کی رفتار روز افزوں ہے۔ مرکز میں حکومت سازی سے قبل اقتدار اعلیٰ نے اس ریاست کے وزیراعلیٰ کے طور پر جو ۱۳؍ برس گزارے، اس مدت میں انھوں نے کئی ایسے تشہیری پروگرام کئے جن کا مقصد ریاستی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں سے عوام کو آگاہ کرنا نیز ملکی و عالمی سطح پر ان کی شبیہ کو ایسے محنتی لیڈر کے طور پر نمایاں کرنا تھا جو عوام کی فلاح و ترقی کیلئے ہمہ وقت فکر مند رہتا ہے۔وائبرنٹ گجرات اور اس طرز کے دیگر پروگرام اسی تشہیری مہم کا حصہ تھے۔اس طرز کے پروگراموں کے ذریعہ وزیر اعلیٰ اپنی اس شبیہ کی پردہ پوشی بھی کررہے تھے جو گجرات فسادات میں انھیں ایک ایسے کٹر ہندو حکمراں کے طور پر نمایاں کر چکی تھی جو مذہبی منافرت کے جذبہ کی تسکین کی خاطر آئینی ضابطوں کو بالائے طاق رکھ کر اپنے اختیارات اور قومی وسائل کا استعمال کرتا ہے۔ ترقی کے معاملے میں گجرات کو مثالی ریاست کے طور پر مشتہر کرنے کا ایک اہم مقصد اپنے پسندیدہ کارپوریٹ دوستوں کو وہ فائدہ پہنچانا تھا جو انھیں دنیا کے امیر ترین لوگوں میں نمایاں مقام دلا سکے۔ وزیر اعظم کی بطور وزیر اعلیٰ گجرات کی ترقی کیلئے کئے گئے کاموں اور ان کے بعد ریاست کی باگ ڈور سنبھالنے والے دیگر وزرائے اعلیٰ کے طرز کارکردگی میں اس تشہیری پروپیگنڈہ کو قدر مشترک کی حیثیت حاصل ہے جس کی زمینی حقیقت سیاسی بیانیہ سے قدرے مختلف ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کی شکست سے کیا ہندوستان کے سخت گیر عناصر کوئی سبق لیں گے؟
گجرات کی عوامی زندگی کے معاملات ملک کی دیگر ریاستوں سے اس حد تک مختلف نہیں ہیں کہ ترقی کے معاملے میں اسے مثالی ریاست کا درجہ دیا جائے۔ روزگار،صحت،بجلی پانی اور مکان جیسی بنیادی ضرورتوں کے علاوہ خواتین کی سماجی و معاشی زندگی کا گراف اور بچوں کی جسمانی و ذہنی صحت کی صورتحال کم و بیش ملک کی دیگر ریاستوں جیسی ہی ہے۔ریاست کے چند منتخب علاقوں کی صورتحال کچھ مختلف ہو سکتی ہے لیکن اس بنا پر یہ کلیہ نہیں قائم کیا جا سکتا کہ بی جے پی کے ذریعہ متعارف کروائے گئے ترقی کے گجرات ماڈل نے ریاست کی کایا پلٹ کردی ہے۔اس ریاست کی اسکولی تعلیم کے متعلق ایک تفتیشی رپورٹ سے جو حقائق سامنے آئے ہیں وہ یہی ظاہر کرتے ہیں کہ صرف لن ترانی سے عوامی شعبوں کے حالات بہتر نہیں بنتے بلکہ اس کیلئے اخلاص و دیانت داری کے ساتھ کام کرنا پڑتا ہے۔ اس رپورٹ میں بیان کردہ حقائق اسمبلی اور پارلیمنٹ کے دیٹا پر مبنی ہیں۔ ریاست کے ۳۴؍ہزار ۷۳۴؍ سرکاری اسکولوں میں ساڑھے سات ہزار سے زیادہ اسکول ایسے ہیں جہاں ٹن شیڈ میں پڑھائی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ریاست میں ایسے سیکڑوں اسکول ہیں جہاں بیت الخلا کی سہولت نہیں ہے اور پانچ ہزار اسکولوں میں میدان نہیں ہے ۔ ایسے اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ ان تمام سرگرمیوں سے محروم ہیں جن کا مقصد بچوں کو جسمانی طور پر چاق و چوبند بنائے رکھنا اور تدریس کے دوران وہ وقفہ فراہم کرنا ہے جس میں مختلف قسم کے کھیل کود کے بعد وہ خود کو تازہ دم محسوس کریں۔
وہاں سرکاری اسکولوں میں صرف انفراسٹرکچر کی خستہ حالی ہی مسئلہ نہیں ہے بلکہ معیاری تدریس کو یقینی بنانے والے امور بھی اس قدر اطمینان بخش نہیں ہے جو اس ریاست کی ترقی کے مثالی ماڈل کی توثیق کرتے ہوں۔ وہاں ۵؍ فیصد سے زیادہ اسکول ایسے ہیں جہاں صرف ایک ہی ٹیچر کئی کلاسوں کو پڑھاتا ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً ۱۵؍ہزار اسکولوں میں ایک ہی کمرے میں کئی کلاسوں کے بچے پڑھتے ہیں۔اسکولی تعلیم کی یہ صورتحال ریاست کی ترقی کے ان دعوؤں کو آئینہ کرتی ہے جن کے ذریعہ ارباب اقتدار گجرات کو مثالی ریاست قرار دیتے رہے ہیں۔تعلیم کی یہ بدتر صورتحال اس وقت ہے جبکہ ورلڈ بینک اور ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے ذریعہ مشترکہ طور پر ۱۰؍ہزار کروڑ روپے کا ’مشن اسکولس آف ایکسی لینس‘ ریاست گیر سطح پر چلایا جارہا ہے جس کا بنیادی مقصد اسکولوں کو مادی وسائل فراہم کرنا اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’ سیوا دل‘ کیا ہے؟ تحریک آزادی میں اس کا دبدبہ کانگریس سے بھی زیادہ کیوں تھا؟
ریاستی اسکولوں میں انفراسٹرکچر اور معیار تعلیم کی افسوسناک صورتحال ہی مسئلہ نہیں ہے بلکہ بیشتر اسکولوں میںشدت پسند ہندوتوا وادی تنظیموں کے ذریعہ کم عمر بچوں کے درمیان فرقہ واریت کے اس رجحان کو فروغ دیا جارہا ہے جو سماجی تنوع کے اس تصور کو مجروح کرتا ہے جس کی بنا پر وطن عزیز کو عالمی سطح پر نمایاں شناخت حاصل ہے۔اس ضمن میں بعض ایسے معاملات بھی میڈیا میں آئے ہیں جو یہ ظاہر کرتے ہیں کہ فرقہ واریت کی تبلیغ میں ملوث ان عناصر کواقتدار کی پشت پناہی حاصل ہے۔ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی وسائل کی فراہمی اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے نیز اسکولوں کو مذہبی منافرت کی تجربہ گاہ بنانے سے روکنے کیلئے موثر اقدام کرنے کے بجائے ریاستی حکومت ۲۱؍ا کتوبر کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جو اسکولوں میں باہری افراد کے داخلے کو قانونی طور پر ممنوع قرار دیتا ہے۔
ریاستی حکومت کے اس انوکھے احکام کی رو سے اگر کوئی باہری شخص اسکول میں داخل ہونا چاہے تو اسے پہلے اسکول کے ذمہ داران سے اجازت لینی ہوگی اور اجازت مل جانے پر بھی فوٹو اور ویڈیو گرافی یا لائیو اسٹریمنگ نہیں کی جا سکتی۔یہ احکام واضح پر اسکولوں کی بدتر صورتحال کو پوشیدہ رکھنے کی سرکاری کوشش ہے جس سے یہ بھی عیاں ہو جاتا ہے کہ اس ریاست کی مثالی ترقی کا جو ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے اس کی حقیقت کیا ہے؟