موجودہ تعلیمی نظام مادہ پرست ہے۔ وہ سائنس، جغرافیہ، کمپیوٹرس پڑھنے کی بات تو کرتا ہے البتہ اخلاقی و سماجی اقدار؟ اس کے ہاں اُس کی کوئی گنجائش نہیں۔ نصاب کے اِرد گرد گھومنے والے نظام سے ہٹ کر اخلاقی تربیت کی طرف ہم اپنی توجہ مبذول کرتے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 12, 2026, 3:14 PM IST | Mubarak Kapdi | Mumbai
موجودہ تعلیمی نظام مادہ پرست ہے۔ وہ سائنس، جغرافیہ، کمپیوٹرس پڑھنے کی بات تو کرتا ہے البتہ اخلاقی و سماجی اقدار؟ اس کے ہاں اُس کی کوئی گنجائش نہیں۔ نصاب کے اِرد گرد گھومنے والے نظام سے ہٹ کر اخلاقی تربیت کی طرف ہم اپنی توجہ مبذول کرتے ہیں۔
موجودہ تعلیمی نظام مادہ پرست ہے۔ وہ سائنس، جغرافیہ، کمپیوٹرس پڑھنے کی بات تو کرتا ہے البتہ اخلاقی و سماجی اقدار؟ اس کے ہاں اُس کی کوئی گنجائش نہیں۔ نصاب کے اِرد گرد گھومنے والے نظام سے ہٹ کر اخلاقی تربیت کی طرف ہم اپنی توجہ مبذول کرتے ہیں۔
بے وقوف بیٹا
ہر گھر میں اکثر بڑا بیٹا ’بے وقوف‘ ہوتا ہے۔ وہ بہت جلد اپنے باپ کی جگہ لے لیتا ہے۔ حالات اُسے مجبور کردیتے ہیں کہ وہ اسکول کے بستے کو جیسے ہی خیر باد کرتا ہے، گھر کے چولہے کا ایندھن بن جاتا ہے۔ اُس کے سامنے اور کوئی راستہ نہیں بچتا کہ اپنے خواب ، اپنے کریئر کو داؤ پرلگا دے لہٰذا وہ گھر کو سنبھالنے کیلئے بیرون ملک نکل پڑتا ہے، گاؤں چھوڑ کر، گھر چھوڑ کر، اپنی فیملی کو چھوڑ کر جیب میں ایک فہرست لے کرنکلتا ہے: تین چھوٹے بھائیوں کی تعلیم مکمل کرنی ہے، دو بہنوں کی شادی کا انتظام کرنا ہے، ابّا کی بیماری کیلئے لیا گیا قرض ادا کرنا ہے، گھر کے راشن کا انتظام کرنا ہے۔ بڑا بیٹا جب اس جدوجہد میں ۴۵؍ سے۵۰؍ڈگری درجۂ حرارت میں جھلستا ہے اُسی دوران گھر کے دیگر بھائی منصوبہ تیار کرتے رہتے ہیں کہ اُن کی تعلیم مکمل ہونے آئی ہے لہٰذا اب اُنھیں کب اُس گھر سے الگ ہونا ہے، کب اُس بے وقوف بھائی کو کوئی الزام دھرنا ہے کہ آخر اس نے ان کیلئے کیا ہی کیا ہے ؟وہ یہ بھی سوچتے ہیں کہ کب اُنھیں علاحدہ اکاونٹ کھولنا ہے۔ کب خاموشی سے کوئی فلیٹ بُک کرنا ہے اور کب حالات سازگار دیکھ کر اُس گھر سے نکلنا ہے کہ اب یقین ہو چلا تھا کہ وہ اپنے بڑے بھائی سے زیادہ کمانے کے لائق ہو گئے ہیں اور پھر وہ اپنے رشتہ داروں اور دوست و احباب میں کہنا شروع بھی کرتے ہیں کہ وہ سیلف میڈ ہیں اور انہوں نے اپنی زندگی خود بنائی ہے۔اُن کی کامیابی میں کسی کا کوئی ہاتھ نہیں۔
اُس بے وقوف بڑے بیٹے کی وجہ سے اس کا کوئی بھائی انجینئر بن جاتا ہے اور کوئی سی اے، سبھی بہنوں کی شادیاں بھی ہوجاتی ہیں۔ سب سے بڑا وہ بھائی ایس ایس سی تک ہی پڑھا ہے، اسلئے اُس کی آمدنی محدود ہے۔ اُس کے سبھی چھوٹے بھائی بہن اُس کو چڑھاتے بھی ہیں کہ وہ آگے پڑھاکیوں نہیں؟ اس بے وقوف بیٹے کو بیرون ملک میں ہر بار آتے جاتے ایئرپورٹ تک چھوڑنے کیلئے سارے بھائی بہن جاتے رہتے ہیں۔ تھک ہار کر جب وہ البتہ ریٹائر ہوکر آتا ہے تواُس کا استقبال کرنے ایئرپورٹ پر کوئی نہیں جاتا۔ وہ آکر اپنی باقی ماندہ زندگی اپنے بوسیدہ آبائی گھر میں گزارتا ہے۔ جس کے اطراف میں اُس کے چھوٹے بھائی بہنوں نے عالیشان بنگلے بنائے ہیں۔ بڑا بیٹا اپنی بقیہ زندگی وہاں اطمینان سے گزارتا ہے کیونکہ اُسے علم ہے کہ پورے خاندان کی تعمیر کیلئے کسی ایک کو تو قربانی دینی ہی تھی ، سو اُس نے دے دی !
یہ بھی پڑھئے: ترقی کے نام نہاد گجرات ماڈل میں اسکولی تعلیم کی بدتر صورتحال
بیٹی کا باپ
ہردَور میں، ہر قوم اور ہر معاشرے میں یہ کردار موجود رہتا ہے جسے بیٹی کا باپ کہا جاتا ہے۔ وہ کتنا ہی اچھا انسان ہو، کتنا ہی قابل بلکہ دانشور..... البتہ اگر اُسے بیٹی ہے تو وہ صرف بیٹی کا باپ ہے۔ بے کس، بے بس اور بیچارہ، جس کے چہرے پر ہمیشہ ہوائیاں اُڑ رہی ہوتی ہیں۔ ہر فون کی گھنٹی پر وہ چونک پڑتا ہے بلکہ گھبراتا ہے کہ کہیں یہ فون کال بیٹی کے سسرال سے نہ ہو۔ اس لئے بیٹی کی شادی کے بعد بھی وہ فون کبھی بند نہیں رکھتا کہ نہ جانے اس کی بیٹی کو سسرال میں کب کس چیز کی ضرورت پڑ جائے۔ اُسے یاد ہے اور پوری زندگی یاد رہا کہ جب اُس کے یہاں بچّہ آنے والا تھا، گھر کے سارے بڑے بزرگ بس یہ دعا کرتے تھے کہ لڑکا پیدا ہو تاکہ خاندان کا نام چلتا رہے، اُن کی اس دعاپرسب سے بلند آواز میں ’آمین‘ کہنے والی گھر کی خواتین ہی ہوتی ہیں۔ آخر میں یہ بیٹی پیدا ہونے پر گھر میں چھایا ہُوا سنّاٹا بھی اُس باپ کو یاد ہے۔ بیٹی کی پیدائش پر جو بھی میسیج آرہے تھے وہ سبھی لگ بھگ تعزیتی پیغامات تھے: ’’مایوس نہ ہو، اللہ کے یہاں دیر ہے اندھیر نہیں۔ پہلی لڑکی پیدا ہوتی ہے پھر لڑکا بھی پیدا ہو جائے گا۔ اللہ آزماتا ہے اور کبھی کبھی تو ۴۔۵؍ بیٹیوں کے بعد بھی بیٹا پیدا ہو جاتا ہے، اس لئے دل چھوٹا نہ کرو۔‘‘
بیٹی کے باپ کو یاد ہے کہ بیٹی پیدا ہوتے ہی نرسنگ ہوم میں ہی بڑی بوڑھی عورتیں رشتے کی بات بھی شروع کر دیتی ہیں۔ اُن میں سے کوئی خاتون آگے چل کر بھی اس بچّی کی دینی یا عصری تعلیم کے ضمن میں کوئی بات نہیں کرتی۔ اُن میں سے اکثر کا ایجنڈا طے ہے۔ اردو اسکول میں پڑھے گی تاکہ سر پر ڈوپٹہّ رہے۔ دسویں پاس ہونے کے بعد رشتہ طے کرنے والی خالائیں گھر آنا جانا شروع کرتی ہیں اور باپ کو ڈراتی رہتی ہیں کہ رشتے کہاں ہیں ؟ بیٹی کا باپ جب لب کشائی کی کوشش کرتا ہے تب اُسے یاد دلایا جاتا ہے کہ وہ خاموش ہی رہے کیونکہ وہ بیٹی کا باپ ہے۔
صدیوں پہلے بھی بیٹی کا باپ ایسا ہی تھا، سر جھکائے ہوئے ، ہر با ر سمجھوتہ کرتے ہوئے ، ہر مرتبہ چار قدم پیچھے ہٹتے ہوئے اور آج اے آئی کے زمانے میں بھی بیٹی کا باپ صرف بیٹی کاباپ ہے۔ میں نئی نسل کے بیٹوں سے پوچھنا چاہوں گا ، آپ جین زی ہوں یااور کوئی جنریشن ، آپ بھی روایتی بیٹے ہی بنے رہیں گے؟ اپنی تعلیم کے خرچ کی رٹ لگانے والے، فلیٹ اور گاڑی کا مطالبہ کرنے والے، جہیز کو فوکس لائٹ کی روشنی میں سجانے والے یا آپ یہ ثابت کریں گے کہ آپ واقعی ایک نئی جنریشن کے نمائندے ہیں جس کے سامنے بیٹی کا باپ سر جھکائے،ہاتھ باندھے نہیں کھڑا ہے بلکہ وہ فخرنہ سہی، شکر ادا کر رہا ہے کہ وہ بیٹی کا باپ ہے !
یہ بھی پڑھئے: کبھی کم بارش تو کبھی ضرورت سے زیادہ بارش کسانوں کی محنت کو مٹی میں ملا دیتی ہے
لاولد بزرگ
وہ ماموں ہیں یا چا چا ہیں،عمر رسیدہ ہیں مگر لاولد ہیں۔ اولاد سے محروم ہونے کی بناء وہ خاندان کے ہر بچّے کو چاہتے ہیں۔ دل و جان سے لاڈ و پیار کرتے ہیں۔ ان سارے بچّوں کی ہرضد پوری کرنے والے یہی بزرگ ہیں۔ خاندان میں کوئی بھی بچّہ بیمار ہونے پر سب سے زیادہ یہی بزرگ بے چین ہوجاتے ہیں۔آدھی رات میں بھی ۱۰۔۲۰؍کلومیٹر جاکر دوائی لانے کے لئے وہ دوڑ پڑتے ہیں۔ شدید بارش ہو،سیلاب ہو یا آندھی، گھر کے بچّوں کو اسکول سے لانے کے لیے یہی بزرگ پہنچ جاتے ہیںاور ضرورت پڑے تو اُنھیں کندھے پر اٹھا کر بھی لے آتے ہیں۔ اپنی جمع پونجی سے بچّوں کو چھوٹے چھوٹے تحفے لانا، اُنھیں گائوں، قصبوں کے میلوں میں لے جانا اور کھلونے خریدنا اُس بزرگ کا بڑا شوق ہے۔
پھر وہ بچّے بڑے ہو جاتے ہیں،تب اولاد والوں کو یاد آتا ہے کہ وہ سب ان کے اپنے بچّے ہیں۔ وہ لاولد ماموں صرف ایک ایکسٹرا کردار ہے بلکہ اُن کے بچّوں کی زندگی میں اُن کا کوئی کردار نہیں۔ پھر بچّوں کے والدین کو یہ خیال بھی آجاتا ہے کہ اب تو اُن کے بچّے زندگی میں کچھ بن جائیں گے، نام کمائیں گے اور روپیہ پیسہ بھی۔ اب یہ صحیح وقت ہے اپنے بچّوں پر اپنا حق جتانے کا۔ بچّے اُس بزرگ کو بھولنا نہیں چاہتے وہ اپنے دوستوں کو اُس بزرگ سے وابستہ قصے سناتے رہتے ہیں :’’میرے ماموں مجھے سب سے پہلے چڑیا گھر لے گئے تھے۔ ہاتھی کی سواری بھی سب سے پہلے اُنہی ماموں نے کرائی تھی۔ ندی پر تیرنے کیلئے وہی لے جاتے تھے ، آج مجھے تیرنا آتا ہے ماموں کی وجہ سے۔ میرے ہاتھ پر سب سے پہلے گھڑی اُنہوں نے ہی پہنائی تھی۔ ڈرائنگ کے مقابلے کے لئے جتنا سامان چاہیے تھا وہ ماموں نے ہی دلایا تھا جب کہ میں نے اُن سے صرف اتنا کہا تھا کہ ایک انٹرا سکول ڈرائٹنگ کا مقابلہ ہونے جا رہا ہے اور اس مقابلے میں آخر تک میرے ساتھ پڑوس کے گاؤں میں رُکے ر ہے جس میں مَیں ضلعی سطح پراوّل آیا ۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے عوامی مواخذہ میں حکومت کیلئے احتساب کا پیغام
نفسا نفسی اور مادہ پرست دنیا میں چڑیا گھر لے جانا یا ہاتھ پر گھڑی پہنانا،تیرنا سکھانا یا ڈرائنگ کے برش خریدنا کوئی اہمیت نہیں رکھتا، اس لیے والدین اپنے بچّوں کے ذہنوں سے اُن یادوں کو کھرچ ڈالنے میں بھی کامیاب ہو جاتے ہیں۔ اس لئے وہ لاولد ماموں زندگی بھر اکیلے رہتے ہیں۔ بیماری کے عالم میں بھی ان ماموں کی عیادت کے لئے بھی والدین اپنے بچّوں کو روانہ نہیں کرتے کہ اب کمانے والے ان کے بچّے کہیں ماموں کے نہ بن جائیں۔
اولاد والا یا بے اولاد ہونا یہ تو خدا کی مرضی ہے مگر کیا نئی نسل ان لاولد افراد کی جانب سے نچھاور کی جانے والی محبت کی قدر کرکے زندگی کی حقیقی خوشیوں سے سرشار ہونے کا اپنا کوئی ضابطہ مرتّب کریں گے؟