مرکزی کابینہ کا اہم فیصلہ، ’مدرا‘ یوجنا کے تحت ۵ ہزار کروڑ روپے کے کریڈٹ گارنٹی فنڈ کو بھی منظور کیاگیا۔
EPAPER
Updated: November 12, 2026, 1:12 PM IST | Agency | Agency
مرکزی کابینہ کا اہم فیصلہ، ’مدرا‘ یوجنا کے تحت ۵ ہزار کروڑ روپے کے کریڈٹ گارنٹی فنڈ کو بھی منظور کیاگیا۔
مرکزی کابینہ نے بدھ (۱۱؍ نومبر) کو ربیع کی فصل کیلئے۶۲؍ ہزار ۳۷۰؍ کروڑ روپے کی کھاد سبسیڈی منظور کرلی۔ اس کے ساتھ ہی پردھان منتری’ مدرا ‘یوجنا کے تحت ۵؍ ہزار کروڑ روپے کے کریڈٹ گارنٹی فنڈ اور نئی دہلی میں ’یُگے یُگین بھارت میوزیم‘ کی تعمیر کیلئے ۳ ؍ ہزار ۲۳۰؍ کروڑ روپے کے منصوبہ کو بھی منظوری دی گئی۔مرکزی وزیر اشوینی ویشنو نے کابینہ کے اجلاس کے بعد ان فیصلوں کا اعلان کیا۔
مرکز کا تغذیہ پر مبنی سبسیڈی پروگرام
انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے اکتوبر سے مارچ تک جاری رہنے والے ربیع کے موسم کیلئے کھاد پر سبسیڈی مرکزی سرکار کے ’’تغذیہ پر مبنی سبسیڈی‘‘ (این بی ایس) پروگرام کے تحت دی گئی ہے، جس کے ذریعے فاسفیٹ اور پوٹاش والی کھاد کسانوں کو رعایتی قیمتوں پر فراہم کی جاتی ہے۔ اس اسکیم کے تحت مرکزی حکومت ہر فصل کے موسم کیلئے کھاد میں شامل مختلف غذائی اجزا پر سبسڈی کی شرح مقرر کرتی ہے۔ اس دوران ملک اور بین الاقوامی بازاروں میں کھاد اور اس کے خام مال کی قیمتوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ سبسڈی کی رقم کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں اور درآمد کنندگان کو دی جاتی ہے تاکہ کسانوں کو مناسب قیمت پر کھاد دستیاب ہوسکے۔
مدرا یوجنا کے تحت سبسیڈی
اپریل۲۰۱۵ء میں متعارف کرائی گئی ’پردھان منتری مدرا یوجنا‘ جس کے تحت ۵ ہزار کروڑ روپے کے کریڈٹ گارنٹی فنڈ کو منظوری دی ہے، کا مقصد بینکوں، غیر بینکنگ مالیاتی کمپنیوں اور دیگر اہل اداروں کے ذریعے چھوٹے کاروباروں اور مائیکرو انٹر پرائزس کو ادارہ جاتی قرض فراہم کرنا ہے۔
کھاد سبسیڈی ملتی کس کو ہے؟
حکومت کی کھاد سبسیڈی اسکیم میں زراعت کے اہم لوازمات شامل ہیںجن کا استعمال گیہوں، دالوں اور تلہن کی کاشت میں ہوتا ہے۔سبسڈی کی رقم کھاد کمپنیوں اور درآمد کنندگان کو دی جاتی ہے تاکہ کسانوں کو مناسب قیمت پر کھاد دستیاب ہوسکے۔ گزشتہ سال ربیع کے موسم میں حکومت نے ۳۷ ؍ہزار ۹۵۲؍ کروڑ روپے کی سبسیڈی کو منظوری دی تھی جبکہ خریف کیلئے ۴۱ ؍ہزار ۵۳۴ء کروڑکی سبسیڈی منظور کی گئی تھی۔
’یُگے یُگین میوزیم‘ کیلئے فنڈ
کابینہ نے نئی دہلی کے تاریخی نارتھ اور ساؤتھ بلاک کو ’یُگے یُگین بھارت میوزیم‘ میں تبدیل کرنے کیلئے۳ ؍ہزار ۲۳۰؍ کروڑ روپے منظورکئے ہیں۔ میوزیم میں ہندوستان کے تہذیبی سفر کو پیش کیا جائے گا ۔اس کا رقبہ پیرس کے مشہور لوور میوزیم سے بھی زیادہ ہوگا۔ مجوزہ میوزیم تقریباً ایک لاکھ ۷۹؍ ہزار مربع میٹر رقبے پر ہوگا اور اس میں روزانہ تقریباً ۳۰؍ ہزار سیاحوں کی آمد کی گنجائش ہوگی۔یہ منصوبہ مئی ۲۳ء سے زیر تجویز ہے۔