Inquilab Logo Happiest Places to Work

جس معاشرے میں اَدب زندہ اور متحرک ہوتا ہے، وہ معاشرہ فکری جمود کا شکار نہیں ہوتا

Updated: April 19, 2026, 1:45 PM IST | Aslam Rahmani | Mumbai

ہر دور کا ادب اپنے عہد کے فکری، سماجی، تہذیبی اور نفسیاتی رویّوں کی نمائندگی کرتا ہے اسی لئے ادب کو کسی ایک تعریف میں محدود نہیں کیا جاسکتا، ایسا کرنا ادب کے ساتھ نا انصافی ہے!

Authentic writings written in every era teach us that the solution to social evils lies not in mere protest but in the awakening of consciousness. Photo: INN
ہر عہد میں لکھی گئی مستند تحریریں ہمیں یہ سکھاتی ہیں کہ معاشرتی برائیوں کا حل محض احتجاج میں نہیں بلکہ شعور کی بیداری میں مضمر ہے۔ تصویر: آئی این این

انسانی معاشرہ محض افراد کے مجموعے کا نام نہیں بلکہ خیالات، اقدار، روایات، تصورات اور جذبات کے ایک منظم نظام سے عبارت ہے۔ یہ نظام وقت کے ساتھ بدلتا، نکھرتا اور کبھی بگڑتا بھی رہتا ہے۔ معاشرے کی اس مسلسل تشکیل و تعمیر میں جن عناصر نے بنیادی کردار ادا کیا ہے، ان میں ادب کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ یہ معاشرے کی فکری روح، تہذیبی شناخت اور اخلاقی شعور کا ترجمان ہوتا ہے۔ قوموں کی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی کسی معاشرے نے فکری ارتقاء کی منزلیں طے کیں، اس کے پس منظر میں ادب کی خاموش مگر مؤثر قوت کارفرما رہی۔ ادب انسان کو محض حالات سے آگاہ نہیں کرتا بلکہ اسے سوچنے، پرکھنے اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت عطا کرتا ہے۔ یہی شعوری بیداری معاشرتی تعمیر کی بنیاد بنتی ہے۔ادب نے ہمیشہ معاشرے کی اصلاح، کردار سازی اور تہذیبی اقدار کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اسی لئے ادب کو معاشرے کا ضمیر کہا جاتا ہے جو اس کی کمزوریوں کی نشاندہی بھی کرتا ہے اور اس کی تعمیر کے امکانات بھی روشن کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: باٹلا

ادب اور معاشرتی شعور

ادب سب سے پہلے انسان کے شعور کو بیدار کرتا ہے۔ ایک باشعور فرد ہی ایک صحت مند معاشرہ کی تشکیل کر سکتا ہے۔ شاعری ہو یا نثر، افسانہ ہو یا ناول، ادب انسان کے اندر غور و فکر کی صلاحیت پیدا کرتا ہے۔ وہ اسے اپنے ماحول، رسوم و رواج اور سماجی رویّوں پر نظرِ ثانی پر مجبور کرتا ہے۔ ادب میں یہ خصوصیت نمایاں طور پر موجود ہے کہ وہ فرد کو محض آئینہ نہیں دکھاتا بلکہ اسے اپنی اصلاح کا راستہ بھی سجھاتا ہے۔ اس طرح ادب فرد کی شخصیت کو سنوارتا ہے اور فرد کے ذریعے پورے معاشرے کو فکری سمت عطا کرتا ہے۔ادب انسانی تہذیب کا وہ آئینہ ہے جس میں فرد اور معاشرہ اپنی داخلی و خارجی صورتوں کو پہچانتا ہے۔ انسان جب شعور کی ابتدائی منزلوں سے آگے بڑھا تو اس کے احساسات، تجربات، خواب اور سوالات کسی نہ کسی صورت میں اظہار کے متقاضی ہوئے۔ یہی اظہار آگے چل کر ادب کی صورت اختیار کرتا گیا۔ ادب محض الفاظ کی ترتیب، حسنِ بیان یا تخیل کی پرواز کا نام نہیں بلکہ یہ انسانی زندگی کے شعور، اس کے مسائل، اس کی کشمکش اور اس کی روحانی و فکری جستجو کا عکاس ہوتا ہے۔

ہر دور کا ادب اپنے عہد کے فکری، سماجی، تہذیبی اور نفسیاتی رویّوں کی نمائندگی کرتا ہے اسی لئے ادب کو کسی ایک تعریف میں محدود کرنا ممکن نہیں۔ کبھی ادب کو تفریح کا ذریعہ سمجھا گیا، کبھی اخلاقی اصلاح کا وسیلہ، کبھی سماجی انقلاب کا ہتھیار اور کبھی محض حسن و جمال کے اظہار کا نام دیا گیا۔ مگر ان تمام تصورات کے باوجود ادب کی اصل روح انسان کو زندگی کا شعور عطا کرنا ہے۔ادب انسان کو نہ صرف یہ سکھاتا ہے کہ زندگی کیا ہے بلکہ یہ بھی بتاتا ہے کہ زندگی کو کیسے محسوس کیا جائے۔ یہی وجہ ہے کہ ادب کو کسی سائنسی علم، مذہبی عقیدے یا سماجی ادارے کا نعم البدل نہیں کہا جا سکتا۔ ادب اپنی ذات میں ایک مستقل اور خود مختار حقیقت ہے جو انسان کے شعور کو بیدار کرتی اور اس کے تخلیقی امکانات کو وسعت دیتی ہے۔ اسی تناظر میں ڈاکٹر جمیل جالبی کا تصورِ ادب نہایت جامع، عمیق اور فکری اہمیت کا حامل ہے۔ وہ ادب کو زندگی کے شعور و ادراک کا بنیادی وسیلہ قرار دیتے ہیں:

’’ادب کے سلسلے میں یہ بات ذہن نشین رہنی چاہئے کہ ادب زندگی میں کسی چیز کا بدل نہیں ہے اور اگر اس کی حیثیت کسی اور چیز کے بدل کی ہے تو پھر وہ ادب نہیں ہے۔ ادب ایسا اظہار ہے جو زندگی کا شعور و ادراک حاصل کرنے کیلئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ ادب میں انسان کے تخیلی تجربے کو ابھارنے کی ایسی زبردست قوت ہوتی ہے کہ پڑھنے والا اس تجربے کا ادراک کر لیتا ہے۔ ادب میں متحرک کرنے اور ہماری روح میں موجود خفتہ صلاحیتوں کو بیدار کرنے کی غیر معمولی قوت ہوتی ہے۔ ادب کے ذریعے ہم زندگی کا شعور حاصل کرتے ہیں۔ یہ ادب کا خاص منصب ہے۔ ادیب ایک ایسا انسان ہے جس میں ادراک کی صلاحیت بھی ہوتی ہے اور اس کے اظہار کی قوت بھی۔ اس کے ادراک و اظہار میں اتنی داخلی و خارجی وسعت اور تہ داری ہوتی ہے کہ ادب انفرادی و ذاتی ہوتے ہوئے بھی آفاقی ہوتا ہے۔ جتنا بڑا ادیب ہوگا اس کے تجربے کا تنوع، اس کا شعور و ادراک اور اس کا اظہار اتنا ہی بڑا اور آفاقی ہوگا۔‘‘(ادب، کلچر اور مسائل)

یہ بھی پڑھئے: اتوار

ادب اور اخلاقی اقدار کی تشکیل

ہر معاشرے کی بنیاد اخلاقی اقدار پر استوار ہوتی ہے۔ سچائی، عدل، ہمدردی، ایثار اور انسان دوستی وہ اوصاف ہیں جن کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ ادب ان اقدار کو نہایت فنی اور مؤثر انداز میں پیش کرتا ہے۔ادب میں اخلاقی پہلو کو غیر معمولی اہمیت حاصل رہی ہے۔ مثنویات، داستانیں اور حکایات اس بات کی مثال ہیں کہ کس طرح ادب نے نیکی اور بدی کے تصورات کو واضح کیا اور انسان کو اعلیٰ اخلاق کی طرف راغب کیا۔ ادب اخلاقی تعلیم کو خشک وعظ کے بجائے جذبے اور احساس کے ساتھ پیش کرتا ہے، جس کا اثر دیرپا ہوتا ہے۔

ادب اور فکر

انسانی تاریخ کا مطالعہ اس حقیقت کو بے نقاب کرتا ہے کہ کوئی بھی معاشرہ محض معاشی وسائل، سیاسی قوت یا عسکری طاقت کے بل بوتے پر پائیدار اور زندہ نہیں رہ سکتا۔ معاشروں کی اصل روح ان کے فکری، تہذیبی اور اخلاقی شعور میں پوشیدہ ہوتی ہے، اور یہی شعور ادب کے ذریعے تشکیل پاتا ہے۔ ادب وہ لطیف مگر گہرا وسیلہ ہے جو فرد کے باطن کو جھنجھوڑ کر اجتماعی شعور کی تعمیر کرتا ہے۔ یہ محض الفاظ کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک ایسا زندہ عمل ہے جو معاشرہ کی اقدار، روایات، تضادات، خوابوں اور شکست و ریخت کو اپنے اندر سمو لیتا ہے۔ کلاسیکی مفکرین سے لے کر جدید دانشوروں تک، سب اس بات پر متفق ہیں کہ ادب کسی بھی قوم کے فکری ارتقا اور سماجی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔یہ نہ صرف معاشرتی حقائق کی عکاسی کرتا ہے بلکہ ان حقائق کو سمجھنے، پرکھنے اور بدلنے کا حوصلہ بھی عطا کرتا ہے۔

ادب اور سماجی اصلاح

ادب محض معاشرہ کی تصویر کشی پر اکتفا نہیں کرتا بلکہ اس کی خرابیوں پر تنقیدی نگاہ بھی ڈالتا ہے۔ سماجی ناانصافی، طبقاتی تقسیم، جبر اور استحصال جیسے مسائل کو ادب نے ہمیشہ موضوع بنایا ہے۔ اس تنقید کا مقصد تخریب نہیں بلکہ اصلاح ہوتا ہے۔ ہر عہد میں لکھی گئی مستند تحریریں ہمیں یہ سکھاتی ہیں کہ معاشرتی برائیوں کا حل محض احتجاج میں نہیں بلکہ شعور کی بیداری میں مضمر ہے۔ ادب جب معاشرہ کی کمزوریوں کو نمایاں کرتا ہے تو افراد میں ان کے ازالے کا احساس پیدا ہوتا ہے، جو بالآخر اجتماعی اصلاح کا سبب بنتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایران میں بڑی سڑک کو ہائی وے یا شاہراہ نہیں، بزرگ راہ کہتے ہیں

تہذیبی شناخت اور ادبی روایت

ادب کسی قوم کی تہذیبی شناخت کا محافظ ہوتا ہے۔ زبان، روایات، رسم و رواج اور اجتماعی تجربات ادب کے ذریعے محفوظ رہتے ہیں۔ کلاسیکی ادب اس حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس میں قوم کی فکری تاریخ اور تہذیبی تسلسل محفوظ ہوتا ہے۔جب معاشرہ اپنی ادبی روایت سے جڑا رہتا ہے تو وہ اپنی شناخت برقرار رکھتا ہے۔ یہی شناخت معاشرتی استحکام اور فکری خود اعتمادی کو جنم دیتی ہے، جو کسی بھی معاشرے کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

ادب اور انسانی ربط

ادب انسانوں کے درمیان جذباتی اور فکری رشتہ قائم کرتا ہے۔ مختلف طبقات، نسلوں اور زمانوں کے لوگ ادب کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات سے واقف ہوتے ہیں۔ اس باہمی ربط سے معاشرے میں رواداری، برداشت اور ہم آہنگی فروغ پاتی ہے۔ کلاسیکی ادب نے ہمیشہ انسان دوستی اور باہمی احترام کا درس دیا ہے۔ یہی اوصاف ایک پُرامن اور متوازن معاشرے کی تشکیل میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: تخلیقی عمل میں ذَوق کو مرکزی اور وسیع اہمیت حاصل ہے 

مندرجہ بالا بحث سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ ادب معاشرے کی تعمیر و تشکیل میں ایک خاموش مگر طاقتور قوت ہے۔ یہ فرد کے شعور کو جلا بخشتا ہے، اخلاقی اقدار کو فروغ دیتا ہے، سماجی خرابیوں کی نشاندہی کرتا ہے اور تہذیبی شناخت کو محفوظ رکھتا ہے۔ ادب اپنی فکری گہرائی اور تہذیبی بصیرت کے باعث آج بھی معاشرتی رہنمائی کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ جس معاشرے میں ادب زندہ اور متحرک ہوتا ہے، وہ معاشرہ فکری جمود کا شکار نہیں ہوتا۔ ادب انسان کو بہتر فرد اور فرد کو بہتر معاشرہ بنانے کا ذریعہ ہے، اور یہی اس کا سب سے بڑا اور دائمی کردار ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK