ہزاروں افراد سڑکوں پر اترے۔صدارتی محل ایلیسی پیلس کے قریب کسی بھی اجتماع کو روکنے کیلئے سخت حفاظتی انتظامات۔
EPAPER
Updated: November 09, 2026, 1:51 PM IST | Agency | Paris
ہزاروں افراد سڑکوں پر اترے۔صدارتی محل ایلیسی پیلس کے قریب کسی بھی اجتماع کو روکنے کیلئے سخت حفاظتی انتظامات۔
فرانس میں سنیچر کو حکومت مخالف مظاہروں کے مسلسل چوتھے ہفتے کے اختتام پر ملک بھر میں دسیوں ہزار افراد سڑکوں پر اترآئے۔ پیرس میں پولیس نے صدارتی محل ایلیسی پیلس کے قریب کسی بھی اجتماع کو روکنے کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کئے۔
یہ احتجاج ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب ملک میں ۵؍ماہ بعد صدارتی انتخابات ہونے والے ہیں اور انتہائی دائیں بازو کی سیاسی قوتیں اقتدار میں آنے کے امکانات دیکھ رہی ہیں۔ حکام کو توقع تھی کہ ملک بھر میں تقریباً ایک لاکھ ۷۰؍ ہزار افراد مظاہروں میں شریک ہوں گے، جن میں۶۰؍ ہزار کا تعلق پیرس سے ہوگا۔
یہ مظاہرے۵؍ نومبر کو ٹریڈ یونینوں کے وسیع احتجاج اور ہڑتالوں کے دو دن بعد ہوئے۔ سنیچر کو سیکوریٹی فورسیز کے تقریباً۷۰؍ ہزار اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ یہ انتظامات۱۷؍ اکتوبر کے بڑے مظاہروں کے بعد کئے گئےجو شدید ہنگاموں میں تبدیل ہوگئے تھے۔ پیرس پولیس کے مطابق صبح کے اواخر تک شہر اور قریبی مضافات کے ریلوے اسٹیشنوں پر ۸۴۰؍سے زیادہ مرتبہ لوگوں کی تلاشی یا جانچ پڑتال کی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: مقبوضہ یروشلم :عیسائیوں کی آبادی سو سال میں۲۵؍فیصد سے گھٹ کرایک اعشاریہ۵۶؍ فیصد
عوامی سطح پر نافرمانی کی اپیل
یلو ویسٹس تحریک نے پابندی کے باوجود اپنی ریلی جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے اسے فرانسیسی عوام کے حق احتجاج کو دبانے کی کوششوں کے خلاف مزاحمت قرار دیا۔ تحریک کی رابطہ کمیٹی کے رکن بنیامن بال نے کہا کہ وہ عوامی سطح پر نافرمانی کی اپیل کر رہے ہیں۔
ہائی اسکول کے طلبہ نے احتجاج شروع کیا تھا
مظاہروں کا سلسلہ ستمبر کے اواخر میں ہائی اسکول کے طلبہ نے شروع کیا تھا جو اپنے تعلیمی اداروں کے حالات سے ناخوش تھے۔ بعد ازاں یونیورسٹی کے طلبہ بھی ان کے ساتھ شامل ہوگئے اور اب بھی احتجاجی تحریک کا اہم حصہ ہیں۔ پولیس کی جانب سے بعض مقامات پر مظاہرین کو طاقت کے ذریعے روکنے کی کوششوں کے دوران کچھ صحافی اور میڈیا نمائندے بھی زخمی ہوئے۔
آج اہم ملاقات
حکومت مسائل کے حل کی کوشش کر رہی ہے لیکن ملک پر بھاری قرضوں کا بوجھ اس راہ میں بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہےجس سے مالیاتی منڈیوں میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ فرانس کے وزیراعظم سیباستین لیکورنو آج( پیر کو) ٹریڈ یونینوں اور آجروں کی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گےجس میں اجرتوں اور قوت خرید سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
فرانس میں ۱۷؍اکتوبر کو پرتشدد مظاہرے ہوئےتھے
۱۷؍ اکتوبر کوفرانس کے دارالحکومت پیرس اور کئی شہروں میںمظاہروں کے دوران پرتشدد واقعات پیش آئے۔ یہ مظاہرے مہنگائی اور اخراجاتِ زندگی میں اضافے کے خلاف کئے گئے تھے جن میں لاکھوں افراد نے شرکت کی تھی۔مظاہروں کے منتظمین نے شرکاء کی تعداد۸؍ لاکھ بتائی تھی۔