Inquilab Logo

ء۲۰۲۱ء بزنس ویمن جنہوں نے اپنی علاحدہ شناخت بنائی

Updated: December 30, 2021, 1:09 PM IST | Agency

خواتین دنیا کے ہر کونے میں اپنی کامیابی کے سبب اپنی ایک منفرد پہچان بنا رہی ہیں۔ سائنس ، تکنالوجی، کاروبار، فوڈ انڈسٹری، تعلیم، میڈیا، سیاست، سیاحت گویا تقریباً ہر شعبے میں خواتین اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہی ہیں۔ جانئے ۲۰۲۱ء میں منفرد مقام حاصل کرنے والی چند خواتین کے بارے میں

Falguni Nayar. Picture:INN
فالگونی نائر۔ تصویر: آئی این این

انکیتی بوس
؍۲۹؍انکیتی بوس ای کامرس فیشن کمپنی زیلنگو کی بانی ہیں۔ حال ہی میں ان کی کمپنی یونیکورن اسٹیس کے قریب پہنچ گئی۔ واضح رہے کہ یونیکورن اسٹیٹس سے مراد نجی طور پر شروع کی جانے والی کسی کمپنی کی مالیت ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرنا ہے۔ مذکورہ کمپنی کا ہیڈ کوارٹرز سنگاپور میں قائم ہے جبکہ اس کی تکنیکی امور بنگلور میں کمپنی کے شراکت دار دھروو کپور ۱۰۰؍ افراد پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ دیکھتے ہیں۔ انکیتی بوس نے ۲۰۱۲ء میں سینٹ زیویئر کالج ممبئی سے ریاضی اور معاشیات میں گریجویشن کی سند حاصل کی تھی۔ انکیتی اس سے قبل ایک گیمنگ اسٹوڈیو میں بحیثیت سافٹ ویئر انجینئر کام کرتی تھیں جس کے بعد ان کی ملاقات بنگلور میں ۲۰۱۴ء کے اوآخر میں دھروو کپور سے ہوئی اور انہوں نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں سرمایہ کاری کا آغاز کیا۔ جس کے بعد ۲۰۱۵ء میں زیلنگو کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کا مقصد جنوب مشرقی ممالک مثلاً انڈونیشیا، فلپائن وغیرہ کو ایک آن لائن بازار فراہم کرنا تھا۔
فالگونی نائر
 ملک میں فیشن اور بیوٹی پروڈکٹ کی ٹاپ ای کامرس کمپنی ’نائکا‘ اب شیئر بازار کا رخ کر رہی ہے۔ کمپنی نے حال ہی میں اپنا آئی پی او لانچ کیا ہے۔ یہ ۲۰۲۱ء کا تیسرا سب سے بڑا آئی پی او ہے۔ اس سے پہلے زوماٹو اور سونا کام اسٹار نے بڑے آئی پی او جاری کئے تھے۔ نائکا کی پیرنٹ کمپنی ایس این ای کامرس ونچرس کی شروعات انوسٹمنٹ بینکر رہ چکی فالگونی نائر نے ۲۰۱۲ء میں کی تھی۔ فالگونی نائر نے کچھ ہی برسوں میں اسے ملک کی ٹاپ بیوٹی پروڈکٹس سے جڑی ای کامرس کمپنی بنا دیا۔ ج اس ویب سائٹ پر بیوٹی پروڈکٹس کے علاوہ کپڑے وغیرہ بھی دستیاب ہیں۔ اس ویب سائٹ پر ۲۵؍ ہزار سے زیادہ برانڈز ہیں۔  فالگونی ۱۹۶۳ء میں ممبئی میں پیدا ہوئیں اور یہیں پرورش پائی۔ والد تجارت کرتے تھے اور والدہ کاروبار میں ان کا ہاتھ بٹاتی تھیں۔ بزنس کے گر انہیں وراثت میں ملے ہیں۔
 انہوں نے ممبئی میں واقع سیڈنم کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس سے گریجویش کیا ہے۔ پھر انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) احمد آباد سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ پڑھائی مکمل کرنے کے بعد ۱۹۸۵ء میں ایک مینجمنٹ کنسلٹنسی کمپنی میں بحیثیت کنسلٹنٹ وابستہ رہیں۔ ۸؍ سال بعد کوٹک مہندرا جوائن کیا اور وہاں ۱۹؍ سال مختلف عہدے پر کام کرتی رہیں۔ ۲۰۰۵ء میں منیجنگ ڈائریکٹر بنیں اور جب ۲۰۱۲ء میں دوبارہ جوائن کیا تو اسی پوسٹ پر تھیں۔
نکی ودیاوتی
 نکی ودیاوتی انڈونیشیا کی کامیاب بزنس وومن ہیں۔ وہ پرتامنیا نامی گیس کمپنی کی سی ای او، صدر اور ڈائریکٹر ہیں۔ وہ کمپنی کی دوسری صدر ہیں۔ ۲۰۲۰ء کی فارچیون میگزین کی طاقتور ترین خواتین کی فہرست میں انہیں شامل کیا گیا تھا۔ امسال کی بھی فہرست میں ان کا نام شامل ہے۔ واضح ہو کہ نکی نے ۲۱؍ سال کی عمر میں ایک بینک سے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے بجلی کی ایک کمپنی میں بطور چیف ڈائریکٹر بھی کام کیا ہے۔ ۲۰۱۷ء میں انہوں نے پرتامینا کے ایچ آر ڈپارٹمنٹ میں ڈائریکٹر کی پوسٹ سے شروعات کی تھی۔
مارتھا اسٹیوارٹ
 مارتھا اسٹیوارٹ ایک امریکی بزنس وومن اور مصنف ہیں۔ حال ہی میں ان کے بارےمیں متعدد اخبارات میںشائع ہوا ہے کہ وہ پہلی سیلف میڈ خاتون بلینیئر ہیں۔ اگرچہ اب وہ اس کلب میں شامل نہیں ہیں لیکن ۱۹۹۹ء میں وہ محض ایک دن میں ارب پتی بن گئی تھیں۔ جس کی وجہ ان کی کمپنی ’’مارتھا اسٹیوارٹ لیونگ اومنی میڈیا‘‘کا ایک پبلک کمپنی بن جانا تھا۔ انہوں نے کئی بیسٹ سیلنگ کتابیں لکھی ہیں۔  ۷۹؍ سالہ مارتھا نے کم عمری ہی سے کام کرنا شروع کردیا تھا۔ جب وہ ۱۰؍ سال کی تھیں، تب بچوں کی دیکھ بھال کیا کرتی تھیں۔علاوہ ازیں ماڈلنگ بھی کرتی تھیں۔ انہوں نے اپنی ماں سے کھانا پکانے اور سلائی کا کام بھی سیکھا تھا۔ ابتداء میں وہ اپنے کپڑے خود ڈیزائن کرتی تھیں۔ مارتھا نے اپنی کمپنی کی بنیاد ۱۹۹۷ء میں رکھی تھی۔ وہ اب تک کئی اہم قومی اور بین الاقوامی اعزازات اپنے نام کرچکی ہیں۔
ویٹنی وولف ہیرڈ
 ویٹنی وولف ہیرڈ ایک امریکی انٹرپرینیور ہیں۔ وہ ’’بمبل‘‘کی سی ای او ہیں جو ایک سوشل میڈیا ایپ ہے۔چند ماہ پہلےانہیں ۲۰۲۱ء کی دنیا کی سب سے کم عمر ’’سیلف میڈ‘‘ بلینیئر خاتون کا اعزاز ملا ہے۔ اس طرح وہ دنیا کی ایسی سب سے کم عمر خاتون بھی ہیں جنہوں نے محض ۳۱؍ سال کی عمر میں اپنی کمپنی کو پبلک کردیا تھا۔ ویٹنی نے ابتدائی تعلیم جج میموریل کیتھولک ہائی اسکول، امریکہ سے حاصل کی ہے جبکہ سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی سے انٹرنیشنل اسٹڈیز میں ڈگری لی ہے۔ انہوں نے محض ۲۰؍ سال کی عمر ہی میں کاروبار کرنا شروع کردیا تھا۔اس وقت وہ بانس سے بنے بیگ فروخت کرتی تھیں۔ اس بیگ کی کئی مشہور شخصیات نے تشہیر بھی کی تھی ۔ اس کے بعد انہوں نے ملبوسات کا کاروبار شروع کیا تھا، جسے کافی پسند کیا گیا۔انہوں نے کئی مشہور کمپنیوں کے لئے بھی کام کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK