• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایس آئی آر پر ۴۸؍ سوال،اپوزیشن سپریم کورٹ پہنچا

Updated: November 17, 2026, 9:08 AM IST | New Delhi

الیکشن کمیشن سے حلفیہ جواب مانگنے کی اجازت چاہی، بنیادی سوال یہی ہے کہ ’’ایس آئی آر کا فیصلہ کس کا ہے؟‘‘عدالت میں کمیشن کےجوابی حلف ناموں پر بھی سوال پوچھا۔

Rahul Gandhi.Photo:INN
راہل گاندھی۔ تصویر:آئی این این
  راہل گاندھی اور انڈیا اتحاد کے دیگر لیڈروں نے سپریم کورٹ میںدرخواست داخل کرکےعدالت کے توسط سے  الیکشن کمیشن  سے ۴۸؍ اہم  سوالات پوچھنے کی اجازت  چاہی ہے۔ بنیادی سوال یہی ہے کہ ’’ایس آئی آر کرنے  کافیصلہ کس نے کیاتھا؟‘‘ اس کے ساتھ ہی  اپوزیشن کے پٹیشن پر  الیکشن کمیشن کی جانب سے داخل کئے گئے جوابی حلف ناموں  پر بھی اپوزیشن نے شبہ ظاہر کیا ہے اور پوچھا ہے کہ کیا ان حلف ناموں کو تینوں الیکشن کمشنروں کی تائید حاصل ہے؟ یاد رہے کہ  جوابی حلف نامہ میں الیکشن کمیشن  نے دعویٰ کیا  ہے کہ ایس آئی آر سے متعلق تمام فیصلے متفقہ طور پر  کئے گئے ۔ درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ۲۶؍ اکتوبر کو داخل کردہ جوابی حلف نامے میں ایس آئی آر سے متعلق  فیصلوں اور منظوریوں کو متفقہ قرار دیا ہے لیکن اس سلسلے میں متعلقہ تاریخوں، فائلوں پر درج نوٹس، ریکارڈ اور فیصلہ سازی کے طریقۂ کار کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ 
 
 
الیکشن کمیشن کے حلف نامے بھی مشکوک
انہوں نے خاص طور پر سوال اٹھایا ہے کہ کیا ڈپٹی الیکشن کمشنر بھانو پرکاش یتورو کے داخل کردہ حلف نامے کو چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے ساتھ الیکشن کمشنروں سکھ بیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی نے بھی منظوری دی تھی؟ درخواست گزاروں نے یتورو سے یہ بھی پوچھنے کی اجازت مانگی ہے کہ جوابی حلف نامے کی منظوری کسی میٹنگ میں فائل سب کے آگے  پیش کرکے حاصل کی گئی  یا الیکٹرانک کمیونی کیشن کے ذریعے؟ عرضی گزار متعلقہ تاریخ اور ریکارڈس کی تفصیل بھی چاہتے ہیں جن سے ظاہر ہو کہ تینوں الیکشن کمشنروں  نے حلف نامے کی منظوری کس طرح دی تھی۔یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ حلف نامہ کو منظوری دیتے ہوئے کیا کسی کمشنر نے کسی ترمیم کا مشورہ دیاتھا یا کسی نکتے پر تحفظات کا اظہار کیاتھا؟ 
فارم ۶؍ پر سوال
ایس آئی آر سے متعلق فیصلوں، ای سی آئی نیٹ، فارم ۶؍ اور اپیلیں دائر کرنے کے معاملے پر تینوں  الیکشن کمشنروں میں  سےکسی کی بھی  جانب سے درج  کئے گئے کسی بھی اعتراض، اختلاف یا تحفظات کی تفصیلات بھی مانگی گئی  ہیں۔ الیکشن کمشنروں سے پوچھا گیا ہے کہ ۱۹؍ فروری ۲۰۲۵ء سے ۲۶؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کے درمیان انہوں  نےکتنی مرتبہ تحریری طور پر کوئی اعتراض،  اختلاف یا تحفظات درج کرائے  تھے۔
 
 
فیصلے اتفاق رائے سے ہوئے یا اکثریتی رائے سے؟
راہل گاندھی اوراپوزیشن  کے دیگر لیڈروں کی جانب سے پیش کئے گئے سوالات کے ایک حصے کا تعلق الیکشن کمیشن کے اس دعوے سے ہے کہ ۲۴؍ جون تا ۲۷؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء اور ۱۴؍  مئی ۲۰۲۶ء کو ایس آئی آر کے سلسلے میں جاری کئے گئے احکامات  کمیشن کے متفقہ فیصلوں کے تحت صادر ہوئے تھے۔ عرضی گزاروں نے ہر فیصلے کے فائل نمبر، تاریخ اور اس فیصلے تک پہنچنے کے طریقۂ کار کی تفصیلات مانگی ہیں۔ درخواست میں ۲۴؍ جون ۲۰۲۵ء کے حکم میں درج اس فیصلے کی تفصیل بھی  مانگی گئی  ہے جس کے مطابق کمیشن نے ’’پورے ملک میں‘‘ ایس آئی آر شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ درخواست گزاروں نے الیکشن کمیشن کے حلف نامے اور حق اطلاعات قانون کے تحت اس کے پہلے اپیلیٹ اتھاریٹی کے ایک حکم کے درمیان بظاہر تضاد کی وضاحت طلب کی ہے۔  اپیلیٹ اتھاریٹی نے کہاتھا کہ کمیشن ۲۰۲۵ء میں ملک گیر ایس آئی آر کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK