Inquilab Logo

خوشگوار ازدواجی زندگی کے ۵؍ سنہری اُصول

Updated: January 24, 2023, 11:02 AM IST | ODhni desk | Mumbai

شادی شدہ زندگی میں اختلاف ہونا عام بات ہے کیونکہ دو مختلف شخصیات کے درمیان اتفاق ہوگا تو اختلاف بھی ہوگا مگر سوچئے جھگڑنے کے باوجود بہت سے جوڑے ’’خوشحال شادی شدہ جوڑے‘‘ کہلاتے ہیں کیونکہ رشتے لڑائی جھگڑوں سے نہیں بگڑتے بلکہ رشتوں پر فرق جھگڑوں کو سلجھانے کے طریقے سے پڑتا ہے

Trust between husband and wife is key. Trust flourishes when both consider each other important
بیوی اور شوہر میں اعتماد کلید کی حیثیت رکھتا ہے۔ دونوں ایک دوسرے کو اہم جانیں تو اعتماد پھلتا پھولتا ہے

ایک بات جان لیجئے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ ایک دوسرے سے کتنی محبت کرتے ہیں، آپس میں اختلاف یا لڑائی ہوگی۔ آخر آپ دونوں دو مختلف شخصیات ہیں۔ دونوں کے اپنے اپنے خیالات ہوں گے۔ اپنے اپنے تصورات ہوں گے۔ اتفاق ہوگا تو اختلاف بھی ہوگا۔ اکثر لڑائی جھگڑوں کے دوران بہت کچھ کہا اور سنا جاتا ہے مگر سوچئے جھگڑنے کے باوجود بہت سے جوڑے خوشحال شادی شدہ جوڑے کہلاتے ہیں جبکہ لڑائی کے بغیر بھی کئی جوڑے اپنے رشتے سے مطمئن نہیں ہوتے۔ آخر یہ کیسے ممکن ہے؟ سچ یہ ہے کہ رشتے لڑائی جھگڑوں سے نہیں بگڑتے بلکہ رشتوں پر فرق جھگڑوں کو سلجھانے کے طریقے سے پڑتا ہے۔ آج ہم ان ۵؍ طریقوں کے بارے میں بتا رہے ہیں جن کی مدد سے خوشحال شادی شدہ جوڑے اپنے جھگڑے سلجھاتے ہیں:
وہ جھگڑتے ہیں لیکن ساتھی کی 
کبھی توہین نہیں کرتے
 اپنے اختلاف کا شدید انداز میں اظہار کرنا بعض اوقات لڑائی جھگڑے کا باعث بن سکتا ہے۔ خوشحال شادی شدہ جوڑے اکثر اپنے اختلافات کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہیں لیکن اس دوران وہ اس بات کا خیال رکھتے ہیں کہ ساتھی کی کسی بھی طرح توہین نہ ہو، اس کے جذبات مجروح نہ ہوں۔ اس دوران وہ نہ تو چیختے ہیں اور نہ ہی ساتھی کی تضحیک کرتے ہیں۔ اگر آپ کمرے میں تنہا ہیں تب بھی ایسا کوئی کام نہ کریں جس سے ساتھی کی عزت نفس مجروح ہو۔ اکثر میاں بیوی جھگڑے کے دوران ایک دوسرے کو ذلیل کرتے ہیں اور ہتک آمیز الفاظ استعمال کرتے ہیں۔ یہ عمل جھگڑوں کو بڑھاوا دیتا ہے۔
وہ معافی مانگنے میں پہل کرتے ہیں
 کبھی کبھی لڑائی کے درمیان ہم ایسی باتیں کہہ جاتے ہیں جو شاید مناسب نہ ہو۔ آپ نے محسوس کیا ہوگا کہ ہمیں غلطی سے کسی کو تکلیف پہنچانے کا احساس ہو جاتا ہے۔ لیکن اکثر ہم اسے تسلیم کرنے سے ڈرتے ہیں۔ معافی مانگنے کو کمزوری سمجھتے ہیں۔ خوشحال شادی شدہ جوڑے اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں۔ ویسے بھی اپنی غلطی کو ماننے اور معافی مانگنے میں کوئی حرج نہیں۔ اس سے آپ کی کمزوری ظاہر نہیں ہوتی بلکہ آپ کا رشتہ مضبوط ہوتا ہے۔ بعض دفعہ میاں بیوی ایک دوسرے سے توقع کرتے ہیں کہ سامنے والا پہلے معافی مانگے گا اس عادت کی وجہ سے مسئلہ پیچیدہ ہو جاتا ہے۔ اس عادت کو ترک کر دیں اور دونوں ہی اپنی اپنی غلطی تسلیم کرنے میں پہل کریں۔
بحث کے دوران بات پر قائم رہتے ہیں اور پرانی باتوں کو سامنے نہیں لاتے
 اکثر ایسا ہوتا ہے کہ جھگڑے کےدوران پرانی باتیں درمیان میں آ جاتی ہیں۔ کئی بار شادی شدہ جوڑے جھگڑتے ہوئے ماضی میں ہوئی باتوں سے متعلق اس قدر مشتعل ہو جاتے ہیںکہ انہیں یاد نہیں رہتا کہ ان کا جھگڑا آخر کس بات پر شروع ہوا تھا۔ ایسی جھگڑوں کی کوئی انتہا نہیں ہوتی۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ رشتے خراب ہوتے ہیں۔ لہٰذا لڑائی جھگڑوں کو موجودہ مسئلے تک محدود رکھیں  اور پرانے معاملات کو درمیان میں نہ لائیں، یہی سمجھداری کا تقاضا ہے۔ اگر آپ کو واقعی کسی پرانے معاملے کی وجہ سے شدید تکلیف پہنچی ہے تو ایک بار بیٹھ کر اس بارے میں تفصیلی گفتگو کریں اور مسئلے کو ختم کریں۔ کسی بھی قسم کی تکلیف دہ باتوں کو پر اپنی دل و دماغ میں جگہ نہ دیں، بات کرنا زیادہ مناسب طریقہ ہے۔
وہ ایک دوسرے کو یاد دلاتے رہتے ہیں کہ 
لڑائی کے باوجود محبت باقی ہے
 جیسا کہ پہلے ہی کہا جا چکا ہے کہ جھگڑا ایک صحتمند رشتے کی علامت ہے۔ جھگڑے کے بعد جب معاملہ ٹھنڈا ہو جائے تو اپنے ساتھی کو یہ احساس دلائیں کہ ان کی اہمیت ہمیشہ برقرار رہے گی تاکہ ساتھی کو احساس ہو کہ چھوٹے چھوٹے جھگڑے اپنی جگہ لیکن محبت قائم ہے۔ اس طریقے کو اپنانے سے آپ دونوں بھی خوشحال شادی شدہ جوڑوں کی فہرست میں شامل ہو جائیں گے۔
جھگڑوں کی شدت بڑھنے پر وہ فوراً اپنی 
شکست قبول کر لیتے ہیں
 جب سامنے والا اپنی بات پر قائم رہے اور آپ کی بات سمجھنے کیلئے بھی راضی نہ ہو تو، ایسی صورتحال میں خوشحال شادی شدہ جوڑے فوراً اپنی شکست تسلیم کر لیتے ہیں۔ اگلے دن جب ساتھی کا مزاج ٹھیک ہوتا ہے تب اس سے بات کریں۔ کل جو بات آپ کہنا چاہ رہے تھے اس کا اظہار کریں۔ اس طرح آپ کا شریک حیات آپ کی بات ضرور سمجھے گا اور مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔
 ’’خوشگوار ازدواجی زندگی‘‘ چھوٹا سا لفظ ہے لیکن اس پر چلنے کیلئے برداشت، درگزر اور مستقبل بینی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر آپ ان چیزوں کے ہمراہ ازدواجی زندگی کے سفر پر چلیں گے تو نہ صرف سفر خوش وخرم گزرے گا بلکہ منزل پر پہنچ کر تھکن کے بجائے طمانیت کا احساس ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK