عنقریب رمضان کا مبارک مہینہ شروع ہونے والا ہے۔ اس ماہ کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے لیکن بیشتر خواتین غیر ضروری سرگرمیوں کی وجہ سے قیمتی لمحوں کو ضائع کر دیتی ہیں۔ اس مضمون میں چند ایسی سرگرمیوں کا ذکر کیا جا رہا ہے جن سے دوری اختیار کرلینا اشد ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ وقت عبادت کیلئے مل سکے
افطار میں سادہ اور کم وقت طلب اشیاء تیار کریں تاکہ آپ کو عبادت کے لئے زیادہ سے زیادہ وقت مل سکیں۔ تصویر: آئی این این
رمضان رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ بیشتر خواتین رمضان کی نعمتوں کو سمیٹنے کے بجائے غیر ضروری سرگرمیوں میں مصروف رہتی ہیں۔ اس مضمون میں چند ایسی غیر ضروری سرگرمیوں کا ذکر کیا جا رہا ہے جن سے پیچھا چھڑانے کی پوری کوشش کیجئے:
موبائل فون پر وقت گزارنا
آج ہمارے معاشرہ میں ہر انسان کے ہاتھ میں فون ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ چھوٹے بچے بھی موبائل فون کا استعمال کرتے ہیں۔ ہر وقت فضول ویڈیوز دیکھنا، وہاٹس ایپ پر لگے رہنا، فون پر یا میسیج کے ذریعے کسی دوسرے کی غیبت کرنا۔ یہ موبائل فون کا حد سے زیادہ استعمال ہمارے عبادت کرنے کے وقت کو ضائع کر دیتا ہے۔ لہٰذا رمضان شروع ہونے سے قبل ہی موبائل فون کے محدود استعمال کو یقینی بنائیں۔ غیر ضروری نوٹیفکیشن بند کر دیں۔ خاتونِ خانہ خود بھی موبائل فون سے دور رہیں اور گھر کے بڑوں چھوٹوں سبھی کو بھی اس بات کی تلقین کریں۔ ایک ماہ کے لئے سوشل میڈیا سے وقفہ لیجئے۔ صرف اہم کاموں کے لئے موبائل فون کا استعمال کریں تاکہ عبادت کے لئے زیادہ سے زیادہ وقت نکال سکیں۔
یہ بھی پڑھئے: بورڈ امتحانات: کامیابی کے سفر میں ماں کا روشن کردار
ٹی وی پر ڈرامے دیکھتے دیکھتے کام کرنا
آج ہر گھر میں ٹی وی موجود ہے اور کچھ خواتین ٹی وی پر ڈرامے دیکھتے دیکھتے گھر کے کام کرتی ہیں۔ بچے بھی ٹی وی پر کارٹون دیکھتے ہیں۔ یہ سرگرمی کافی وقت برباد کرتی ہے۔ اس سے پیچھا چھڑا لیں۔ کچھ وقت کے لئے ٹی وی بند کر دیجئے۔
لڈو گیمز
رمضان مہینے میں بچے روزہ رکھ کر لڈو گیم، کیرم بورڈ، بیڈ منٹن، شطرنج اور دیگر کھیل کھیلتے ہیں تاکہ اُن کا وقت آسانی سے گزر سکے۔ روزہ رکھ کر عبادت کرنے کے بجائے ان سارے کھیلوں میں اپنا وقت ضائع کر دیتے ہیں۔ ماؤں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو اِس غیر ضروری سرگرمی میں وقت برباد کرنے نہ دیں اور انہیں رمضان کی قیمتی ساعتوں سے فیضیاب ہونے کی ترغیب دیں۔
یہ بھی پڑھئے: گھر سنبھالنا بھی ایک فن ہے
سحری میں بہت زیادہ اہتمام
کچھ خواتین آدھی رات ہی سے سحری کی تیاری میں لگ جاتی ہیں۔ تہجد کی نماز اور دعاسب بھول جاتی ہیں۔ خواتین کو چاہئے کہ سادہ کھانا بنائیں اور کھلائیں۔ اپنا زیادہ تر وقت سحری میں نہ لگائے بلکہ سحری میں تہجد اور دعا کا خصوصی اہتمام کریں۔ نوافل پڑھیں، تلاوت کریں اور عبادت میں مشغول رہیں۔
پُرتکلف افطار
ہمارے یہاں اکثر خواتین رمضان میں زیادہ سے زیادہ قسم قسم کے پکوان بنانے میں لگی رہتی ہیں۔ آج یہ بنانا ہے کل وہ بنانا ہے۔ مختلف قسم کے پکوان بنانے کی وجہ سے تلاوت کرنے، عبادت کرنے سے محروم ہوجاتی ہیں۔ ہمیں ہمیشہ یہ یاد رکھنا چاہئے کہ سادہ کھانا، ہماری صحت کو اچھا رکھتا ہے۔ اور سادہ غذا ہمارے پیسوں کی حفاظت بھی کرتا ہے۔ اور فضول خرچی سے بھی بچاتا ہے۔ اس لئے زیادہ پکوان نہ بنائیں۔ کچن سے باہر آئیں اور عبادت کریں۔ سادہ غذا ہمیں صحت و تندرست اور چست رکھتا ہے۔ اگر افطار پارٹی کا اہتمام کر رہی ہیں تب بھی سادہ پکوانوں کو ترجیح دیں۔ پھل اور جوس سے دسترخوان سجائیں۔
یہ بھی پڑھئے: کہیں ہم زندہ ہوتے ہوئے مر تو نہیں گئے....؟
زیادہ سونا
کم اور زیادہ سونا، دونوں صحت کے اعتبار سے درست نہیں لیکن رمضان میں زیادہ سے زیادہ ہماری کوشش یہی ہونی چاہئے کہ ہم ۶؍ سے ۸؍ گھنٹے سوئیں اور زیادہ سے زیادہ عبادت کریں۔ اس مہینے میں زیادہ سونا ہمارے قیمتی عبادت کرنے کے وقت کو ضائع کر دیتا ہے۔ کچھ لوگ ہوتے ہیں جو پورا یا آدھے سے زیادہ روزہ سو کر گزارتے ہیں۔ ایسا کرنے سے ہمیں بچنا چاہئے۔
بازار آباد کرنا
وہ خواتین جو بازاروں میں اپنا زیادہ سے زیادہ وقت خریداری میں گزارتی ہیں۔ زیادہ بازاروں میں گھومنے اور خریداری کرنے سے وقت کے ساتھ ساتھ پیسوں کی بھی بربادی ہوتی ہے۔ اور اکثر افطاری کے وقت خواتین خریداری کرتے ہوئے بازاروں میں نظر آتی ہیں اور راستوں پر روزہ کھولتی ہیں۔ خواتین کو چاہئے کہ رمضان آنے سے پہلے ہی ساری خریداری کرلیں۔ باورچی خانے کے سامان، گھریلو اشیاء اور عید سے جڑی ہوئی ساری چیزیں پہلے ہی سے خرید لیں تاکہ آپ کو روزوں میں بازاروں میں جانے کی ضرورت ہی نہ پڑے۔
یہ بھی پڑھئے: یہ غذائیں معمر افراد کی صحت کے لئے فائدہ مند ہوں گی
مذکورہ بالا سرگرمیاں ہمیں رمضان المبارک کی قیمتی ساعتوں سے محروم کر دیتی ہیں۔ ان سے بچنے کی کوشش کریں اور زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزاریں۔ اس مبارک مہینے کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے۔ اسے ضائع ہونے نہ دیں۔
سب سے اہم بات، اپنے رب کو راضی کر لیجئے۔ اللہ ہمارے رمضان کی نیکیوں کو اپنے دامن میں سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے۔