• Wed, 18 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رمضان کی عین وقت کی تیاریاں؛ چند کارآمد باتیں

Updated: February 18, 2026, 3:02 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

رمضان سے پہلے گھر کی مکمل صفائی کریں تاکہ عبادات کیلئے وقت میسر ہو۔ دیوار کے جالے جھاڑ دیں۔ پنکھے صاف کرلیں۔ کارپٹ تبدیل کرنا چاہتی ہیں تو اسے بھی بدل دیں یا پرانا کارپٹ صاف کرلیں۔ اگر ممکن ہو تو گھر میں عبادت کیلئے ایک پرسکون گوشہ تیار کریں۔ ساتھ ہی گھر کی آرائش کیلئے برقی قمقمے لگائیں۔

Buy and save before Ramadan. Photo: INN
رمضان سے قبل سودا سلف خرید کر محفوظ کرلیں۔ تصویر: آئی این این

رمضان سایۂ فگن ہوا چاہتا ہے۔ بیشتر خواتین ِ خانہ کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہوں گی۔ جن کی تیاری باقی ہے وہ گھبرائیں نہیں۔ عین وقت کی جانے والی تیاریوں کے متعلق یہاں رہنمائی کی جا رہی ہے:

باورچی خانہ تیار کریں

رمضان المبارک میں باورچی خانہ وہ جگہ ہے جہاں سب سے زیادہ اہتمام کیا جاتا ہے۔ کچھ تیاری رمضان کے حوالے سے بہت ضروری ہے مثلاً کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ افطاری اور سحری کی خوراک کی منصوبہ بندی بھی پہلے سے کرلی جائے۔ بہتر ہوگا کہ ایک ہفتہ وار یا ماہانہ مینو ترتیب دیں تاکہ روزانہ کی افطاری اور سحری کے لئے پریشانی نہ ہو۔ مینو کو بہت زیادہ پیچیدہ نہ بنائیں بلکہ سادہ اور آسان پکوانوں کو ترجیح دیں۔ اس کے ساتھ ہی ضروری اشیاء جیسے تیل، گھی، آٹا، چاول، چنے، بیسن، دالیں، شکر، کھجوریں، شربت، دودھ، دہی، گوشت، اور دیگر ضروری اجزاء خرید کر محفوظ کرلیں۔ اس کے علاوہ فریج کی صفائی کرلیں۔ پہلے سے رکھے ہوئے سامان استعمال کرلیں اور قابل ِ استعمال نہ ہوں تو ہٹا دیں۔ اس کے بعد فریج کو رمضان کے لئے تیار کریں۔ چاہیںتو سموسے، رول، کباب، فروزن پراٹھے اور دیگر اشیاء تیار کرکے منجمد کئے جاسکتے ہیں۔ برتن اور کچن کے آلات جیسے بلینڈر، چمچہ، چاقو اور دیگر سامان کی چیک کریں تاکہ کوئی چیز خراب ہو تو پہلے سے بدل لی جائے۔ زیادہ وقت لینے والے کام پہلے مکمل کر لیں جیسے گوشت دھو کر چھوٹے حصوں میں کاٹ کر رکھنا، پیاز ٹماٹر کا پیسٹ بنا کر رکھنا، لہسن ادرک کا پیسٹ تیار کرنا، اور چٹنیاں بنا کر رکھنا۔ یہ وہ تمام کام ہیں جو اگر آپ پہلے سے تیاری کرلیں تو آپ کو بہت ذہنی سکون مہیا کریں گے اور عین وقت کی افراتفری سے بچ جائیں گی۔

یہ بھی پڑھئے: بورڈ امتحان میں شریک اپنے چہیتوں کی مدد کرسکتے ہیں آپ، اس طرح:

گھر کی صفائی اور انتظام

رمضان سے پہلے گھر کی مکمل صفائی کریں تاکہ عبادات کے لئے وقت میسر ہو۔ دیوار کے جالے جھاڑ دیں۔ پنکھے صاف کرلیں۔ کارپٹ تبدیل کرنا چاہتی ہیں تو اسے بھی بدل دیں یا پرانے کارپٹ کو جھاڑ کر اچھی طرح صاف کرلیں۔ اگر ممکن ہو تو گھر میں عبادت کے لئے ایک پرسکون گوشہ تیار کریں۔ سحری اور افطاری کے وہ برتن اور دسترخوان جو خاص رمضان کے لئے ہی اکثر گھروں میں خاص اہتمام کے لئے نکالے جاتے ہیں انہیں پہلے سے دھو کر تیار رکھیں تاکہ وقت پر آسانی ہو۔

الماری کو ترتیب دیں

اپنی الماری کا جائزہ لیں۔ جو کپڑے بہت دنوں سے پہنے نہیں گئے ہیں انہیں ہٹا دیں۔ بعض خواتین رمضان اور عید کے لئے نئے کپڑے سلواتی ہیں اس لئے پرانے کپڑوں کو ہٹا دینا چاہئے۔ پرانے کپڑے ضرورت مند افراد کو دیئے جاسکتے ہیں۔ جو کپڑے رمضان میں پہننے والی ہیں انہیں آگے کی طرف رکھ دیں۔ اس طرح نئے سرے سے الماری کے سارے کپڑوں کو ترتیب دیں۔ یہ دیکھنے میں اچھا لگے گا اور کپڑے نکالنے میں کوئی پریشانی بھی نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: رمضان میں وقت برباد کرنیوالی سرگرمیوں سے پیچھا چھڑا لیں

گھر کی آرائش و زیبائش

رمضان آنے سے قبل صاف ستھرا اور سجا سنوار گھر دیکھنے میں اچھا لگتا ہے۔ اس کیلئے بہت زیادہ محنت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ صاف ستھرے اور خوشنما پردے لگائے جاسکتے ہیں۔ تکیہ اور کشن کے کور بدلے جاسکتے ہیں۔ صاف دھلی ہوئی بیڈ شیٹ سے بھی کمرہ کا منظر بدل سکتا ہے۔ آپ چاہیں تو کمرے کو برقی قمقموں سے بھی سجا سکتی ہیں۔ اس سے گھر کی شان و شوکت بڑھ جائے گی۔ اسی طرح فرش پوش، تولیہ، دسترخوان وغیرہ تبدیل کر دیں۔ دیوار کے کونوں پر گلدان رکھ دیں اور رسی کی مدد سے لٹکا دیں۔ اس سے گھر میں تازگی محسوس ہوگی۔

دیگر ضروری امور

گھر کے سودے سلف کی لسٹ پہلے سے بنالیں اور خریداری کرکے رکھیں تاکہ بار بار بازار جانے کی ضرورت نہ پڑے۔ مہمانوں کی میزبانی کے لئے تیاریاں کریں، جیسے افطار پارٹی کا شیڈول اور مہمان نوازی کا انتظام۔

یہ بھی پڑھئے: بورڈ امتحانات: کامیابی کے سفر میں ماں کا روشن کردار

اپلائنسز کو چیک کر لیں

رمضان میں استعمال ہونے والے اپلائنسز نکال کر دیکھ بھال لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ صحیح طرح سے کام کر رہے ہیں یا نہیں۔ اَوَن، فریج، مکسر، وغیرہ تمام چیزیں ضروری ہیں اور اگرآپ کے کسی بھی سامان یا ان میں سے کسی بھی چیز کو ٹھیک کرانے کی ضرورت ہے تو ابھی کروا لیں۔

رمضان سے عین قبل یہ تیاریاں مکمل کر لیجئے تاکہ رمضان میں آپ کو کوئی پریشانی نہ ہو۔ یاد رکھیں، اپنے آپ کو ذہنی اورجسمانی طور پر تر و تازہ رکھیں تاکہ اس مہینے کا بہترین استعمال کرسکیں، اور اس بابرکت مہینے میں آپ خوب عبادات کرسکیں۔ ساتھ ہی اس مہینے میں اپنے آرام کو بھی ترجیح دیں۔ یاد رکھیں کہ صاف ستھرا اور منظم گھر ذہن کو سکون بخشتا ہے اس لئے اطمینان سے گھر کو رمضان کے لئے تیار کیجئے اور خوش دلی سے اس ماہ کا استقبال کیجئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK