• Wed, 14 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایکسٹرن شپ بمقابلہ انٹرن شپ :دونوں میں فرق کیا ہے؟

Updated: January 14, 2026, 8:01 PM IST | Riddhi Thakur | Mumbai

بہت سے افراد کیلئے ’انٹرن شپ ‘ نیالفظ نہیں ، لیکن ’ایکسٹرن شپ ‘ پر کچھ چونک سکتے ہیںکیونکہ یہ لفظ کم ہی سننے اور پڑھنے کو ملتا ہے، انہیں دو اصطلاحات کے متعلق اہم نکات درج ذیل ہیں۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این
اگر آپ دوران تعلیم، عملی تجربہ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو عموماً سب سے پہلے ’انٹرن شپ‘ ذہن میں آتی ہے۔ ’ایکسٹرن شپ‘پر کوئی توجہ ہی نہیں دیتا۔ حالانکہ کریئر کی ابتدا میں یہ نہایت اہم کردار ادا کر سکتی  ہے۔ اگرچہ دونوں پیشہ ورانہ زندگی سے متعارف کراتی ہیں، مگر ان کا طریقۂ کار بالکل مختلف ہوتا ہے۔
ایکسٹرن شپ
اس میں آپ کیا کرتے ہیں؟: ایکسٹرن شپ مشاہدے پر مبنی ہوتی ہے۔ آپ کسی ’پروفیشنل‘ کیساتھ رہ کر اسکے روزمرہ معمولات دیکھتے ہیں، میٹنگز میں بیٹھتے ہیں اور سوالات کرتے ہیں۔ مقصد کردار کو سمجھنا ہوتا ہے، نہ کہ اس کام کو انجام دینا۔
دورانیہ: یہ مختصر ہوتی ہے۔ بعض صرف ایک دن کی، بعض چند ہفتوں کی، اور شاذ و نادر ہی دو ماہ سے زیادہ ہوتی ہیں۔ بہت سے طلبہ انہیں سیمسٹر بریک میں کرتے ہیں۔
 معاوضہ اور کریڈٹ:زیادہ تر ایکسٹرن شپس غیر معاوضہ ہوتی ہیں اور عام طور پر کالج کریڈٹ بھی نہیں دیتے۔
 یہ کیوں منتخب کی جاتی ہے؟:یہ آپ کو یہ جاننے میں مدد دیتی ہیں کہ کوئی کریئر واقعی آپ کے لئے موزوں ہے یا نہیں۔ بغیر طویل وابستگی کے کام کی حقیقت سامنے آ جاتی ہے۔
 انٹرن شپ
انٹرن شپس میں حقیقی ذمہ داریاں شامل ہوتی ہیں۔ آپ کسی ٹیم کا حصہ بنتے ہیں، دئیے گئے کام انجام دیتے ہیں اور سپروائزر کو رپورٹ کرتے ہیں۔ آپ کا کام ادارے کیلئے  مفید ہوتا ہے۔
 مدت: زیادہ تر انٹرن شپس کم از کم آٹھ ہفتوں کی ہوتی ہیں اور عموماً پورا سمر یا تعلیمی ٹرم کور کرتی ہیں۔
 معاوضہ اور کریڈٹ: بہت سی انٹرن شپس معاوضہ دیتی ہیں، خاص طور پر ٹیکنالوجی، فنانس اور میڈیا جیسے شعبوں میں۔ کچھ تعلیمی کریڈٹ دیتی ہیں، اور بعض دونوں فراہم کرتی ہیں۔
 لوگ انہیں کیوں منتخب کرتے ہیں؟ : انٹرن شپس مہارتیں نکھارتی ہیں، اعتماد بڑھاتی ہیں اور ریزیومے کو مضبوط بناتی ہیں۔ اکثر گریجویشن کے بعد نوکری کی پیشکش کا سبب بھی بنتی ہیں۔
دونوں کا موازنہ 
دورانیہ: ایکسٹرن شپس مختصر اور لچکدار ہوتی ہیں۔ انٹرن شپس میں مستقل وقت اور باقاعدہ اوقات درکار ہوتے ہیں۔
شمولیت کی سطح:ایکسٹرن شپس میں دیکھنا اور سیکھنا مرکزی ہوتا ہے۔ انٹرن شپس میں کام کرنا اور حصہ ڈالنا اہم ہوتا ہے۔
معاوضہ:ایکسٹرن شپس عموماً غیر معاوضہ ہوتی ہیں۔ انٹرن شپس میں معاوضہ یا کریڈٹ ملنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔
بنیادی مقصد:ایکسٹرن شپس فیصلہ سازی میں مدد دیتی ہیں۔ انٹرن شپس ملازمت کے لئے تیاری کراتی ہیں۔
 ایکسٹرن شپ کسے کرنا چاہئے؟
اگر آپ ابھی کریئر منتخب کرنے کے متعلق غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں تو ایکسٹرن شپ بہترین متبادل ہے۔ اگر آپ مختلف شعبوں کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں اور روزمرہ کے کام کو قریب سے دیکھنا چاہتے ہیں تو یہ درست انتخاب ہے۔ یہ اُن طلبہ کیلئے بھی مفید ہےجو اپنی تعلیمی روٹین متاثر کیے بغیر تجربہ چاہتے ہیں۔ بعض طلبہ ایک سمت طے کرنے سے پہلے مختلف صنعتوں میں متعدد ایکسٹرن شپ مکمل کرتے ہیں۔ صحت، ڈیزائن اور تخلیقی شعبوں میں اکثر ایکسٹرن شپ کے ذریعے طلبہ کو مکمل شمولیت سے پہلے پیشہ ورانہ ماحول سے روشناس کرایا جاتا ہے۔
انٹرن شپ کسے کرنی چاہئے؟
انٹرن شپ اُن طلبہ کیلئے موزوں ہے جو اپنے شعبے کا فیصلہ کر چکے ہوں اور عملی تجربہ چاہتے ہوں۔ اگر مقصد ریزیومے کو مضبوط بنانا اور فل ٹائم ملازمت کیلئے  تیار ہونا ہے تو یہ بہتر انتخاب ہے۔ انٹرن شپس آپ کو ایسے ’پریکٹیکل ایگزامپل‘ دیتی ہے جن پر آپ انٹرویوز میں بات کر سکتے ہیں۔ محض مشاہدے کے بجائے آپ بتا سکتے ہیں کہ آپ نے کام کیسے سنبھالا اور مسائل کیسے حل کیے۔
 دونوں سے فائدہ کیسے اٹھائیں؟
آپ کو کسی ایک کا انتخاب کرنے کی ضرورت نہیں۔ بہت سے طلبہ مختلف مراحل پر دونوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ایک مختصر ایکسٹرن شپ کسی شعبے میں دلچسپی کی تصدیق کر دیتی ہے، اس کے بعد انٹرن شپس عملی تجربہ فراہم کرتی ہیں۔
 مواقع کیسے ملتے ہیں؟
 ایکسٹرن شپس: یہ عموماً براہِ راست رابطے سے ملتی ہیں۔ لنکڈاِن پیغامات، اساتذہ کی سفارشات، سابق طلبہ کے روابط اور کیمپس اسپیکرز عام ذرائع ہیں۔
 انٹرن شپس: یونیورسٹی، جاب پورٹلز، کریئر فیئرز اور کمپنی ویب سائٹس پر باقاعدگی سے انٹرن شپ کے مواقع آتے ہیں۔ درخواستیں عموماً رسمی عمل کے تحت ہوتی ہیں۔
انہیں ریزیومے میں شامل  کریں
نوجوانوں کو چاہئے کہ ان دونوں کے تجربے و مشاہدے کو ریزیومے میں شامل کریں۔ انٹرن شپس عملی کام کا تجربہ دکھاتی ہیں۔  ایکسٹرن شپس آپ کی پیش قدمی اور سوچا سمجھا کیریئر پلان ظاہر کرتی ہیں۔ چاہے ایکسٹرن شپ مختصر یا غیر معاوضہ ہی کیوں نہ ہو، جو کچھ آپ نے دیکھا ،سیکھا، اسے درج کریں۔
آخری بات
ایکسٹرن شپ فیصلہ کرنے میں مدد دیتی ہے۔ انٹرن شپ تیاری کراتی  ہے۔ ہر ایک کا مقصد مختلف اور وقت بھی مختلف ہوتا ہے۔
اگر آپ کالج کے ابتدائی مرحلے میں ہیں اور سمت واضح نہیں، تو ایکسٹرن شپ سے آغاز کریں۔ اور اگر آپ مہارتیں نکھار کر ملازمت کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں، تو انٹرن شپ مضبوط قدم  ہے۔ اگر آپ دونوں کر سکیں، تو آپ وضاحت اور تجربے کے ساتھ گریجویٹ ہوں گے۔
(بشکریہ: یوتھ اِنکارپوریٹیڈ)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK