Inquilab Logo

اچھی دماغی صحت کیلئے متناسب غذا ضروری ہے

Updated: July 13, 2021, 2:24 PM IST | Odhani Desk

متعدد مرتبہ تحقیق کی گئی ہے کہ کھانا ہماری مجموعی ذہنی صحت اور افسردگی اور اضطراب جیسی سنگین ذہنی بیماریوں کو کس طرح متاثر کرتا ہے، متوازن اور غذائیت سے بھرپورکھانا کھانے کی عادت آپ کو بہتر محسوس کرانے، توانائی کی سطح کو بڑھانے اور آپ کی سوچ کو واضح رکھنے میں معاون ہوتی ہے

In the current situation, the mind is being affected a lot, so the choice of healthy foods for the brain.Picture:INN
موجودہ حالات میں ذہنی صحت کافی متاثر ہو رہی ہے لہٰذا دماغ کیلئے صحتمند غذاؤں کے انتخاب پر غور کرنا چاہئے۔تصویر :آئی این این

بیشتر خواتین اپنی ڈائٹ کا بہت خیال رکھتی ہیں، کیونکہ وہ جانتی ہیں کہ یہ جسمانی صحت کے لئے کتنا ضروری ہوتا ہے، لیکن کیا آپ اس بارے میں جانتی ہیں کہ ایک اچھی ڈائٹ ذہنی صحت کیلئے کتنی فائدہ مند ہے؟ متعدد  مرتبہ تحقیق کی گئی ہے کہ کھانا ہماری مجموعی ذہنی صحت اور افسردگی اور اضطراب جیسی سنگین ذہنی بیماریوں کو کس طرح متاثر کرتا ہے، متوازن اور غذائیت سے بھرپورکھانا کھانے کی عادت آپ کو بہتر محسوس کرانے، توانائی کی سطح کو بڑھانے اور آپ کی سوچ کو واضح رکھنے میں معاون  ہوتی ہے۔ جانیں ان غذاؤں کے بارے میں
ہری سبزیاں
 ہری سبزیاں مجموعی صحت کے لئے بہترین انتخاب ثابت ہوتی ہیں، ان میں اینٹی آکسائیڈنٹس، فائبر، لاتعداد وٹامنز اور نیوٹریشنز سمیت دیگر فائدہ مند اجزاء شامل ہوتے ہیں۔ ایسی سبزیوں میں آپ کے پاس انتخاب کے لئے پالک، ساگ اور ایسی ہی دیگر سبزیاں موجود ہیں۔
اومیگا تھری فیٹی ایسڈز
 اومیگا تھری فیٹی ایسڈز دماغی صحت کے لئے قدرت کی جانب سے دیئے جانے والے بہترین اجزاء میں سے ایک ہے۔ اگر آپ ہر عمر میں اپنے دماغی افعال کو بہترین رکھنا چاہتے ہیں تو یہ آپ کی غذا کا لازمی حصہ ہونا چاہئے۔ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی ایک قسم ڈی ایچ اے یادداشت کو بہتر بنانے کے لئے بہت زیادہ ضروری ہوتی ہے اور اس کے لئے آپ کو مچھلی کو اپنی غذا کا حصہ بنانا ہوتا ہے، جبکہ مچھلی کا تیل بھی ایک بہترین متبادل ثابت ہوتا ہے۔
بیج یا چنے
 کالے ہو یا سفید چنے میگنیشیم کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔ میگنیشیم دماغی خلیات کے ریسپیٹر کے لئے فائدہ مند جز ہے جو پیغامات کی ترسیل کی رفتار بڑھاتے ہیں، جبکہ یہ خون کی شریانوں کو کھول کر دماغ تک خون کی زیادہ فراہمی میں بھی مدد دیتے ہیں۔
اخروٹ
 اخروٹ ایسا خشک میوہ ہے جسے روزانہ بھی استعمال کیا جائے تو کوئی برائی نہیں، اخروٹ نباتاتی اومیگا تھری فیٹی ایسڈز، قدرتی فائٹو اسٹیرول اور اینٹی آکسائیڈنٹس کے حصول کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں اور یہ سب دماغی افعال کو بہتر بناتے ہیں۔
ہلدی
 اس کا استعمال ہم روزانہ اپنے کھانے میں کرتے ہیں جو سوجن سے تحفظ دینےوالے اینٹی آکسائیڈنٹ سے بھرپور ہوتا ہے، ہلدی دماغ کو ایسے نقصان دہ اجزاء یا destructive beta amyloids کی سطح بڑھنے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے جو الزائمرامراض کا باعث بنتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق یہ یادداشت میں بہترین اور نئے دماغی خلیات کی تشکیل میں بھی اضافہ کرتی ہے۔
بیریز اور چیری
 اسٹرابیری ہو یا بلیک بیری، بلیو بیری یا رس بیری، یہ سب اینتھوسیان اور دیگر فلیونوئڈز کے حصول کا اچھا ذریعہ ثابت ہوتے ہیں جو صحتمند دماغ کو تشکیل دیتے ہیں۔
ٹماٹر
 دماغ کا ۶۰؍ فیصد حصہ چربی پر مشتمل ہوتا ہے اور ٹماٹر میں موجود اجزاء اس کے تحفظ کیلئے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، ٹماٹر میں موجود کیروٹینز ایسے اینٹی آکسائیڈنٹس ہیں جو دماغ کو نقصان پہنچانے والے فری ریڈیکلز سے بچاتے ہیں اور دماغی افعال عمر بڑھنے کے باوجود درست رہتے ہیں۔
پیاز
 پیاز فولیٹ کے حصول کا اچھا قدرتی ذریعہ ہے، فولیٹ دماغ کی جانب خون کے بہاؤ کو بہتر کرتا ہے جبکہ یہ ڈپریشن کے شکار افراد کیلئے فائدہ مند جز ثابت ہوتا ہے۔
چائے
 کیفین اور امینو ایسڈ کا امتزاج چائے میں پایا جاتا ہے جو دماغی افعال پر طاقتور اثرات مرتب کرتا ہے، ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سبز چائے سے یادداشت اور دماغی افعال بہتر ہوتے ہیں جبکہ ذہنی بے چینی کم ہوتی ہے۔
سیب
 ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سیب میں موجود ایک جز کیوریسٹین دماغی اعصاب کو آکسائیڈنٹ سے تحفظ فراہم کرسکتے ہیں، ایسا مانا جاتا ہے کہ یہ جز دماغی اعصاب کو ورم اور دیگر مسائل سے تحفظ فراہم کرسکتا ہے جبکہ الزائمر جیسے امراض کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
بادام
 یہ سبھی جانتے ہیں کہ بادام کو دماغ کی غذا بھی قرار دیا جاتا ہے جو یادداشت کو بہتر بناتا ہے اور یہ سب وٹامن ای اور اس میں شامل فیٹی ایسڈز کا اثر ہوتا ہے۔ حافظے کو تیز کرنے کیلئے ۸؍ سے ۱۰؍ بادام کو رات کو پانی میں بھیگو کر صبح کھائیں۔ ماہرین کے مطابق پانی میں بھیگو کر بادام کھانا غذائی اجزاء کو جسم میں آسانی سے جذب ہونے میں مدد دیتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK