Inquilab Logo

متوازن غذا بارش کے موسم میں آپ کو کئی بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے

Updated: July 21, 2022, 2:05 PM IST | Saima Shaikh | Mumbai

بارش کے موسم میں سردی ، کھانسی، زکام، پیٹ کے امراض اور وائرل انفیکشن کے معاملات بڑھ جاتے ہیں۔ صحتمند رہنے کیلئے ضروری ہے کہ کھانے پینے کی جانب خاص توجہ دی جائے۔ اس ضمن میں انقلاب نے ۵؍ ڈائٹیشین سے بات چیت کی ہے: گفتگو: صائمہ شیخ

Eating fruits rich in vitamin C in rainy season can be beneficial.Picture:INN
موسم ِ باراں میں وٹامن سی سے بھرپور پھل کھانا فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

ہلکی پھلکی غذا کھائیں
بارش کے موسم میں زیادہ تر ایسی غذائیں کھانی چاہئیں جو جلد ہضم ہوتی ہوں۔ چونکہ اس موسم میں نظام ہضم زیادہ متاثر ہوتا ہے لہٰذا بھنی ہوئی غذا کھائیں۔ تلی ہوئی اشیاء سے پرہیز کریں۔ روزانہ صبح بھیگے ہوئے ۳؍ بادام اور ۳؍ کالے کشمش کھانے کی عادت ڈالیں۔ پھلوں میں سیب، انار، ناشپاتی، سنگترے، پپیتا اور موسمبی کھائیں۔ کوشش کریں کہ پھل دوپہر ۱۲؍ بجے سے پہلے کھائیں۔ ناشتے میں جَو کا دلیہ، باجرے اور راجی کا دلیہ کھائیں۔ دوپہر کے کھانے میں دال، چاول، سبزی اور روٹی (جوار، باجرے یا ملٹی گرین) کھانا بہتر ہوتا ہے۔ گوشت اور مسالے دار چیزیں کم کھائیں۔ روزانہ ادرک کی چائے پینا شروع کر دیں، اس سے آپ کئی انفیکشن سے دور رہیں گی۔ اس موسم میں پتے والی سبزی کے بجائے بھنڈی، آلو، ترئی، کدو جیسی سبزیاں کھائیں۔
ناہید دیشمکھ (اورنگ آباد)
ڈائٹیشین
قوت مدافعت مضبوط کرنیوالی غذائیں
برسات کا موسم اپنے ساتھ کئی بیماریاں لاتا ہے۔ اس موسم میں قوتِ مدافعت کا نظام بھی کمزور ہو جاتا ہے۔ لہٰذا اس موسم میں قوت مدافعت مضبوط کرنے والی غذائیں کھانا چاہئے۔ موسم ِ باراں میں وٹامن سی سے بھرپور غذائیں اپنی ڈائٹ میں شامل کرنا چاہئے جیسے شملہ مرچ، بند گوبھی، دھنیا اور ٹماٹر وغیرہ۔ تازہ پھل کھائیں جیسے سنگترا، پپیتا، انناس، آم، لیچی، اسٹرابیری وغیرہ۔ ان میں وٹامن اے اور سی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ دھنیا، پودینہ، تلسی اور کڑی پتے سے چٹنیاں بنائیں اور اپنے کھانوں میں اسے شامل کریں۔ خشک میوہ جات میں مونگ پھلی، بادام اور سورج مکھی کے بیج استعمال کرسکتی ہیں۔ بچوں کو بھی روزانہ ایک مٹھی خشک میوہ جات کھانے کے لئے دیں۔ دالیں صحت کے لئے مفید ہوتی ہیں، لہٰذا ہر قسم کی دال اپنی ڈائٹ میں شامل کریں۔
ڈاکٹر زبیدہ تمبی (اندھیری، ممبئی)
کلینکل ڈائٹیشین اینڈ نیوٹریشن کنسلٹنٹ
بیلنس ڈائٹ ضروری ہے
بارش کا خوشگوار موسم ہر کسی کو پسند ہوتا ہے لیکن یہ موسم اپنے ساتھ انفیکشن بھی لاتا ہے۔ چونکہ خواتین اور بچوں کی قوت مدافعت کا نظام دوسروں کی بہ نسبت جلدی متاثر ہوتا ہے اس لئے انہیں وٹامن سی سے بھرپور غذاؤں کو ترجیح دینا چاہئے۔ اپنی غذا میں دہی کو شامل کریں، اس میں موجود اجزاء آپ کو انفیکشن سے لڑنے میں مدد دیتے ہیں۔ مشروم کھائیں، اس میں وٹامن ڈی، زنک اور اینٹی بائیوٹک ہوتا ہے۔ بچوں کو سوپ دیں، اس سے وہ سردی زکام جیسی بیماری سے محفوظ رہتے ہیں۔ سٹریس فروٹ (کھٹے پھل) کھائیں، ان میں وٹامن سی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو اچھی صحت کیلئے ضروری ہے۔ روزانہ رات میں ایک گلاس دودھ پینے کی عادت ڈالیں۔ اپنی ڈائٹ میں ہری سبزیاں، گوشت، مچھلی اور چکن بھی شامل کریں۔ اچھی صحت کیلئے بیلنس ڈائٹ ضروری ہے۔
ڈاکٹر احمدی منظر شیخ (بائیکلہ، ممبئی)
ڈائٹیشین
مسالے بھی مفید ثابت ہوتے ہیں
بارش کے موسم میں نمی زیادہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے بیکٹیریا زیادہ پنپتے ہیں۔ اس موسم میں کھانے پینے کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔ چونکہ اس موسم میں پیاس کی شدت کا احساس کم ہوتا ہے لہٰذا پانی کا متبادل جیسے ہربل ٹی، تلسی کا کاڑا، ہڈی کا سوپ وغیرہ مائع غذا لینی چاہئے، اس سے جسم کا الیکٹرولائٹ بیلنس رہتا ہے۔ قوت مدافعت بڑھانے والے پھل استعمال کرنے چاہئیں، جیسے جامن، سیب، ناشپاتی، انار وغیرہ۔ ان پھلوں سے امنیاتی نظام مضبوط رہتا ہے اور ہاضمہ بھی درست رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ سبزی میں لوکی، کریلا، ترئی، کدیما، پرول، ٹنڈے جیسی سبزیاں کھانی چاہئیں۔ ہمارے کھانوں میں استعمال ہونے مسالے بھی اس موسم میں ہمیں کئی بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پروٹین سے بھرپور غذائیں بھی کھائیں۔
صدف جمشید احمد فاروقی (پوائی، ممبئی)
ڈائٹیشین
صحت بخش اسنیکس کو ترجیح دیں
شدید گرمی کے بعد بارش ہمیں راحت بخشتی ہے لیکن یہ موسم اپنے ساتھ ہمارے لئے کئی پریشانیاں بھی لاتا ہے۔ اس موسم میں غذائیت سے بھرپور اشیاء کا استعمال کرنا چاہئے۔ پروٹین سے بھرپور غذائیں امنیاتی نظام کو مضبوط کرنے میں مدد کرتی ہیں۔ اس موسم میں کچی غذاؤں سے پرہیز کریں۔ ہلکی تلی ہوئی غذاؤں کو ترجیح دیں۔ خشک میوہ جات کو روزانہ اپنے ڈائٹ پلان میں شامل کریں۔ سوپ پئیں، اس سے جسم کو گرمی ملتی ہے۔ شام کے ناشتے میں صحت بخش چیزیں کھائیں، جیسے مکھانا، اڈلی، اُبلی ہوئی مونگ پھلی، ابلی یا فرائی کی ہوئی مکئی وغیرہ۔ ادرک، لہسن، کالی مرچ، ہلدی اور ہینگ جیسے مسالے امنیاتی نظام مضبوط کرتے ہیں۔ کھانوں میں ان کا استعمال یقینی بنائیں۔ موسمی پھل ضرور کھائیں۔ صاف اور اچھی طرح دھو کر غذا کھائیں یا پکائیں۔
ثمرین رشید خان (ممبئی)
ڈائٹیشین

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK