Inquilab Logo Happiest Places to Work

منظم طرزِ زندگی کاموں میں آسانی پیدا کرتا ہے

Updated: November 18, 2021, 1:22 PM IST | Garima Pankaj | Mumbai

یاد رکھئے نظم و ضبط کا پابند بننے کے لئے وقت درکار ہوتا ہے لیکن ایک بار جب آپ اس پر عمل کرنا شروع کرتے ہیں تو پھر یہ آپ کی عادت میں شامل ہوجاتا ہے۔ اپنے گھر کو منظم بنانے کے ساتھ ساتھ آپ کو ہر کام کو منظم طریقے سے کرنے کی عادت ڈالنی ہوگی تاکہ آپ کم وقت میں بھی بآسانی کام کرسکیں

If everything in the house is kept in the designated place then there will be no waste of time in searching.Picture:INN
گھر کی ہر شے طے شدہ جگہ پر رکھی ہوگی تو تلاش کرنے میں وقت ضائع نہیں ہوگا۔ تصویر: آئی این این

ملک ہو، سماج ہو یا چھوٹا سا گھر، ہر طرف لوگوں کو بکھرے ہوئے ماحول میں رہنے کی عادت ہوتی ہے۔ گھروں میں ہر انسان اپنے سامان ادھر اُدھر پٹکنے کا عادی ہوتا ہے۔ شوہر ہو یا بچے، اسکول/ آفس سے گھر آتے ہی اپنا بیگ ٹیبل، بیڈ یا صوفے پر پٹکتے ہیں اور موبائل فون میں مصروف ہوجاتے ہیں۔ بچے ایک جوتا ایک کمرے میں تو دوسرا دوسرے کمرے میں اتار کر اور موزے کو کہیں دور پھینکتے ہوئے بستر پر گر جاتے ہیں۔ عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ خاتون خانہ کو ہر چیز کو منظم رکھنا چاہئے۔ اگر اُن سے کوئی غلطی ہو جائے تو صبح ہنگامہ برپا ہوجاتا ہے۔ مثلاً: ایسے گھروں میں صبح کا منظر دیکھنے کے قابل ہوتا ہے۔ شوہر ٹائی یا فائل وغیرہ تلاش کرتے نظر آتے ہیں تو بچے موزے اور کتابیں۔ ماں ٹفن بنانے کے دوران سامان تلاش کرنے کے لئے دوڑتی ہے۔ اس صورتحال میں کبھی روٹی جل جاتی ہے، تو کبھی بس چھوٹ جاتی ہے اور کبھی دفتر پہنچنے میں دیر ہو جاتی ہے۔ یہ سب نتیجہ غیر منظم طرزِ زندگی کا ہے۔ زندگی کی ہڑبونگ اور پریشانیوں سے بچنا چاہتی ہیں تو زندگی میں منظم طرزِ زندگی کو اپنا ہوگا۔ یہ عادت گھر کے ہر فرد میں ہونی چاہئے۔
نظم و ضبط کی پابندی ضروری
 زیادہ تر لوگوں کو منظم طرزِ زندگی اپنانا بالکل بھی آسان نہیں لگتا ہے۔ یاد رکھئے نظم و ضبط کا پابند بننے کے لئے وقت درکار ہوتا ہے لیکن ایک بار جب آپ اس پر عمل کرنا شروع کرتے ہیں تو پھر یہ آپ کی عادت میں شامل ہوجاتا ہے۔ اس سے آپ کی زندگی کافی آسان ہوجاتی ہے۔ اپنے گھر کو منظم بنانے کے ساتھ ساتھ آپ کو ہر کام کو منظم طریقے سے کرنے کی عادت ڈالنی ہوگی تاکہ آپ کم وقت میں بھی بآسانی کام کرسکیں۔ منظم رہنا آپ کے تناؤ اور پریشانیوں کو بھی کم کرتا ہے۔
وقت کی پابندی
سب سے پہلے اپنے وقت کو منظم کریں۔ ایک کیلنڈر لیں اور طے شدہ کام متعین تاریخ کے آگے لکھ کر رکھ لیں اور اسے اپنی نظروں کے سامنے رکھیں تاکہ آپ وقت کے مطابق اپنے کام انجام دے سکیں۔ روزانہ صبح اٹھنے کے بعد اور سونے سے قبل کیلنڈر چیک کرنے کا معمول بنا لیں۔ ضروری کاموں کے لئے ریمائنڈر سیٹ کرلیں تاکہ آپ وقت پر ہر کام انجام دے سکیں۔ یہ عادت ذاتی اور دفتری دونوں قسم کے کاموں کے لئے مفید ثابت ہوگی۔
ضروری کاموں کی فہرست
 بعض دفعہ ہم کوئی ضروری کام کرنا بھول جاتے ہیں اور پھر پچھتاتے ہیں کہ اتنا ضروری کام کیسے بھول گئے؟ اس تناؤ سے بچنے کے لئے فہرست بنانا شروع کر دیں۔ ہر صبح ان کاموں کی فہرست بنائیں جو آپ کو اس دن انجام دینا ہے۔ اسے دو حصوں میں تقسیم کریں۔ پہلے حصے میں گھر کے کاموں کی فہرست ہونی چاہئے اور دوسرے حصے میں ان کاموں کی فہرست بنائیں جو آپ کو دفتر میں انجام دینے ہیں یا دفتر سے گھر واپس آتے ہوئے راستے میں نمٹنانے ہیں۔ پہلی لسٹ کچن یا بیڈ روم میں اور دوسری لسٹ آفس بیگ میں رکھیں۔ جو کام ہو جائے اس پر نشان لگاتی جائیں۔
گھر کو منظم کریں
 سب سے پہلے اپنے سونے کے کمرے کو منظم کریں۔ اسے صاف ستھرا اور سجا کر رکھیں۔ یہاں موجود ہر ایک چیز کو طے شدہ جگہ پر رکھیں اس کے بعد ہی باہر جائیں اور پھر گھر کے دوسرے کام کریں۔ اپنے سونے کے کمرے میں زیادہ سامان رکھنے سے اجتناب برتیں۔ اس کے بعد اپنے ’ہوم آفس‘ اور ڈیسک ٹاپ کو منظم کریں۔ اپنی میز پر تمام کاغذات اور بل دیکھیں۔ ان چیزوں کو فولڈر میں یا فائلنگ کیبنٹ میں رکھیں۔ ان تمام کاغذات کو ہٹا دیں جن کی آپ کو ضرورت نہیں ہے۔ دفتری فائلوں کو دراز میں رکھیں۔ قلم، پنسل، اسٹیپلر اور ہائی لائٹر کو قلم ہولڈر میں رکھیں۔
منظم کچن
 باورچی خانہ آپ کے گھر کا سب سے اہم حصہ ہے۔ یہاں ہر سامان کو چیک کریں۔ غیر استعمال شدہ یا ایکسپائر آئٹم کو پھینک دیں۔ کچن کے ٹوٹے ہوئے سامان یا پرانے برتن نکال دیں۔ غیر ضروری سامان کو ہٹا دیں۔ ضروری سامان کو صاف کریں اور پھر ترتیب سے رکھیں۔ ایک قسم کی اشیاء کو ایک جگہ پر رکھیں تاکہ اسے تلاش کرنا آسان ہو۔ اگر آپ چاہیں تو ان ڈبوں پر کاغذ چسپاں کر دیں جس میں اندر رکھی چیز کا نام لکھا ہوا ہو۔ اس سے اگر گھر کا دوسرا فرد کچن میں کوئی کام کرنے آتا ہے تو اس کیلئے چیزیں ڈھونڈنے میں آسانی ہوگی۔
الماری کو ترتیب دیں
 سب سے پہلے جن کپڑوں کو بہت عرصے سے نہیں پہنا ہے انہیں ہٹا دیں۔ قیمتی لباس کو ایک جگہ رکھیں اور روزانہ پہنے جانے والے لباس دوسری جانب تاکہ کپڑے آسانی سے نکالا جاسکے۔ چھوٹی چھوٹی کوششوں سے آپ اپنی زندگی کو منظم بناسکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK