Inquilab Logo

بھیونڈی کے ہونہار نوجوان ارفع اعجاز مومن  اپنے شہر سے پہلے آن ڈیوٹی پائلٹ بنے

Updated: September 21, 2022, 11:59 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

صنعتی شہر کے ہونہار نوجوان ارفع اعجاز مومن نے شہر کے پہلے آن ڈیوٹی پائلٹ بننے کااعزاز اپنے نام کیا ہے۔

Becoming a pilot is Arfa Momin`s childhood dream, which has turned into reality .Picture:INN
پائلٹ بننا ارفع مومن کا بچپن کا خواب ہے، جو حقیقت میں بدل گیا ہے ۔ تصویر:آئی این این

صنعتی شہر کے ہونہار نوجوان ارفع اعجاز مومن نے شہر کے پہلے آن ڈیوٹی پائلٹ بننے کااعزاز اپنے نام کیا ہے۔ارفع مومن نے اپنی کڑی محنت ،لگن سے ثابت کردیا کہ اگر کچھ کرنے کا جذبہ وحوصلہ ہے تو ہر منزل تک پہنچا جاسکتا ہے۔ ارفع اعجاز مومن کو بچپن سے ہی ہوائی جہاز میں سفر کرنے کا بہت شوق رہا ہے۔ہوائی جہاز کے پائلٹ کی کشش اسے ہمیشہ اپنی طرف متوجہ کرتی تھی۔پائلٹ بننے کے خواب کو اس نے بہت چھوٹے پن سے ہی اپنی آنکھوں میں بسا لیا تھا ۔ ارفع کی میٹرک تک کی تعلیم ہالی میری کونونینٹ ہائی اسکول سے ہوئی۔ اس کے بعد  اس نے انٹر کوکن مسلم ایجوکیشن سوسائٹی(کے ایم ای ایس)سے کیا۔پائلٹ بننے کے اپنے خواب کی تکمیل کیلئے اس نے انٹر کے بعد بامبے فلائنگ کلب میں بی ایس سی ایوی ایشن کورس میں ایڈمیشن  لیا۔  جہاں ۳؍ سالہ بی ایس سی ایوی ایشن کرنے کے ساتھ ساتھ’دھولیہ ایئرپورٹ مہاراشٹر‘ میں ’سنگل انجن ایئر کرافٹ سیسنا سی ۱۷۲‘پر ۱۸۵؍گھنٹوں کی فلائنگ ٹریننگ مکمل کی۔اس کے بعد مدھیہ پردیش فلائنگ کلب اندور اور بھوپال سے’ملٹی انجن ایئر کرافت پرتینوایا پی ۶۸‘ پر ۱۵؍ گھنٹوں کی ٹریننگ لی۔اس طرح۲۰۰؍ گھنٹے مکمل کرنے کے بعد ۲۰۱۹ء میں اس نے کمرشیل پائلٹ لائسنس حاصل کرلیا۔  لیکن ارفع کے لئے منزل اب بھی دور تھی، ابھی بہت کچھ کرنا باقی تھا۔ کسی بھی من چاہے جہاز کو اڑانے کیلئے اسکی’ٹائپ ریٹنگ‘کرنی پڑتی ہے۔ارفع مومن نے ’ٹائپ ریٹنگ‘  کیلئے شارجہ (دبئی)کوچ کیا۔وہاں انہوں نے ایئرکرافٹ ایئر بس اے ۳۲۰؍   کے ذریعہ اپنی مذکورہ ٹریننگ مکمل کی۔ کڑی محنت طویل ترین انتظار دن کو دن اور رات کو رات نہ سمجھتے ہوئے اپنے نصب العین کو اپنا جنون بنا کر اسے پانے کی لگن نے بالآخر آسکے خوابوں کو تعبیر بخشی ۔اور اب وہ ایک معروف ائیرلائن میں’ایئر بس اے ۳۲۰‘ کے پائلٹ بن گئے ہیں اور اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی و مستعدی کے ساتھ نبھارہے ہیں۔  یقیناً ارفع اپنی اس حصولیابی کے ذریعہ شہر کے طلبہ کے لئے مشعل راہ بنے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK