عام طور پر ہمارے گھروں میں بچ جانے والے کھانوں کو اگلے دن کیلئے فریج میں رکھ دیا جاتا ہے۔ اس بات پر توجہ نہیں دی جاتی کہ فریج میں کھانا رکھتے اور نکالتے وقت کن باتوں کا خیال رکھنا چاہئے۔
فریج میں گرم کھانا نہیں رکھنا چاہئے، یہ کھانا مضر صحت ثابت ہوسکتا ہے-تصویر:آئی این این
عام طور پر ہمارے گھروں میں بچ جانے والے کھانوں کو اگلے دن کیلئے فریج میں رکھ دیا جاتا ہے۔ اس بات پر توجہ نہیں دی جاتی کہ فریج میں کھانا رکھتے اور نکالتے وقت کن باتوں کا خیال رکھنا چاہئے۔ غلط طریقے سے کھانا محفوظ کرنا اور دوبارہ گرم کرنا انسان کی صحت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ فریج میں کھانا رکھتے اور اگلے دن استعمال کرنے کے لئے نکالتے وقت اِن باتوں پر دھیان دیں:
کھانے کو دو گھنٹے کے اندر فریج میں رکھیں
ماہرین کے مطابق، گھر کا پکا ہوا کھانا دو گھنٹے کے اندر اندر فریج میں منتقل کر دینا ضروری ہے۔ زیادہ دیر تک کمرے کے درجۂ حرارت پر چھوڑنے سے بیکٹیریا کی افزائش ہوسکتی ہے، جو کھانے کو خراب کرسکتے ہیں اور اسے غیر محفوظ بنا سکتے ہیں۔
کھانا دو سے تین میں استعمال کرلیں
عام طور پر اس بات کو نظر انداز کیا جاتا ہے کہ کھانا کتنی دیر تک فریج میں محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق، گھر میں پکا ہوا بچا ہوا کھانا عام طور پر دو سے تین دن کے اندر استعمال کر لینا چاہئے تاکہ بیکٹیریا کی افزائش کو روکا جاسکے۔ مثلاً، پکے ہوئے چاول، دال، سبزیاں یا گوشت تین دن کے اندر کھا لینا ضروری ہے۔ دودھ یا کریم پر مبنی کھانے کی شیلف لائف اس سے بھی کم ہوتی ہے، اور انہیں ۲۴؍ سے ۴۸؍ گھنٹوں کے اندر استعمال کر لینا چاہئے۔
گرم کھانے کو فوراً فریج میں نہ رکھیں
گرم کھانا فوراً فریج میں رکھنا مضر ثابت ہوسکتا ہے۔ درجۂ حرارت میں فرق کھانے کی خراب ہونے کی رفتار بڑھا دیتا ہے۔ کھانے کو کمرہ کے درجۂ حرارت پر ٹھنڈا ہونے دیں، پھر اسے فریج میں محفوظ کریں۔
ایئر ٹائٹ کنٹینرز کا استعمال کریں
کھانے کو کھلے کنٹینرز میں رکھنے سے بچیں، اس سے بیکٹیریا ایک دوسرے میں منتقل ہوسکتے ہیں۔ ایئر ٹائٹ کنٹینرز استعمال کریں تاکہ کھانا خراب ہونے سے بچ سکے اور اس کی تازگی برقرار رہے۔
کھانے کو بار بار دوبارہ نہ گرم کریں
کھانے کو بار بار دوبارہ گرم کرنے سے نہ صرف اس کی غذائیت کم ہو جاتی ہے بلکہ اس کے خراب ہونے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس سے بچنے کے لئے ایک ہی کھانے کو بار بار گرم نہ کریں۔