مقبوضہ مغربی کنارے میں الخلیل کے قریب اسرائیلی افواج نے گولی مار کر دو فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔
الخلیل میں اسرائیلی فوج کے اہلکارمامور ہیں۔ تصویر: اےپی/ پی ٹی آئی
مقبوضہ مغربی کنارے میں الخلیل کے قریب اسرائیلی افواج نے گولی مار کر دو فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائی ایک فائرنگ کے حملے کے بعد کی گئی جس میں کم از کم۵؍ افراد زخمی ہوئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے بتایا کہ اس نے جمعہ کو جنوبی مغربی کنارے میں الخلیل کے قریب دو مشتبہ حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا ہے اور علاقے کا محاصرہ کر کے تلاشی کا عمل جاری رکھا ہے۔ فوج نے خبر لکھے جانے تک اپنے اس دعوے کے حق میں عوامی سطح پر کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا ہے اورشہید ہونے والے دونوں افراد کی شناخت کی تصدیق بھی نہیں ہو سکی ہے۔
اسرائیل کی امدادی سروس ’میگن ڈیوڈ ایڈم‘ کے مطابق فائرنگ سے ۵؍ افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ۲؍ کی حالت تشویشناک ہے۔ بچاؤ ٹیموں کی جانب سے شیئر کئے گئے ویڈیو فوٹیج میں ایک پیٹرول پمپ کے پاس زمین پر عام لباس میں ملبوس ایک لاش کو دیکھا جا سکتا ہے جبکہ اسرائیلی افواج علاقے میں گشت کر رہی ہیں۔