Inquilab Logo Happiest Places to Work

پڑوسیوں کےساتھ رویہ

Updated: December 13, 2019, 4:33 PM IST | Maryam Shaikh

اچھا پڑوس ایک نعمت سے کم نہیں ہوتا۔ اگر اچھے ہمسائے مل جائیں تو بہت سے مسائل پیدا ہونے سے پہلے ہی حل ہوجاتے ہیں۔  سبھی کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں اچھے ہمسائے ملیں۔ یہ خواہش بآسانی پوری ہوسکتی ہے اگر آپ خود اپنے ہمسایوں کے لئے اچھا بن جائیں۔ اگر آپ اپنے پڑوسیوں کے ساتھ مثبت اور خوشگوار رویہ اپنائیں گے تو توقع رکھئے کہ آپ کو ان کی طرف سے ویسا ہی ردعمل ملے گا۔ پڑوسن سے جب بھی سامنا ہو تو سلام دعا کرنے میں پہل کی کوشش کریں۔ اچھے تعلقات استوار ہونے اور بے تکلفی کی فضا قائم ہوجانے کے بعد بھی اس بات کا خیال رکھیں کہ ہمسائی سے اس کے انتہائی ذاتی معاملات پر گفتگو نہ کریں۔

اپنی پڑوسن کی کامیابی اور خوشحالی کو دیکھ کر خوش ہونا سیکھیں۔ تصویر ہارورڈ میگزین
اپنی پڑوسن کی کامیابی اور خوشحالی کو دیکھ کر خوش ہونا سیکھیں۔ تصویر ہارورڈ میگزین

اچھا پڑوس ایک نعمت سے کم نہیں ہوتا۔ اگر اچھے ہمسائے مل جائیں تو بہت سے مسائل پیدا ہونے سے پہلے ہی حل ہوجاتے ہیں۔
 سبھی کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں اچھے ہمسائے ملیں۔ یہ خواہش بآسانی پوری ہوسکتی ہے اگر آپ خود اپنے ہمسایوں کے لئے اچھا بن جائیں۔ اگر آپ اپنے پڑوسیوں کے ساتھ مثبت اور خوشگوار رویہ اپنائیں گے تو توقع رکھئے کہ آپ کو ان کی طرف سے ویسا ہی ردعمل ملے گا۔ پڑوسن سے جب بھی سامنا ہو تو سلام دعا کرنے میں پہل کی کوشش کریں۔ اچھے تعلقات استوار ہونے اور بے تکلفی کی فضا قائم ہوجانے کے بعد بھی اس بات کا خیال رکھیں کہ ہمسائی سے اس کے انتہائی ذاتی معاملات پر گفتگو نہ کریں۔ یہ بات اسے ناگوار بھی گزرسکتی ہے۔
 پڑوسیوں سے ہمیشہ صرف عمومی دلچسپی کے معاملات پر بات کیجئے۔ مثلاً روزمرہ کی مصروفیات، بازاروں میں لگنے والی کلیئرنس سیل، فیشن کی تازہ صورتحال، ملکی اور شہر کی صورت حال، ٹی وی پروگرام وغیرہ اور اس قسم کی دیگر باتیں۔ البتہ مذہب، سیاست اور اختلافی یا نجی معاملات پر گفتگو سے پرہیز کریں، کیونکہ ان معاملات میں ہر انسان اپنی رائے رکھتا ہے۔
 اچھی پڑوسن کی حیثیت سے ہمسائیوں کا دکھ سکھ بانٹنے کی کوشش کریں۔ اگر کوئی اپنی داستان غم سنائے تو غور سے اس کی بات سنیں۔ لاتعلقی اور سرد مہری کا رویہ اختیار نہ کریں۔ بعض عورتیں بے حد باتونی ہوتی ہیں اور دوسروں کی بات سننے میں دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کرتیں۔آپ ایک اچھی سامع بن کر ان کے دل جیت سکتی ہیں۔ خیال رہے کہ جب آپ خود گفتگو کریں تو اختصار سے کام لیں۔ اپنی گفتگو دلچسپ بنانے کیلئے حس مزاح اور شگفتہ بیانی سے کام لیں۔ یہ اندازہ گفتگو یقیناً آپ کی پڑوسن کو متاثر کرے گا۔
 اچھی پڑوسن میں یہ خوبی بھی ہوتی ہے کہ وہ ہر طرح کی غیبت سے بچتی ہے۔ آپ اپنی پڑوسن کے ساتھ کسی کی غیبت میں ہرگز شریک نہ ہوں۔ غیبت کا مقصد کسی فرد کی اس کے پیٹھ پیچھے برائی کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں ہوتا۔ عام طور پر جہاں خواتین اکٹھی ہوتی ہیں وہاں غیبت ضرور ہوتی ہے۔ اچھی ہمسائی ہونے کی حیثیت سے آپ کو نہ صرف خود اس قبیح فعل سے بچنا چاہئے بلکہ اپنی پڑوسیوں کو بھی اس سے دور رکھنے کی کوشش کرنی چاہئے مگر غیرمحسوس انداز سے تاکہ انہیں بُرا نہ لگے۔
 آپ جو صفات ایک اچھی پڑوسن میں دیکھنا چاہتی ہیں وہ سب اپنے اندر پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ اپنی پڑوسن کی کامیابی اور خوشحالی کو دیکھ کر خوش ہونا سیکھیں۔ اسی طرح اسکول، کالج یا عملی زندگی میں اس کے بچوں کی کامیابی پر کھلے دل سے اسے مبارکباد دیں۔ حسد بالکل نہ کریں۔ اس سے عاقبت اور صحت، دونوں کے خراب ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔
 اچھے ہمسائے ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں۔ دکھ درد میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں۔ ان کے کسی عمل سے ایک دوسرے کو تکلیف نہیں پہنچتی۔ وقت پڑنے پر ایک دوسرے کے کام آتے ہیں۔ ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔ اچھی پڑوسن کی حیثیت سے آپ کو بھی ان باتوں پر عمل کرنا چاہئے۔ اپنے پڑوسیوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ دیں، ہنگامی صورتحال درپیش ہوجائے جیسے کوئی بیمار ہے، کسی کو فوری طور پر اسپتال لے جانا ہے یا کوئی اور مسئلہ ہے تو اپنی استطاعت کے مطابق مدد ضرور کریں۔ یہ مدد مالی بھی ہوسکتی ہے اور اخلاقی بھی۔ اگر پڑوسیوں کے ساتھ آپ کے تعلقات اچھے اور دوستانہ ہیں تو عین ممکن ہے کہ وہ خود آپ سے مدد اور تعاون کی درخواست کرے۔ ایسی صورت میں آپ ان کی پوری طرح مدد کریں۔ اگر پڑوسی کسی معاملے میں مشورہ یا راہ نمائی طلب کرے تو پوری ایمانداری اور خلوص کے ساتھ مشورہ دیں اور راہ نمائی کریں۔ ہمیشہ مثبت سوچ رکھیں، اپنے لئے بھی اور دوسروں کے لئے بھی۔
 پڑوسیوں کے ساتھ نہ تو اکڑ میں رہیں نہ ہی ڈینگیں ماریں۔ اگر آپ پڑوسیوں کو چھوٹا ثابت کرنے کی کوشش کریں گی تو وہ آپ کو کبھی پسند نہیں کریں گے۔
 پڑوسی آپ کو اپنے گھر مدعو کریں اور آپ مصروف نہ ہوں تو وہاں ضرور جائیں۔ اگر کسی وجہ سے نہ جاسکیں تو ان سے معذرت کرلیں۔ آپ ایسا کریں گی تو وہ بھی آپ کی دعوت بخوشی قبول کریں گے۔ ایک ضروری بات یہ کہ جب بھی پڑوسی کے یہاں جائیں تو لگاتار گھنٹی نہ بجائیں اور نہ ہی زور زور سے دروازہ ٹھونکیں۔ ایسا کرنے سے پڑوسی کی نظر میں آپ کی شبیہ خراب ہوگی۔
 پڑوسیوں کے بچے بلڈنگ میں شور مچا رہے ہو تو ان پر چیخنے چلّانے سے گریز کریں کیونکہ ایسا کرنے سے بچوں کے والدین سے لڑائی جھگڑے کی نوبت آسکتی ہے لہٰذا بچوں کو پیار سے سمجھائیں۔
 اپنے پڑوسیوں کے ساتھ ہمیشہ اخلاق سے پیش آئیں۔ گھر میں کوئی اچھی چیز پکے یا بازار سے لے کر آئیں تو قریب ترین پڑوسی کو بھی ضرور پیش کریں۔ اس سے آپس میں محبت بڑھتی ہے۔ اچھی پڑوسن بننا کوئی مشکل نہیں، بس آپ اپنے اندر وہ ساری صفات پیدا کرلیں جو اپنی ہمسائی میں دیکھنا چاہتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK