• Thu, 02 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چیا سیڈز: جلد کے مسائل میں فائدہ مند

Updated: October 02, 2025, 1:38 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

چیا سیڈز کا نام سنتے ہی ہمارے ذہن میں ان بیجوں سے تیار اسموتھی، پڈنگ اور اوٹ میل آتے ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتی ہیں کہ چیا سیڈز ہماری جلد کے لئے انتہائی فائدہ مند ہیں۔

Chia seeds keep the skin hydrated and improve complexion. Photo: INN
چیا سیڈز کے بیج جلد کو ہائیڈریٹ رکھتے ہیں اور رنگت نکھارتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

چیا سیڈز کا نام سنتے ہی ہمارے ذہن میں ان بیجوں سے تیار اسموتھی، پڈنگ اور اوٹ میل آتے ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتی ہیں کہ چیا سیڈز ہماری جلد کے لئے انتہائی فائدہ مند ہیں۔ جی ہاں! ان بیجوں میں غذائیت کے خزانے چھپے ہیں جن کی مدد سے جلد کے کئی مسائل سے نجات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ سب سے پہلے چیا سیڈز کے فائدے کے بارے میں جانئے:
 سورج کی تمازت، ہارمونز کے عدم توازن اور بڑھتی عمر کی وجہ سے کیل مہاسے کے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے نظر آتے ہیں۔ خواتین ان مسائل کے سبب بہت پریشان ہوجاتی ہیں۔ بعض دفعہ ان سے نجات حاصل کرنے کے لئے مہنگے ٹریٹمنٹ کرواتی ہیں۔ حالانکہ چیا سیڈز ان مسائل سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ ان بیجوں میں اینٹی آکسیڈنٹس، اومیگا تھری فیٹی ایسڈز اور وٹامنز ہوتے ہیں جو جلد کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کرتے ہیں۔
سیاہ حلقے کے لئے
 چیا سیڈز غذائیت کا خزانہ ہیں۔ ان میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جلد کے خلیات کی ٹوٹ پھوٹ کو بچاتے ہیں جبکہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سوزش کم کرتے ہیں اور کیل مہاسے کے نشانات کو ختم کرتے ہیں۔ ان میں موجود وٹامن ای اور منرلز جلد کی نگہداشت کرتے ہیں جن سے سیاہ حلقے کم ہوتے ہیں۔ اس کے لئے چیا سیڈز کو پانی میں بھیگنے دیں، یہ جیل جیسا ہوجائے گا۔ اسے آنکھوں کے نیچے اچھی طرح لگائیں۔ اس سے آنکھوں کے گرد حلقوں میں کمی آتی ہے۔ اس کے علاوہ جلد کی قدرتی طور پر مرمت ہوتی ہے۔
چیا سیڈز فیس ماسک
 ان بیجوں کے ۲؍ چمچے آدھے کپ پانی میں بھگوئیں۔ ۲۰؍ منٹ بعد یہ جیل کی طرح ہوجائے گا۔ اس میں ایک بڑا چمچہ شہد اور لیموں کے چند قطرے شامل کریں۔ انہیں اچھی ملا کر چہرے پر، خاص طور پر جہاں داغ دھبے ہوں وہاں لگائیں۔ ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ کے بعد اسے نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ یہ ماسک جلد کو نمی فراہم کرتا ہے اور کیل مہاسے سے نجات دلاتا ہے۔
چیا سیڈز آئل بھی کارآمد
 آپ اپنی جلد کی نگہداشت کے لئے چیا سیڈز آئل کا بھی استعمال کرسکتی ہیں جو بیوٹی اسٹورز میں بآسانی دستیاب ہے۔ رات کو سونے سے قبل اس تیل کے چند قطرے لیں اور چہرے پر لگا کر ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں۔ یہ تیل جلد کو صحتمند بنانے میں مدد کرتا ہے۔
چیا سیڈز آئس کیوبز
 بھیگے ہوئے بیجوں کو ککڑی کے ساتھ پیس لیں۔ پھر انہیں آئس ٹرے میں ڈال کر فریزر میں جمنے کے لئے رکھ دیں۔ صبح پہلے اپنا چہرے اچھی طرح دھوئیں پھر ایک آئس کیوب لیں اور اسے چہرے پر نرمی سے مساج کریں۔ اس سے مسام بند ہوتے ہیں، جلد ملائم ہوتی ہے اور کیل مہاسے کے نشانات ہلکے ہوتے ہیں۔
چیا سیڈز اور ہلدی کا فیس پیک
 بھیگے ہوئے بیجوں سے جیل تیار کریں، پھر اس میں ایک چھوٹا چمچہ ہلدی اور ایک بڑا چمچہ عرقِ گلاب شامل کرکے پیک تیار کریں۔ اسے ہفتے میں ایک سے ۲؍ بار لگائیں۔ اس سے جلد کی رنگت نکھرتی ہے۔
چیا سیڈز کو اپنی خوراک میں بھی شامل کریں
 ان بیجوں کو اپنی خوراک کا حصہ بنانے سے نہ صرف آپ کو توانائی ملتی ہے بلکہ جلد کے اندرون مسائل بھی حل ہوتے ہیں۔ اس میں موجود اومیگا تھری فیٹی ایسڈز، اینٹی آکسیڈنٹس اور فائبر جسم سے نقصاندہ مادّے کا اخراج کرتے ہیں اور جلد کی حفاظتی پرت کو مضبوط بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ جلد کی ڈرائی نیس دور ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK