Inquilab Logo

دن بھر توانا رہنے کیلئے سحری میں یہ غذائیں کھائیں

Updated: March 28, 2023, 12:11 PM IST | ODhni desk | Mumbai

پورا دن چاق و چوبند رہنے کے لئے ضروری ہے کہ انرجی ڈرنکس سے مکمل پرہیز کریں، تلی ہوئی چیزوں کو کم سے کم کردیں یا ان اشیا کو بہت معمولی مقدار کے تیل میں تلیں۔ ماہرین کاربوہائیڈریٹس اور پروٹین کو بہترین آپشن قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان غذاؤں سے دن بھر کیلئے توانائی مل جاتی ہے

Eating too much often makes you feel heavy throughout the day, so eat in moderation at sehri
اکثر زیادہ کھانے کی وجہ سے دن بھر طبیعت بھاری رہتی ہے لہٰذا سحری میں اعتدال میں کھائیں

رمضان المبارک میں روزے کے دوران خود کو چاق و چوبند اور توانا رکھنے کیلئے سحری میں ’’سپر فوڈز‘‘ کھائے جائیں تو شام تک جسم میں توانائی برقرار رہتی ہے۔  رمضان المبارک میں پورے دن بھوک نہ لگے اور توانائی بھی برقرار رہے تو اس کیلئے ماہر غذائیت کے رہنما اصولوں پر عمل کریں۔ ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ روزہ دار اگر پورا دن توانا رہنا چاہتے ہیں تو انرجی ڈرنکس سے مکمل پرہیز کریں، تلی ہوئی چیزوں کو کم سے کم کردیں یا ان اشیاء کو بہت معمولی مقدار کے تیل میں پکائیں۔ ماہرین کاربوہائیڈریٹس اور پروٹین کو بہترین آپشن قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان غذاؤں سے دن بھر کیلئے توانائی مل جاتی ہے۔ کاربوہائیڈریٹس اور پروٹین سے شوگر بھی مستحکم رہتا ہے۔
 غذائیت کے ماہرین رمضان المبارک میں روزہ داروں کو جن اشیاء کو کھانے میں شامل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں ان کی تفصیل درج ذیل ہے:
اومیگا تھری سے بھرپور سالمن مچھلی 
 سالمن مچھلی میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ، میگنیشیم، پوٹاشیم، سیلینیم اور وٹامن ’بی-۱۲‘ بہت زیادہ مقدار میں ہوتا ہے جو دل اور الزائمر جیسی خطرناک بیماریوں سے جسم کو بچانے میں معاون ہوتے ہیں۔ نیوٹریشنسٹ ریما کلینر کا کہنا ہے کہ سالمن مچھلی کی سب سے خاص بات ’’وٹامن ڈی‘‘ کے چند قدرتی ذرائع میں سے ایک ہونا ہے جو انسانی جسم کو تھکاوٹ سے لڑنے میں مدد کرتا ہے۔
براؤن رائس میگنیز کا بہترین ذریعہ
 ماہر غذائیت فریڈا ہارگو کا کہنا ہے کہ بھورے چاول ایک شاندار غذا ہے۔ پورے دن توانائی کے حصول کے لئے میگنیز بہت اہم ہوتا ہے جو براؤن رائس میں وافر مقدار میں ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ  یہ جسم کو کاربوہائیڈریٹس اور پروٹین سے توانائی پیدا کرنے میں مدد دیتا ہے۔ جس سے پورا دن بھوکا رہنے کے باوجود جسم کو وافر توانائی ملتی رہتی ہے۔
ایواکاڈو میں صحتمند چکنائی
 ایواکاڈو فائبر اور صحتمند چکنائی سے بھرے پھل ہوتے ہیں جو سادہ کاربوہائیڈریٹس کے مقابلے میں قدرے آہستہ آہستہ ہضم ہوتے ہیں اس لئے جسم کو زیادہ دیر تک برقرار رہنے والی توانائی فراہم کرتے ہیں۔
آئرن سے بھرپور پالک
 آئرن توانائی اور چستی کیلئے سب سے اہم ہے جو پالک میں وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس سے تھکاوٹ میں کمی ہوتی ہے اور انسان پورا دن خود کو توانا محسوس کرتا ہے اور معمولات زندگی ادا کرسکتا ہے۔
پھلیاں اور خشک میوہ جات 
 پھلیاں اور خشک میوہ جات بھی توانائی کا خزانہ ہیں۔ ان میں فائبر زیادہ ہوتا ہے جو انسولین کی مزاحمت کو کم کرتا ہے اور جسم میں شوگر کے لیول کو کنٹرول کرتا ہے۔ خیال رہے کہ شوگر لیول کے اوپر نیچے ہونے سے کمزوری کا احساس ہوتا ہے۔
دالیں آئرن کا بہترین ذریعہ
 پالک کی طرح دالوں میں بھی آئرن بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے۔ آئرن سے جسم توانا اور تندرست رہتا ہے۔ اس سے کمزوری اور تھکاوٹ کی علامتیں ختم ہوجاتی ہیں۔
انڈے توانائی کا خزانہ
 زردی سمیت پورا انڈا اُبال کر کھانا توانائی فراہم کرنے والی غذاؤں میں سب سے بہترین آپشن ہیں۔ یہ توانائی کا خزانہ ہے اور خون میں شوگر لیول کو کنٹرول کرتا ہے۔
شکر قندی  وٹامن سی سے بھرپور
 شکر قندی کو دیرپا توانائی فراہم کرنے والی غذا قرار دیتے ہیں کیونکہ اس میں وٹامن اے اور سی کے علاوہ فائبر اور پیچیدہ کاربوہائیڈریٹ ہوتے ہیں جو قوت مدافعت کو بھی بڑھاتے ہیں۔
چنا پروٹین سے بھرپور
 آدھا کپ چنے کھانے سے جسم کو ۱۵؍ گرام پروٹین کے ساتھ ساتھ مونو سیچوریٹڈ فیٹس بھی ملتی ہیں جو دل کی صحت کے لئے اہم ہیں۔ چنے کو سلاد میں شامل کیا جا سکتا ہے اور بھوننے کے بعد ٹوسٹ کی جگہ لے سکتا ہے۔
پنیر اور دہی 
 ایک کپ کاٹیج پنیر میں ۲۵؍ گرام پروٹین جبکہ دہی کے ۶؍ اونس میں ۱۸؍ گرام پروٹین ہوتی ہے۔ سحر و افطار میں اس کے استعمال سے تسکین بخش اثرات انڈے کے تاثر سے ملتے جلتے ہیں۔ یہ جسم کے لئے بہت مفید اور کارآمد ہے۔
پھل 
 کوئی بھی موسمی پھل انسانی جسم کے لئے کافی مفید ہوتا ہے۔ اس سے قوت مدافعت بڑھتی ہے اور جسم تندرست و توانا رہتا ہے۔ سحر و افطار میں پھل کا استعمال دن بھر آپ کو بغیر تھکے متحرک رکھتا ہے۔
 سب سے اہم، کوئی بھی غذا کھائیں، اعتدال میں کھائیں۔ اکثر زیادہ کھانے کی وجہ سے طبیعت بھاری ہو جاتی ہے۔ رمضان کے مہینے میں سحر و افطار میں ضرورت سے زیادہ کھا لیا جاتا ہے جس سے دن بھر سستی طاری رہتی ہے۔ بہتر ہے صحت بخش غذا کھائیں اور اعتدال میں کھائیں۔

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK